بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 2. Al-Baqara · Ayah 196
وَ اَتِمُّوا الْحَجَّ وَ الْعُمْرَةَ لِلّٰهِ١ؕ فَاِنْ اُحْصِرْتُمْ فَمَا اسْتَیْسَرَ مِنَ الْهَدْیِ١ۚ وَ لَا تَحْلِقُوْا رُءُوْسَكُمْ حَتّٰى یَبْلُغَ الْهَدْیُ مَحِلَّهٗ١ؕ فَمَنْ كَانَ مِنْكُمْ مَّرِیْضًا اَوْ بِهٖۤ اَذًى مِّنْ رَّاْسِهٖ فَفِدْیَةٌ مِّنْ صِیَامٍ اَوْ صَدَقَةٍ اَوْ نُسُكٍ١ۚ فَاِذَاۤ اَمِنْتُمْ١ٙ فَمَنْ تَمَتَّعَ بِالْعُمْرَةِ اِلَى الْحَجِّ فَمَا اسْتَیْسَرَ مِنَ الْهَدْیِ١ۚ فَمَنْ لَّمْ یَجِدْ فَصِیَامُ ثَلٰثَةِ اَیَّامٍ فِی الْحَجِّ وَ سَبْعَةٍ اِذَا رَجَعْتُمْ١ؕ تِلْكَ عَشَرَةٌ كَامِلَةٌ١ؕ ذٰلِكَ لِمَنْ لَّمْ یَكُنْ اَهْلُهٗ حَاضِرِی الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ١ؕ وَ اتَّقُوا اللّٰهَ وَ اعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ شَدِیْدُ الْعِقَابِ۠ع﴿196﴾
- وَاَتِمُّوااور پورا کرو
- الْحَجَّحج
- وَالْعُمْرَةَاور عمرہ
- لِلّٰهِاللہ کے لیے
- فَاِنْپھر اگر
- اُحْصِرْتُمْتم روک دئیے جاؤ
- فَمَاتو جو
- اسْتَيْسَرَمیسر آئے
- مِنَسے
- الْهَدْيِقربانی
- وَلَااور نہ
- تَحْلِقُوْامنڈاؤ
- رُءُوْسَكُمْاپنے سر
- حَتّٰىیہانتک کہ
- يَبْلُغَپہنچ جائے
- الْهَدْيُقربانی
- مَحِلَّهٗاپنی جگہ
- فَمَنْپس جو
- كَانَہو
- مِنْكُمْتم میں سے
- مَّرِيْضًابیمار
- اَوْیا
- بِهٖٓاسکے
- اَذًىتکلیف
- مِّنْسے
- رَّاْسِهٖاس کا سر
- فَفِدْيَةٌتو بدلہ
- مِّنْسے
- صِيَامٍروزہ
- اَوْیا
- صَدَقَةٍصدقہ
- اَوْیا
- نُسُكٍقربانی
- فَاِذَآپھر جب
- اَمِنْتُمْتم امن میں ہو
- فَمَنْتو جو
- تَمَتَّعَفائدہ اٹھائے
- بِالْعُمْرَةِساتھ۔ عمرہ
- اِلَىتک
- الْحَجِّحج
- فَمَاتو جو
- اسْتَيْسَرَمیسر آئے
- مِنَ الْهَدْيِسے۔ قربانی
- فَمَنْپھر جو
- لَّمْ يَجِدْنہ پائے
- فَصِيَامُتو روزہ رکھے
- ثَلٰثَةِتین
- اَيَّامٍدن
- فِي الْحَجِّحج میں
- وَسَبْعَةٍاور سات
- اِذَا رَجَعْتُمْجب تم واپس جاؤ
- تِلْكَیہ
- عَشَرَةٌدس
- كَامِلَةٌپورے
- ذٰلِكَیہ
- لِمَنْلیے۔ جو
- لَّمْ يَكُنْنہ ہوں
- اَھْلُهٗاس کے گھر والے
- حَاضِرِيموجود
- الْمَسْجِدِ الْحَرَامِمسجد حرام
- وَاتَّقُوااور تم ڈرو
- اللّٰهَاللہ
- وَاور
- اعْلَمُوْٓاجان لو
- اَنَّکہ
- اللّٰهَاللہ
- شَدِيْدُسخت
- الْعِقَابِعذاب
لغات القرآن : آیت نمبر 196
احصرتم (تم روک دئیے گئے ۔ تم روک لئے جاؤ) ۔ استیسر (جو میسر ہو، جو سہولت ہو) ۔ الھدی (قربانی کا جانور) ۔ لا تحلقوا (تم نہ منڈواؤ) ۔ رؤس (راس، سر) ۔ حتی یبلغ (جب تک پہنچ نہ جائے) ۔ حتی یبلغ (جب تک پہنچ نہ جائے) ۔ محلہ (اپنی جگہ) ۔ اذی (کوئی تکلیف) ۔ نسک (ذبح، قربانی ) ۔ امنتم (تم اطمینان سے ہو۔ امن میں ہو) ۔ لم یجد (نہیں پایا) ۔ ثلثۃ ایام (تین دن) ۔ سبعۃ (سات) ۔ رجعتم (تم لوٹے) ۔ عشرۃ کاملۃ (مکمل دس) ۔ لم یکن (نہیں ہے ) ۔ اھلہ (اس کے گھر والے ) ۔ حاضری (رہنے والے ، موجود) ۔ شدید العقاب (سخت عذاب) ۔
تشریح : آیت نمبر 196
اس آیت میں سب سے پہلے یہ فرمایا کہ (1) اے مومنو ! تم حج وعمرہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے لئے ادا کرو کیونکہ دور جاہلیت میں لوگوں نے حج کو تجارت لین دین اور شعرو شاعری کا میلہ بنا رکھا تھا وہ اللہ کے ساتھ بیت اللہ میں رکھنے ہوئے سینکڑوں بتوں کی پرستش کرتے، نذرو نیاز اور قربانیاں پیش کرتے تھے، فرمایا گیا کہ اگرچہ اہل ایمان کو بھی حج کے بعد تجارت یا خریدو فروخت کی ممانعت نہیں ہے لیکن ان کا مقصود نہ تو تجارت ہونا چاہئے اور نہ لین دین بلکہ محض اللہ کے لئے یہ حج وعمرہ ادا کیا جائے۔
(2) دوسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی کہ احرام باندھنے کے بعد اگر تم دشمنوں میں گھر جاؤ، کوئی بیماری یا شدید مشکل پیش آجائے اور بیت اللہ تک پہنچنا مشکل ہو تو جہاں بھی ہو قربانی کا جانور اللہ کے لئے پیش کر دو اور کسی کے ہاتھ بھیج دو یا اس کی قیمت دے کر جانور خریدنے کا کہہ کر روانہ کردو۔
سروں کو اس وقت تک نہ منڈواؤ جب تک قربانی کا جانور اپنی صحیح جگہ (حرم میں) نہ پہنچ جائے یا اس کا یقین نہ ہوجائے لیکن اگر کوئی ایسا آدمی ہے جو سخت بیمار ہے یا اس کے سر یا بدن کے کسی دوسرے حصہ میں کوئی تکلیف ہے تو وہ قربانی سے پہلے بقدر ضرورت بالوں کو منڈوا سکتا ہے لیکن اس کا کفارہ ادا کرنا ہوگا۔ نبی کریم ﷺ نے اس کا کفارہ یہ بیان فرمایا ہے کہ تین روزے رکھ لے یا چھ مسکینوں کو آدھا آدھا صاع یعنی تقریباً پونے دو سیر گندم بطور صدقہ دے دے۔ (بخاری) یا کم از کم ایک بکرا یا بکری کی قربانی پیش کرے لیکن قربانی کے لئے ضروری ہے کہ حدود حرم میں کی جائے جبکہ روزے اور صدقہ کے لئے کوئی جگہ متعین نہیں ہے۔
زمانہ جاہلیت میں حج اور عمرہ ایک ساتھ ادا کرنے کو گناہ سمجھتے تھے۔ فرمایا ہے کہ جو شخص حدود حرم سے باہر رہتا ہے اگر وہ حج کے ساتھ عمرہ بھی ادا کرلے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے بلکہ اس شخص پر اللہ کا ایک انعام ہوجاتا ہے اس نے ایک وقت میں دو عبادتوں کو جمع کرلیا ہے اس لئے اظہار تشکر کے طور پر اس کو ایک جانور اللہ کی راہ میں بطور قربانی پیش کرنا ہوگا۔ اگر کسی شخص کو قربانی کا جانور پیش کرنے میں کوئی دشواری ہو تو وہ دس روزے رکھ لے تین روزے ایام حج میں یعنی نویں ذوالحجہ سے پہلے تک پورے کرلے اور سات روزے حج سے لوٹنے کے بعد جہاں چاہے، جب چاہے رکھے، مکہ میں پورے کرلے یا گھر لوٹ کر رکھ لے اس طرح دس روزے پورے ہوجائیں گے اور پھر جانور قربان کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اگر تین روزے ایام حج میں نہ رکھ سکا تو اس کے لئے قربانی دینا واجب ہے جب بھی قدرت ہو کسی کے ذریعے حرم میں قربانی کرا دے۔
حج کی تین صورتیں ہیں۔ حج افراد، حج تمتع اور حج قران۔ حج کے ایام میں صرف حج کا احرام باندھنا اس کو حج افراد کہتے ہیں جو حدود حرم کے رہنے والوں کے لئے ہے، حج تمتع یہ ہے کہ حج کے دنوں میں پہلے عمرہ کا احرام باندھے ، مکہ مکرمہ جا کر طواکرے، صفاومروہ پر سعی کرے یعنی دوڑے اور پھر بال کٹوا کر عمرہ کا احرام کھول دے اور معمول کا لباس پہن لے پھر ذی الحجہ کی آٹھویں تاریخ کو منی جانے کے وقت حج کا احرام حرم شریف ہی میں باندھ لے اور حج کے ارکان کو ادا کرے اس کو حج تمع کہتے ہیں حج قران یہ ہے کہ حج اور عمرہ دونوں کا احرام ایک ساتھ ہی باندھے۔ اس کا احرام عمرہ کے بعد بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہے بلکہ اسی احرام میں رہے۔ اس احرام سے آٹھویں ذی الحجہ سے آخر تک تمام ارکان کو ادا کرتا رہے اور حج کو پورا کرے بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد اس کو احرام کھولنے کی اجازت ہوگی۔ امام ابوحنیفہ (رح) کے نزدیک حج قران افضل ہے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے ایک ہی حج کیا ہے اور وہ حج قران تھا۔ بہرحال یہ ہر شخص کی اپنی سہولت پر ہے کہ وہ حج کے موقع پر حج تمتع کرنا چاہتا ہے یا حج قران۔