بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 114. An-Naas · Ayah 1
قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِۙ﴿1﴾
- قُلْکہدیجئے
- اَعُوْذُمیں پناہ میں آتا ہوں
- بِرَبِّ النَّاسِلوگو کے رب کی
ملک۔ بادشاہ ۔ الہ۔ معبود۔ الوسواس۔ وسوسے ڈالنے والا۔ الخناس۔ پیچھے ہٹ جانے والا۔ من الجنۃ والناس۔ جنات میں اسے اور انسانوں میں سے۔
ترجمہ :-
قل اعوذ برب الناس :- آپ کہہ کہ میں تمام لوگوں کے رب کی پناہ چاہتا ہوں۔
ملک الناس :- جو تمام لوگوں کا حقیقی بادشاہ ہے اس کی پناہ مانگتا ہوں۔
الہ الناس : تما م لوگوں کے معبود کی پناہ مانگتا ہوں۔
ان تینوں آیتوں میں اس کی وضاحت فرما دی گئی ہے کہ اس کائنات میں درحقیقت انسانوں کا پالنے والا، لوگوں پر حکمرانی کرنے والا اور لوگوں کے لئے وہ ہستی جو قابل عبادت ہے ایک اللہ ہی کی ہے۔ فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ اس عظیم رب کی پناہ مانگئے۔ وہیں آپ کو اور اللہ کے ماننے والوں کو حقیقی پناہ اور فلاح نصیب ہوگی۔
من شر الواسوس الخناس : شیطان کا کام یہ ہے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں طرح طرح کے وہم اور وسوسے پیدا کرکے اس طرح پیچھے ہٹ جاتا ہے کہ کہ کسی کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ اس کو شیطان نے بہکا کر کس بری راہ پر لگا دیا ہے۔
فرمایا کہ اس شیطان مردود کے شر سے اللہ کی پناہ مانگی جائے ورنہ وہ شیطان تو اسی طرح وسوسے پیدا کرکے انسان کو ایمان سے بھی محروم کرنا چاہتا ہے۔ اگر اس اللہ کی پناہ مانگ لی جائے تو جو ساری کائنات کا پروردگار اور مالک و مختار ہے تو انسان شیطانی وسوسوں سے بچ سکتا ہے۔
من الجنۃ والناس : وہ وسوسے ڈالنے والے صرف شیطان ہی نہیں ہیں بلکہ انسانوں میں سے بھی وہ ہیں جو وسوسے پیدا کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں شیطانی وسوسوں اور شیطان کے کارندوں کے ہر طرح کے شر سے محفوظ فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
واخردعوانا ان الحمد للہ رب العالمین