IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 113

  1. وَ كَذٰلِكَ اَنْزَلْنٰهُ قُرْاٰنًا عَرَبِیًّا وَّ صَرَّفْنَا فِیْهِ مِنَ الْوَعِیْدِ لَعَلَّهُمْ یَتَّقُوْنَ اَوْ یُحْدِثُ لَهُمْ ذِكْرًا﴿113﴾

    1. وَكَذٰلِكَاور اسی طرح
    2. اَنْزَلْنٰهُہم نے اس پر نازل کیا
    3. قُرْاٰنًاقرآن
    4. عَرَبِيًّاعربی
    5. وَّصَرَّفْنَا فِيْهِاور ہم نے طرح طرح سے بیان کیے اس میں
    6. مِنَسے
    7. الْوَعِيْدِڈراوے
    8. لَعَلَّهُمْتاکہ وہ
    9. يَتَّقُوْنَپرہیزگار ہوجائیں
    10. اَوْ يُحْدِثُیا وہ پیدا کردے
    11. لَهُمْان کے لیے
    12. ذِكْرًاکوئی نصیحت
Translation · Baseerat-e-Quran
اور اسی طرح ہم نے ان پر اس قرآن کو عربی میں نازل کیا اور اس میں ہم نے ہر طرح کے خوف دلائے تاکہ وہ پرہیز گار بن جائیں یا ان کے لئے نصیحت کا کوئی سامان پیدا ہوجائے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 113 تا 114

صرفنا ہم نے طرح طرح بیان کیا۔ الوعید ڈرا دے۔ یحدث وہ پیدا کرتا ہے۔ تعالیٰ بلندو برتر۔ الملک بادشاہ، فرمان روا۔ لاتجعل تو جلدی نہ کر۔ ان یقضیٰ یہ کہ پوری ہوجائے۔ زدنی مجھے زیادہ دے۔ علماً علم۔

تشریح :- آیت نمبر 113 تا 114

قرآن کریم میں گزشتہ قوموں کے ذکر کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کی اصلاح و تربیت اور ہدایت کے اسباب پیدا ہوجائیں ۔ برے اعمال کے برے نتائج کا ذکر بھی اسی لئے کیا گیا ہے کہ ان میں دنیا کی سمجھ پیدا ہوجائے۔ وہ نصیحت و عبرت حاصل کر کے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت و فرماں برداری کا راستہ اختیار کریں اور ہر اس راستے سے بچ کر چلیں جو ان کو گناہوں اور برے اعمال کی دلدل میں پھنسا سکتا ہے۔ اس طرح ان میں اخلاق اور تقویٰ کی اعلیٰ اور بہترین صفات پیدا ہوتی چلی جائیں گی۔ فرمایا کہ اس لئے اللہ تعالیٰ نے اس قرآن کریم کو صاف ستھری عربی زبان میں نازل کیا ہے تاکہ وہ اس کو آسانی سے سمجھ کر تقویٰ کی زندگی احتیار کرسکیں اور کم از کم اپنی اصلاح کی فکر تو کرسکیں۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی شان یہ ہے تاکہ وہ اس کو آسانی سے سمجھ کر تقویٰ کی زندگی اختیار کرسکیں اور کم از کم اپنی اصلاح کی فکر تو کرسکیں۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی شان یہ ہے کہ وہ سب سے بلندو برتر اور حقیقی بادشاہ ہے۔ اس نے اپنی رحمت سے ایک ایسی کتاب نازل کی ہے جس کو پڑھنے سے انسانوں کی ہدایت کے راستے کھلتے چلے جاتے ہیں وہ خود اس کا نگراں اور محافظ ہے۔ لہٰذا یہ قرآن اصل حالت میں قیامت تک باقی رہے گا۔ فرمایا کہ اے نبی ! آپ اس بات کی فکر نہ کیجیے اور اپنے آپ کو اس مشقت میں نہ ڈالئے کہ جو قرآن نازل کیا جا رہا ہے اس کو آپ بھول جائیں گے۔ جب قرآن کریم کا نزول ہو رہا ہو تو آپ اس قرآن کو (یاد کرنے کے لئے) اس وقت تک غور سے سنئے جب تک وحی مکمل نہ ہوجائے اور ہمیشہ یہ کہئے کہ اے میرے پروردگار میرے علم میں اضافہ اور ترقی عطا فرمائیے۔

ان آیات کی چند باتوں کی وضاحت

(1) اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم نے اس قرآن حکیم کو عربی زبان میں نازل کیا ہے۔ اس کی پہلی حکمت تو یہ ہے کہ قرآن کے سب سے پہلے مخاطب وہ لوگ ہیں جن کی زبان عربی ہے۔ لہٰذا ان کو سمجھنے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ دوسری حکمت یہ سمجھ میں آتی ہے کہ عربی زبان دنیا کی وسیع ترین، باعظمت اور زندہ زبان ہے۔ کہتے ہیں کہ آج دنیا میں چھوٹی بڑی ساڑھے آٹھ ہزار زبانیں بولی جاتی ہیں۔ لیکن عربی زبان کا آج بھی ایک اعلیٰ مقام ہے۔ یہ دنیا کی وہ عظیم زبان ہے جس کا مقابلہ ساری دنیا کی زبانیں بھی نہیں کرسکتیں۔ اس لئے اللہ نے اپنے کلام کے لئے اس عظیم و فصیح زبان کا انتخاب فرمایا ہے۔ میری ناقص رائے یہ ہے کہ اگر کوئی اور زبان ہوتی تو شاید وہ قرآن کریم کے معانی اور فصاحت و بلاغت کا بوجھ برداشت نہ کرسکتی۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اگر ہم اس قرآن کو کسی پہاڑ پر نازل کردیتے تو وہ پہاڑ دب جاتا۔ اس کے ٹکڑے اڑ جاتے مگر وہ قرآن کے بوجھ کو برداشت نہ کرسکتا۔ اسی طرح یہ ایک حقیقت ہے کہ عربی جیسی عظیم اور شاندار زبان کے علاوہ کوئی دوسری زبان قرآن کریم کی فصاحت و بلاغت، مفہوم اور معانی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی تھی۔ اس لئے قرآن کریم کے لئے عربی زبان کا انتخاب کیا گیا جس سے یہ زبان بھی ایک زندہ زبان بن گئی ہے۔ قرآن کریم قیامت تک کے لئے ہے اور عربی زبان میں قرآن کریم اترنے کی وجہ سے اس زبان کو بھی قیامت تک تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔

(2) دوسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی کہ اللہ تعالیٰ نے اس قرآن کریم میں بار بار لوگوں کو ان کے برے اعمال کے بارے نتائج سے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنے سامنے اللہ کی وعید کو رکھیں گے تو ان میں دو اعلیٰ ترین صفات پیدا ہوجائیں گی۔ (1) پہلی تو یہ ہے کہ ان میں تقویٰ اور پرہیز گاری جیسی اعلیٰ صفت پیدا ہوجائے گی۔ (2) دوسری یہ کہ ان میں تقویٰ کیساتھ ساتھ کم از کم سوچنے اور فکر کرنے سے نصیحت و عبرت کے اسباب پیدا ہوجائیں گے۔

(3) تیسری بات یہ فرمائی کہ اس کائنات میں اگر کوئی بلندو برتر ہستی ہے تو وہ اللہ ہے جو حقیقی اور سچا بادشاہ اور حکمران ہے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہر اعتبار سے اس قدر بلند اور برتر ہے کہ انسان اس کی عظمت کا تصور تک نہیں کرسکتا۔ وہی اس کائنات کا خالق ومالک ہے۔ وہی سچا بادشاہ ہے، اس کے سوا کوئی عبادت و بندگی کے لائق نہیں ہے۔

(4) چوتھی اہم بات یہ ارشاد فرمائی کہ یہ قرآن کریم اللہ نے نازل کیا ہے وہی اس کا نگران اور محافظ ہے۔ وہ اس کی حفاظت میں کسی کا محتاج نہیں ہے وہ جس سے چاہے اس کی حفاظت کا کام لے سکتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس نے کفار کو ایمان کی توفیق عطا فرما کر ان سے حفاظت قرآن کا وعدہ پورا کیا ہے چناچہ وہ تاتاری قوم جو دنیا سے مسلمانوں اور قرآن کو مٹانے کے لئے اٹھی تھی جس نے بظاہر دین اسلام اور مسلمانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا کر رکھ دی تھی۔ اللہ نے اس قوم کو راہ ہدایت دی اور انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اسلام کی عظیم خدمات سر انجام دیں یعنی دین اسلام کو مٹانے والے خود ہی دین کے محافظ بن گئے۔ غرضیکہ یہ اللہ کا کلام ہے وہ اس کی حفاظت کا خود ذمہ دار ہے۔ نبی کریم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبی ! جب تک آپ کی طرف پوری طرح وحی نازل نہ ہوجائے اس وقت تک آپ جلدی نہ کیجیے۔ اس آیت کا پس منظر یہ ہے کہ جب حضرت جبرئیل اللہ کا کلام لے کر آتے اور آپ کو قرآن کریم سناتے تھے تو آپ شدید احساس ذمہ داری کی وجہ سے یہ خیال کرتے تھے کہ میں ان آیات کو اچھی طرح یاد کرلوں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ میں بھول جاؤں اور ادائیگی رسالت میں کمی رہ جائے۔ آپ یاد کرنے کے لئے جلدی جلدی اپنی زبان کو حرکت دیا کرتے تھے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے سورة الاعلیٰ میں فرمایا کہ اے نبی ! ہم آپ کو (یہ قرآن) اس طرح پڑھائیں گے کہ آپ اس کو بھول نہ سکیں گے۔

سورۃ القیامہ میں ارشاد فرمایا گیا کہ اے نبی ! آپ اپنی زبان مبارک (ہونٹوں) کو جلدی جلدی حرکت نہ دیا کریں کیونکہ اس (قرآن کو دل پر جمع کردینا) اور اس کو (آپ کی زبان مبارک سے) تلاوت کرا دینا ہماری ذمہ داری ہے جب یہ قرآن پڑھا جائے تو آپ اس کی اتباع کیجیے (خاموشی سے سنئے) پھر یہ مہاری ذمہ داری ہے (کہ قلب پر جمع کرائیں اور تلاوت کرا دینے کے علاوہ) اس کا مفہوم بھی (آپ کی زبان مبارک سے) بیان کرا دیں گے۔ ( سورة قیامہ)

اس میں اللہ تعالیٰ نے تین باتیں اپنے ذمے رکھی ہیں (1) آپ کے قلب مبارک پر قرآن کو جمع کردینا۔ (2) اس کی تلاوت کرا دینا (3) اور اس کا بیان یعنی وضاحت کرا دینا۔ یعنی صرف یہی نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے جس قرآن کو آپ کے قلب مبارک پر جمع کردیا ہے اس کی تلاوت کرا دیں گے بلکہ آیات الٰہی کے معانی، مفہوم اور مراد کی وضاحت بھی اللہ کی طرف سے ہوگی۔ اس سے معلوم ہوا کہ قرآن کریم کے جس لفظ کا ترجمہ اور اس کی وضاحت جس طرح نبی کریم ﷺ نے فرمائی ہے وہی اللہ کی مراد ہے اور اس کی وضاحت خود اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ پر القا فرمائی ہے یعنی آپ کے دل میں اس کا مفہوم ڈالا گیا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ قرآن کریم کے الفاظ اور آیات کا مطلب اور مفہوم متعین کرنے کا اختیار نبی کریم ﷺ کے علاوہ کسی کو نہیں ہے۔ الحمد اللہ ہمارے اکابر اور بزرگوں نے پوری دیانت و امانت کے ساتھ قرآن کریم کی وہی تشریح فرمائی ہے جو نبی کریم ﷺ سے نقل کی گئی ہے۔ انسان تاریخ میں ان اکابر کی کاوشوں کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور امت ہمیشہ ان کے کارناموں پر فخر کرے گی۔ خلاصہ یہ ہے کہ قرآن کریم کی ہر وہ تشریح جو احادیث رسول اللہ ﷺ کے مطابق ہوگی وہی اللہ کی مراد سمجھی جائے گی لیکن جو لوگ اپنی اغراض کے لئے احادیث رسول اللہ ﷺ سے منہ پھیر کر من مانی تشریح کرتے ہیں وہ ناقابل اعتبار تشریح ہے۔

(5) پانچویں بات یہ ارشاد فرمائی ہے کہ اے ہمارے حبیب ! آپ ہمیشہ یہی کہئے کہ اے میرے پروردگار میرے علم میں اضافہ اور ترقی عطا فرمائیے۔ ان علوم کے علاوہ جتنے بھی علوم ہیں ضروری نہیں ہے کہ ان علوم کے ذریعہ انسان کو راہ ہدایت نصیب ہوجائے بلکہ اگر اللہ کا نور ہدایت اس میں شامل نہیں ہوگا۔ تو انسانوں کے بھٹکنے کے زیادہ امکانات ہیں۔