بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 106. Quraish · Ayah 1
لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍۙ﴿1﴾
- لِاِيْلٰفِمانوس کرنے کے سبب
- قُرَيْشٍقریش
لغات القرآن۔
ایلاف۔ مائل ہوئے۔ رحلۃ۔ سفر کرنا۔ کوچ کرنا۔ الشتائ۔ سردی۔ جاڑا۔ الصیف۔ گرمی۔ اطعم۔ اس نے کھلایا۔ جوع۔ بھوک۔ امن۔ امن دیا۔
تشریح : جیسا کہ سورة قریش کے ابتدائی تعارف سے یہ معلوم ہوا کہ ” حجاز “ یا جزیرۃ العرب ایک ایسے خطے میں واقع تھا جہاں ضروریات زندگی میں سے کوئی چیز بھی پیدا نہیں ہوتی تھی بلکہ آس پاس کے ملکوں سے چیزیں لا کر ضروریات زندگی کو پورا کیا جاتا تھا۔ جزیرۃ العرب کے ایک طرف یمن اور دوسری طرف فلسطین اور آس پاس کے ملک تھے جو کسی وقت تجارت اور زراعت کی وجہ سے بہت ترقی یافتہ کہلاتے تھے۔ وہ کسی حد تک علم کی روشنی سے بھی آشنا تھے۔ یمن وہ علاقہ ہے جہاں صدیوں تک زبردست اور ترقی یافتہ قوموں نے حکمرانی کی تھی اور معاشی اعتبار سے بھی کسی حد تک خوش حال لوگ تھے۔ دوسری طرف فلسطین اور آس پاس ملک تھے جو صدیوں سے انبیاء کرام (علیہ السلام) کی آمد سے پور نور تھے۔ شام، اردن، لبنان اور یروشلم یہ سب کے سب فلسطین ہی میں تھے۔ بعد میں انگریزوں نے فلسطین کے ٹکڑے اڑا دئے اور اسرائیل کو اس علاقے میں جمانے کے لئے مختلف سلطنتیں بنا دیں جو آج تک اسی طرح چلی آرہی ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ یمن اور فلسطین یہ ملک تھے جہاں کی تجارت اور زراعت سے اہل حجاز پوری طرح اپنے جینے کا سامان مہیا کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اسی بات کو اس سورت میں ارشاد فرمایا ہے کہ آج جو قریش بڑے ذوق و شوق سے کبھی یمن اور کبھی فلسطین کیطرف بےخطر سفر کرتے ہیں اور ہر طرح کا سامان زندگی حاصل کرتے ہیں نہ ان کے لئے سردی کی شدت اور نہ گرمی کی حدت آڑے آتی ہے وہ ہر طرف دندناتے گھوم رہے ہیں کوئی ان کے قافولوں کو نہیں لوٹتا بلکہ ” قریش “ کا نا سن کر راستہ چھوڑ دیتے ہیں تو یہ ان کی اپنی صلاحیت اور ذاتی کمال کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ محض اللہ کا فضل و کرم اور اس کے گھر کی برکت ہے کہ جب ہر طرف فقر و فاقے نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں کہیں کسی کو نے میں کسی امن و سکون حاصل نہیں ہے وہاں قریش کو مکمل امن اور سکون حاصل تھا۔ مگر یہ سب کچھ اللہ کے گھر کی وجہ سے تھا۔ کیا وہی ایک ذات اس کی مستحق نہیں ہے کہ صرف اسی کی عبات کی جائے۔ اسی کے سامنے سر جھایا جائے۔ اسی سے مرادوں کی مانگا جائے۔ گویا اللہ نے یہ فرمایا ہے کہ اس سے بری ناشکری اور نا احسان شناسی اور کیا ہوگی کہ جس اللہ نے یہ تمام عزتیں عظمتیں عطا فرمائی ہیں اس کو چھوڑ کر غیر اللہ سے مانگا جائے۔ اپنے ہاتھ سے بنائے گئے لکڑی، پتھر اور مٹی کے بتوں سے پانی مرادیں مانگی جائیں اور بدترین رسموں کو اپنایا جائے جن کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ جب اللہ کے پیغمبر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اسی بھولے ہوئے سبق کو یاد دلا رہے تھے اور ہر شخص کو ایک اللہ کی عبادت و بندگی کی طرف لانے کی دن رات جدوجہد فرما رہے تھے تو قریش کا یہ پہلا حق تھا کہ وہ اللہ کے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی مکمل حمایت کرتے اور ان کے معاوبن بن جاتے لیکن اس کے برخلاف ” حرم محترم “ کی سرزمین میں جہاں کسی دشمن کو ستانا بھی بدترین گناہ سمجھا جاتا تھا اسی سر زمین کو نہ صرف اللہ کے نبی ﷺ اور ان کے ماننے والوں پر تنگ کرد یا تھا بلکہ اس بری طرح ستایا جاتا تھا کہ جس کے تصور سے روح بھی کانپ اٹھتی ہے۔ کیا اللہ کے احسانات کا یہی بدلہ ہے ؟