IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 180

  1. كُتِبَ عَلَیْكُمْ اِذَا حَضَرَ اَحَدَكُمُ الْمَوْتُ اِنْ تَرَكَ خَیْرَا١ۖۚ اِ۟لْوَصِیَّةُ لِلْوَالِدَیْنِ وَ الْاَقْرَبِیْنَ بِالْمَعْرُوْفِ١ۚ حَقًّا عَلَى الْمُتَّقِیْنَؕ﴿180﴾

    1. كُتِبَ عَلَيْكُمْفرض کیا گیا تم پر
    2. اِذَاجب
    3. حَضَرَآئے
    4. اَحَدَكُمُتمہارا کوئی
    5. الْمَوْتُموت
    6. اِنْاگر
    7. تَرَكَچھوڑا
    8. خَيْرَۨامال
    9. الْوَصِيَّةُوصیت
    10. لِلْوَالِدَيْنِماں باپ کے لیے
    11. وَالْاَقْرَبِيْنَاور رشتہ دار
    12. بِالْمَعْرُوْفِدستور کے مطابق
    13. حَقًّالازم
    14. عَلَيپر
    15. الْمُتَّقِيْنَپرہیزگار
Translation · Baseerat-e-Quran
تمہارے اوپر فرض کیا گیا ہے جب تم میں سے کسی شخص کی موت کا وقت قریب آجائے اور اس نے مال بھی چھوڑا ہو تو وہ والدین اور رشتہ داروں کے لئے معروف طریقے سے وصیت کر جائے، یہ حکم پرہیز گاروں کے لئے لازمی ہے
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 180 تا 182

خیر (مال (اللہ نے مال کو خیر فرمایا ہے ) ۔ یبدلون (جو بدلنتے ہیں ) ۔ موص (وصیت کرنے والا) ۔ جنف (طردار ی، حق تلفی ) ۔ اصلح (اصلاح کرادی، درست کرادیا) ۔

تشریح : آیت نمبر 180 تا 182

یہ حکم اس وقت نازل ہوا تھا جب مرنے والے کے ترکہ کی تقسیم کا کوئی قانون نازل نہیں ہوا تھا بلکہ وہی قانون جو اس وقت عربوں میں رائج تھا اس کی اصلاح کی طرف توجہ دلائی گئی ہے ۔ یہ وہ تصور تھا جس کی کچھ نہ کچھ بنیاد ترکہ کے سلسلے میں پہلے سے موجود تھی۔ مگر ان کی معاشرتی زندگی میں جہاں ہزاروں بگاڑ موجود تھے وہاں وراثت کی تقسیم میں بھی بڑا فساد آچکا تھا۔ اس وقت کسی کے مرجانے کے بعد اس کی اس کی تمام جائیداد اور مال مرنے والے کے بیٹے کے نام ہوجایا کرتا تھا اگر کوئی وصیت کرجاتا تو اس میں شہرت کا پہلو نمایاں کرنے کے لئے دو ر دراز کے رشتہ داروں کے نام دولت کا اکثر حصہ مقرر کردیا جاتا، ماں باپ، بہن بھائی اور دوسرے قریبی رشتہ داروں کو نظر انداز کردیا جاتا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں وصیت سننے کے بعد اس میں تبدیلی کو گناہ قرار دیا ہے۔ فرمایا کہ اگر انہوں نے مرنے والے کی وصیت میں کوئی تبدیلی کی یا حقداروں کے حق میں کوئی زیادتی کی تو ان لوگوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ دنیا سے جس بات کو چھپا سکتے ہیں اس علیم وخبیر کی ذات سے چھپا نہیں سکتے، البتہ اگر کوئی شخص یہ محسوس کرتا ہے کہ وصیت کرنے والے نے کوئی ایسی وصیت کی ہے جو طرف داری یا گناہ پر مبنی ہے تو اس معاملہ سے تعلق رکھنے والوں کے درمیان باہمی صلح صفائی سے کوئی تبدیلی کرا دی تو اس میں کوئی گناہ نہیں ہے۔

اس آیت پر اس وقت تک عمل ہوتا رہا جب تک آیت میراث نازل نہیں ہوئی تھی۔ لیکن جب آیت میراث اور میراث کی تقسیم کے شرعی اصول بیان کر دئیے گئے تو یہ حکم منسوخ ہوگیا ۔ وجہ یہ ہے کہ اس بگڑے ہوئے معاشرے میں ایک دم تبدیلی سے بڑا مسائل پیدا ہو سکتے تھے اللہ نے اس معاشرہ کو درست کرنے کے لئے تمام احکام کو آہستہ آہستہ نازل کیا ہے تا کہ وہ شریعت اسلامیہ کے اچھی طرح خوگر اور عادی بن جائیں۔