IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 112. Al-Ikhlaas · Ayah 1

  1. قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌۚ﴿1﴾

    1. قُلْکہدیجئے
    2. هُوَوہ
    3. اللّٰهُاللہ
    4. اَحَدٌایک
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ آپ کہئے کہ اللہ ایک ہے
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 1 تا 4

احد : ایک ، الصمد : بےنیاز۔ کسی کا محتاج نہیں ، لم یلد : اس نے کسی کو نہیں جنا ، لم یولد : نہ کسی نے اس کو جنا، کفوا : برابر ، احد : کوئی ایک

تشریح : آیت نمبر 1 تا 4

سورة زخرف ، سورة عنکبوت، مومنون ، سورة یونس ، سورة بنی اسرائیل اور قرآن کریم میں متعدد مقامات پر اللہ تعالیٰ نے مشرکین اور کفار سے یہ سوال کیا ہے کہ بتائو زمین وآسمان کا مالک کون ہے ؟ چاند اور سورج کس کے حکم سے چل رہے ہیں ؟ وہ کون ہے جو بلندیوں سے پانی برسا کر مردہ زمین میں ایک نئی زندگی پیدا کردیتا ہے ؟ عرش عظیم کا مالک و مختار کون ہے ؟ کائنات میں ہر چیز کس کے حکم سے چل رہی ہے ؟ وہ کون سی ذات ہے جس کے تم محتاج ہو ؟ یہ دیکھنے، سننے، سمجھنے، سوچنے اور فیصلے کی طاقت کس ذات نے عطا کی ہے ؟ زندگی اور موت کس کے ہاتھ میں ہے ؟ فرمایا کہ جب تم دریا یا سمندر کے بھنور میں پھنس جاتے ہو اور وہاں بےبسی کے عالم میں ہوتے ہو تو تم کس کو پکارتے ہو ؟ کون تمہاری فریاد کو سنتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وہ صرف ایک اللہ کی ذات ہے جو اس کائنات کا خالق ومالک اور مختار ہے۔ وہ اس کائنات کا نظام چلانے میں کسی کا محتاج ہے۔ فرمایا کہ جب تم بھی کسی مشکل میں پھنس جاتے ہو تو ایک اللہ ہی کو یاد کرتے ہو پھر تم عام زندگی میں الٹے کیوں چل رہے ہو ؟ اسی طرح نبی کریم ﷺ جب اللہ کی ذات اور صفات کو بیان فرماتے تھے تو کفار ومشرکین مکہ نے بھی آپ سے بہت سے سوالات کئے تھے۔

حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ خیبر کے کچھ یہودی آپ کے پاس حاضر ہوئے اور آپ سے پوچھا کہ اے ابوالقاسم ﷺ ! اللہ نے فرشتوں کو نور سے، حضرت آدم (علیہ السلام) کو مٹی اور سڑے ہوئے گارے سے بنایا۔ ابلیس کو آگ کے شعلے سے، آسمان کو دھویں سے اور زمین کو پانی کے جھاگ سے پیدا کیا ہے۔ اپنے رب سے متعلق بتائیے جس نے آپ کو بھیجا ہے کہ (وہ کس چیز سے بنایا گیا ہے) یہ سن کر رسول اللہ ﷺ خاموش رہے پھر حضرت جبرئیل سورة اخلاص کی آیات لے کر نازل ہوئے۔

اسی طرح حضرت عبداللہ ابن عباس سے بھی اسی طرح کی ملتی جلتی روایت نقل کی گئی ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ یہودیوں کا ایک گروہ جس میں کعب ابن اشرف، حی ابن اخطب بھی شامل تھا انہوں نے پوچھا کہ اے محمد ﷺ ! ہمیں بتائیے کہ آپ کا رب کیسا ہے جس نے آپ کو بھیجا ہے۔ اسی پر اللہ تعالیٰ نے سورة اخلاص کو نازل فرمایا جس میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ وہ اللہ ایک ہے یعنی اس کا کوئی شریک نہیں ہے۔ وہی تنہا معبود ہے، سب اس کے محتاج ہیں وہ کسی چیز میں بھی دوسروں کا محتاج نہیں ہے نہ وہ اپنے پیدا ہونے میں کسی کا محتاج نہیں ہے۔ نہ اس کے کوئی بیٹا ہے نہ کوئی کسی اعتبار سے اس کے برابر ہے۔ یعنی اس کا نہ کوئی مثیل ہے اور نہ مثال ہے۔

اللہ الصمد : اللہ بےنیاز ہے۔

دنیا میں جتنے بھی جان دار ہیں وہ اپنی بقاء کے لئے کائنات کی ہر چیز کے محتاج ہیں۔ مثلاً پانی، ہوا، مٹی ، آگ، زمین و آسمان، سورج، چاند، رزق، علم، اولاد، سونا اور جاگنا لیکن اللہ کی ذات وہ ہے جو ان میں سے کسی چیز کی محتاج نہیں ہے بلکہ سب اس کے ہی محتاج ہیں۔ وہ سب کو کھلاتا ہے خود نہیں کھاتا نہ اس کو نیند آتی ہے نہ اس کو اونگھ آتی ہے ، یعنی ہر ایک اس کا محتاج ہے لیکن وہ کسی کا کسی طرح محتاج نہیں ہے۔ صحابہ کرام ؓ اور ان کے بعد آنے والے حضرات نے الصمد کا مفہوم یہ بیان کیا ہے۔

(1) جو سب سے بےنیاز ذات ہے۔ سب اس کے محتاج ہیں۔ (حضرت ابوہریرہ ؓ

(2) اللہ وہ ذات ہے جس میں سے نہ کوئی چیز نکلتی ہے اور نہ وہ کھانے پینے کا محتاج ہے۔ (حضرت عکرمہ ؓ

(3) وہ جو اپنی ذاتی صفات اور اعمال میں کامل ہے۔ (حضرت سعید ابن جبیر ؓ

(4) وہ جو ہر طرح کے عیبوں سے پاک ہے۔ (مقاتل ابن حیان)

(5) وہ جو باقی رہنے والا ہے اور جسے زوال نہیں ہے۔ (حضرت حسن بصری ؓ ، حضرت قتادہ ؓ

(6) اللہ وہ ہے جو اپنی مرضی سے جو چاہے فیصلے کرتا ہے۔ وہ جب چاہے جو کچھ چاہے کرتا ہے۔ اس کے حکم اور فیصلوں پر کوئی نظرثانی کرنے والا نہیں ہے (مراۃ الھمدان)

(7) وہ جس کی طرف لوگ اپنی حاجتوں کے لئے رجوع کرنے والے ہوں۔ (حضرت ابن مسعود ؓ

(8) وہ جس سے بالاتر کوئی نہ ہو۔ (حضرت علی ؓ

(9) وہ جو اپنی سرداری، سیادت، علم اور حخمت میں کامل ہو۔ (حضرت عبداللہ ابن عباس ؓ

(10) وہ ہے جو کسی مصیبت کے وقت اسی کی طرف رجوع کیا جاتا ہے۔ (حضرت ابن عباس ؓ

لم یلد و لم یولد : نہ وہ پیدا کرتا ہے نہ وہ پیدا کیا گیا ہے۔

اصل میں اللہ تعالیٰ کے متعلق عربوں میں اور ساری دنیا میں عجیب و غریب تصورات تھے جن کی قرآن کریم نے بھرپور انداز سے تردید فرمائی ہے۔

(1) عرب کے لوگ فرشتوں کے متعلق کہتے تھے ( نعوذ باللہ) وہ اللہ کی بیٹیاں ہیں۔

(2) وہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھتے تھے کہ آپ جس کی طرف بلا رہے ہیں تو اس اللہ کی نسبت کیا ہے ؟ اس نے کس سے میراث پائی ہے ؟ اور اس کے بعد اس کا وارث کون ہوگا ؟

(3) وہ سمجھتے تھے کہ وہ جس کو اللہ کا بیٹا یا بیٹی قرار دے رہے ہیں وہ اللہ کی نسبی اولاد ہیں۔

(4) کسی نے جنوں کو اللہ کا شریک، عالم الغیب اور رشتہ دار سمجھ رکھا تھا۔

اللہ تعالیٰ نے ان کفار و مشرکین کے ان عقیدوں کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ وہ نہ تو اس کائنات کے نظام کو چلانے میں کسی کا محتاج ہے نہ اس کے بیٹا اور بیٹیاں ہیں۔ نہ اس کا کوئی وارث ہے اور نہ اس کو کسی کی میراث ملی ہے۔

اللہ نے ان کی تمام غلط باتوں کی تردید کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ اللہ ان باتوں سے بلندو برتر ہے جو لوگ اس کی ذات کی طرف ان باتوں کو منسوب کرتے ہیں درحقیقت وہ گمراہ ہیں اور ان کو راہ ہدایت کو اختیار کرنا چاہیے۔

لم یکن لہ کفوا احد : ہم کفو اس کو کہتے ہیں جو رتبہ میں کسی کے برابر ہو۔ اللہ نے فرمایا کہ جس طرح اس کے نہ تو بیٹا ہے نہ بیٹی اسی طرح کوئی اس کے برابر بھی نہیں ہے یعنی وہ کسی بیوی کا بھی محتاج نہیں ہے۔ وہ یکتا ہے، بےنیاز ہے ونہ وہ کسی کا باپ ہے نہ اس کا کوئی باپ ہے اور نہ کوئی اس کے برابر ہے۔

اس سورت کے فضائل : حضرت امام احمد (رح) نے حضرت عقبہ ابن عامر سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے کہ میں تمہیں تین ایسی سورتیں بتاتا ہوں جو توریت ، زبور، انجیل اور قرآن سب میں نازل ہوئی ہیں۔ فرمایا کہ تم رات کو اس وقت تک نہ سوئو جب تک ان تین سورتوں کو نہ پڑھ لیا کرو۔ سورة اخلاص، سورة الفلق اور سورة الناس۔ حضرت عقبہ ابن عامر فرماتے ہیں کہ اس کے بعد میں نے کبھی ان تین سورتوں کو نہیں چھوڑا۔ (ابن کثیر)

نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے کہ یہ سورة اخلاس ایک تہائی قرآن کے برابر ہے۔ (بخاری۔ مسلم، ترمذی، ابودائود)

اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس سورت کو پڑھنے ، سمجھنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین