IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 108. Al-Kawthar · Ayah 1

  1. اِنَّاۤ اَعْطَیْنٰكَ الْكَوْثَرَؕ﴿1﴾

    1. اِنَّآ اَعْطَيْنٰكَ الْكَوْثَرَبیشک ہم نے آپ کو عطا کیا۔ کوثر
Translation · Baseerat-e-Quran
بیشک ہم نے آپ ﷺ کو کوثر (خیر کثیر) عطا کیا
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن۔

اعطینا ۔ ہم نے عطا یا۔ الکوثر۔ خیر کثیر۔ حوض کوثر۔ صل۔ نماز پڑھ۔ انحر۔ قربانی کر۔ شان۔ دشمن۔ الابتر۔ دم کٹا۔ نامراد۔

تشریح : قریشی سردار اور مشرکین مکہ نبی کریم ﷺ کی دشمنی میں اس قدر بےرحم، بد لحاظ اور پتھر دل ہوچکے تھے کہ جب نبی کریم ﷺ کے صاجزادے حضرت قاسم اور ان کے بعد دوسرے بیٹے حضرت عبد اللہ کا انتقال ہوا تو آپ کو اس غم کے موقع پر تسلی اور دلاسہ دینے کے بجائے انہوں نے اس پر کھلم کھلا خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اب ان کے ہاں صرف چار بیتیاں رہ گئی ہیں لیکن وہ اولاد نرینہ جن سے کسی شخص کی نسل چلا کرتی ہے اب باقی نہیں ہے لہٰذا کسی غم اور فکر کی ضرورت نہیں ہے۔ ایک ایسا شخص جو سب سے کٹ جائے۔ اولاد نرینہ باقی نہ رہے تو اس کو ” ابتر “ کہا کرتے تھے یعنی جو بہت جلد بےنام و نشان ہوجاے گا اور کوئی اس کا نام لیوا تک نہ رہے گا۔ نبی کریم ﷺ اولاد کے غم سے نڈھال تھے۔ دوسری طرف قریشی سردار جو زیادہ تر آپ کے عزیز ہی تھے تسلی دینے کے بجائے طنز، مذاق اور دل توڑنے والی باتیں کر رہے تھے۔ ان دل شکن حالات میں آپ بہت رنجیدہ اور فکر مند تھے کہ اللہ نے آپ کو تسلی دینے کے لیئے سورة کوثر نازل فرمائی۔ حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ ہمارے درمیان موجود تھے۔ اتنے میں آپ پر ایک اونگھ جیسی کیفیت طاری ہوئی۔ حضرت انس ؓ بیان کرتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ ہمارے درمیان موجود تھے۔ اتنے میں آپ پر ایک اونگھ جیسی کیفیت طاری ہوئی۔ کچھ دیر کے بعد آپ ﷺ نے مسکراتے ہوئے اپنے سر مبارک کو اٹھایا تو کچھ صحابہ کرام ؓ نے مسکرانے کا سبب پوچھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ نے میرے اوپر ایک سورت نازل فرمائی ہے اور پھر بسم اللہ الرحمن الرحیم کرکے آپ نے سورة کوثر تلاوت فرمائی۔ آپ نے فرمایا کہ تم جانتے ہو کہ ” کوثر “ کیا ہے۔ صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ وہ ایک نہر ہے جو میرے رب نے مجھے عطا فرمائی ہے۔ (مسلم ۔ مسند احمد، بیقہی) احادیث میں کوثر، حوض کوثر، نہر کوثر کا کافی تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ شب معراج آپ کو نہر کوثر کی سیر کرائی گئی۔ اس موقع پر آپ نے دیکھا کہ اس نہر کے اندر تراشے ہوئے موتی اور ہیروں کے قبے بنے ہوئے ہیں۔ اس کی تہہ متی مشک اذفر جیسی تھی۔ نبی کریم ﷺ نے جب اتنی خوبصورت نہر کو دیکھا تو حضرت جبرئیل سے پوچھا یہ کیا ہے ؟ حضرت جبرئیل نے بتایا کہ یہ وہ نہر ہے جو اللہ نے آپ کو عطا فرمائی ہے۔ (مسنداحمد۔ بخاری۔ مسلم ۔ ابودائود۔ ترمذی۔ ابن جریر) ۔

اسی طرح کی ایک روایت حضرت عبد اللہ ابن عمر ؓ سے بھی کی گئی ہے جس میں آپ نے فرمایا کہ کوثر جنت کی ایک نہر ہے جس کے کنارے سونے کے ہیں اور وہ موتیوں اور ہیروں پر بہہ رہی ہے۔ اس کی مٹی مشک سے زیادہ خوشبودار ، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، برف سے زیادہ ٹھنڈا اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے۔ (مسند احمد۔ ترمذی) ۔

ایک اور روایت میں آتا ہے کہ اس نہر کا پانی دودھ اور چاندی سے زیادہ سفید، برف سے زیادہ ٹھنڈا، شہد سے زیادہ میٹھا ہوگا۔ اس کی تہہ کی مٹی مشک سے زیادہ خوشبودار، اس پر آسمان کے تاروں جتنے کو زے (برتن) رکھے ہوئے ہوں گے جو اس کے پانی کو پئے گا اس کو پھر کبھی پیاس نہ لگے گی اور جو اس سے محروم رہا وہ کبھی سیراب نہ ہوگا۔

نہر کوثر اور حوض کوثر کو جو تفصیلات ارشاد فرمائی گئی ہیں اس کے مطابق میدان حشر میں جہاں ہر طرف سخت گرمی اور شدید پیاس ہوگی اور لوگ پیاس سے تڑپ رہے ہوں گے کہ میدان حشر میں ایک حوض یعنی تالاب قائم کی جائے گی جو اس قدر وسیع اور پھیلی ہوئی ہوگی جیسے ایلہ سے صنعا تک (بخاری۔ ترمذی) ۔

اس حوض کوثر میں جنت کی نہر کوثر سے دو نالیاں نکالی جائیں گی جن کے ذریعہ نہر کوثر کا پانی حوض کوثر میں جمع ہوگا۔ اس حوض کوثر پر سب سے پہلے نبی کریم ﷺ پہنچیں گے اور اپنی امت کے پیاسوں کو حوض کوثر سے پانی پلائیں گے یقینا ان سے زیادہ کوئی خوش نصیب نہ ہوگا کیونکہ حوض کوثر کا پانی پینے کے بعد جنت میں داخل ہونے تک پیاس نہ لگے گی۔ لیکن اس موقع پر کچھ وہ بدنصیب لوگ بھی ہوں گے جنہیں حوض کوثر پر آنے سے روک دیاجائے گا۔ اس کی تفصیل یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ اس حوض کوثر سے وہ لوگ ہٹا دئیے جائیں گے جو آپ ﷺ کے بعد اسلام کی تعلیمات سے پھرگئے تھے یا انہوں نے منافقت اختیار کر رکھی تھی۔ خلاصیہ یہ ہے کہ اللہ نے ان لوگوں سے جو کہتے تھے کہ آپ ابتر ( بےنام و نشان) ہوگئے ہیں ان سے فرمایا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی شان تو یہ ہے کہ آپ کا فیض اس دنیا تک ہی نہیں بلکہ قیامت کے دن اس میدان میں بھی جاری رہے گا جب لوگ پیاس سے تڑپ رہے ہوں گے۔ فرمایا ……: اے نبی ﷺ بیشک ہم نے آپ کو ” کوثر “ عطا فرمایا ہے۔

کوثر کے معنی ہیں ہر طرخ کی خیر، بھلائی، ہر ایک نعمت جو بہت کثرت سے ہو۔ یعنی اے نبی ﷺ آپکو اللہ نے قرآن کریم اور علم و حکت کی دولت سے مالا مال فرمایا ہے۔ ہر جگہ آپ کا نام بلند کیا ہے۔ جہاں اللہ کا نام لیا جائے گا وہیں آپ کا نام بھی لیا جائے گا۔ آپ کی روحانی اولاد اس کثرت سے ہوگی کہ وہ دن رات آپ پر درودوسلام بھیج رہی ہوگی۔ آپ کے ہاتھوں ایک ایسی مقدس اور پاکیزہ جماعت تیاری ہوگی جو دین اسلام کی دعوت کو ساری دنیا تک پہنچائے گی اور یہ سلسلہ قیامت تک قائم رہے گا۔ یہ ہے وہ کوثر خیر کثیر جس کا فیض صرف اس دنیا تک نہیں بلکہ قیامت تک چلتا رہے گا۔ لہٰذا بےنام و نشان تو وہ لوگ ہوجائیں گے جو اللہ کے اور ناشکرے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ آج دنیا کے گوشے گوشے میں نبی کریم ﷺ کا نام بلند ہو رہا ہے اور قیامت تک رہے گا۔ …… پھر آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھئے اور نحر (قربانی) کیجئے۔

علماء نے اس سے پانچ وقت کی نمازیں مراد لی ہیں یعنی اے نبی ﷺ آپ پانچوں نمازوں کو ادا کیجئے۔ ہوسکتا ہے اس سے بقر عید کی نماز مراد ہو جس کے بعد قربانی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ چونکہ بدنی عبادات میں سب سے افضل نماز ہی ہے اور پھر مالی عبادات میں ” نحر “ کرنا ہے یعنی قربانی پیش کرنا ہے۔ یعنی اے نبی ﷺ اللہ نے جو آپ پر بےانتہا کرم کئے ہیں آپ کو ” خیر کثیر “ عطا فرمایا ہے اس نعمت کا شکر نماز اور قربانی کے ذریعہ پیش کیجئے۔ یہ وہ سنت ہے جس پر ساری امت عمل کرتی ہے اور انشاء اللہ قیامت تک کرتی رہے گی۔ ……: اے نبی ﷺ ! بیشک آپ کا دشمن ہی بےنام و نشان ہوجائے گا۔ ابتر عربی میں کاٹنے، نامراد ہونے، ذرائع رسل و رسال سے محروم ہونے اور اولاد نرینہ سے محروم ہونے کو کہا جاتا ہے۔ فرمایا کہ اے نبی ﷺ وہ لوگ جو آپ سے دشمنی کر رہے ہیں وہی اس طرح بےنام و نشان ہوجائیں گے کہ کوئی ان کا نام لیوا تک نہ رہے گا۔ حقیقت یہ ہے کہ آج وہ تمام دشمنان رسول دنیا سے اس طرح بےنام و نشان ہوچکے ہیں کہ خود ان کی اولادیں بھی ان کی طرف نسبت کرنے کو اپنی توہین سمجھتی ہیں۔ آج اگر قرآن و حدیث میں ان کے نام و شنان کا ذکر نہ کیا جاتا تو لوگ ان کے ناموں سے بھی واقف نہ ہوتے۔ اس کے برخلاف نبی کریم ﷺ اور آپ ﷺ کے صحابہ کرام ؓ کی طرف نسبت کرنے میں ہر شخص ایک خاص فخر محسوس کرتا ہے۔ تو فرمایا کہ اے نبی ﷺ آپ کا نام تو ہمیشہ بلند رہے گا آپ کی روحانی اولاد قیامت تک آپ کے نام کرو شنی کرتی رہے گی لیکن آپ کی مخالفت کرنے والے بےنام و نشان ہو کر رہ جائیں گے۔