IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 115

  1. وَ لَقَدْ عَهِدْنَاۤ اِلٰۤى اٰدَمَ مِنْ قَبْلُ فَنَسِیَ وَ لَمْ نَجِدْ لَهٗ عَزْمًا۠ع﴿115﴾

    1. وَلَقَدْ عَهِدْنَآاور ہم نے حکم بھیجا
    2. اِلٰٓىطرف۔ کو
    3. اٰدَمَآدم
    4. مِنْ قَبْلُاس سے قبل
    5. فَنَسِيَتو وہ بھول گیا
    6. وَلَمْ نَجِدْاور ہم نے نہ پایا
    7. لَهٗاس میں
    8. عَزْمًاپختہ ارادہ
Translation · Baseerat-e-Quran
اور اس سے پہلے ہم نے آدم (علیہ السلام) کو ایک حکم دیا تھا۔ ان سے غفلت ہوگئی اور ہم نے ان میں ارادہ کی پختگی نہ پائی۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 115 تا 128

تشقی تم مصیبت میں پڑجاؤ گے۔ لاتجوع تو بھوکا نہ رہے گا۔ لاتعری تو ننگا نہ رہے گا۔ لاتضمو نہ پیاسے رہوگے۔ لاتضحی نہ دھوپ میں رہوگے۔ ادل میں رہنمائی کرتا ہوں۔ الخلد ہمیشہ۔ لایبلی زوال نہ آئے۔ طغی وہ بہک گیا۔ لایشقی بدنصیب نہ ہوگا۔ معیشتۃ گزر بسر کا سامان۔ ضنک تنگ۔ النھی عقل و سمجھ۔

تشریح : آیت نمبر 115 تا 128

اللہ تعالیٰ نے انسان کو جہاں بڑی عظمتوں سے نوازا ہے وہیں اس میں بعض کمزوریاں بھی پائی جاتی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی کمزوری یہ خواہش ہے کہ اس کو زندگی کی نعمتیں، لذتیں، راحتیں، عیش و آرام، حکومت و سلطنت اور اقتدار اس طرح مل جائے جس سے وہ سب کچھ اسے ہمیشہ حاصل رہیں اور ان کو کبھی زوال نہ آئے۔ حالانکہ اس دنیا کی مختصر زندگی میں یہ ممکن بھی نہیں ہے لیکن انسان کو جو کچھ ملتا ہے وہ اس خوش فہمی میں مبتلا ہوجاتا ہے کہ یہ چیزیں ہمیشہ اس کے پاس رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم اور ان کی رفیقہ حیات بی بی حوا کو ایسی جنت عطا فرما دی تھی جس میں بھوک، پیاس، دھوپ کی تپش اور لباس کی کمی نہ تھی اور ان سے کہا گیا تھا کہ وہ اس جنت میں رہیں سوائے ایک درخت کے ہر چیز کو وہ کھائیں اور استعمال کریں۔ اس درخت کے قریب نہ جانا جوان کی محض ایک آزمائش تھا۔ شیطان جو انسان کا ازلی دشمن ہے اس نے ہمدردانہ انداز اختیار کر کے اور خیر خواہی پر قسمیں کھا کر حضرت آدم و حوا سے یہ کہا کہ اصل میں تم دونوں کو اس درخت کا پھل کھانے سے صرف اس لئے منع کیا گیا ہے کہ اگر تم نے اس کو کھالیاتو ہمیشہ اسی جنت میں رہ جاؤ گے اور تمہیں ہر طرح کا اقتدار و اختیار دائمی طور پر مل جائے گا۔ اس وقت حضرت آدم و حوا اس بات کو بھول گئے کہ شیطان ان کا ازلی دشمن ہے اور وہ دونوں اس کے دھوکے اور فریب میں آگئے۔ درخت کے کھاتے ہی ان دونوں کے بدن سے جنت کا لباس اتر گیا۔ ایک دوسرے کا ستر ایک دوسرے کے سامنے کھل گیا حالانکہ اس جگہ وہ دونوں تنہا تھے مگر شرم و حیا سے دونوں اپنے ستر کو جنت کے پتوں سے چھپانے لگے۔ اس وقت حضرت آدم (علیہ السلام) کو اس غلطی کا احساس ہوا کہ ان سے بھول ہوگئی حالانکہ عزم و ہمت کا تقاضا یہ تھا کہ وہ دونوں اتنی بڑی بات کو کبھی نہ بھولتے نتیجہ یہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم و حوا کو جنت کی راحتوں سے نکال کر دنیا میں بھیج دیا اور فرمایا کہ اب جنت میں آنے کا ایک ہی راستہ ہے تم اور تمہاری اولادیں دنیا میں ایک مدت تک رہ کر ایمان اور حسن عمل کا مظاہرہ کریں گے تو جنت کے مستحق بن سکیں گے۔ اس بات کی یاد دھانی کے لئے ہم اپنے پاک نفس انبیاء کرام کو راہ ہدایت کی تعلیمات دے کر بھیجتے رہیں گے اگر ان کی لائی ہوئی تعلیمات پر عمل کیا گیا تو وہ جنت کی ابدی راحتوں سے محروم نہ رہیں گے لیکن اگر نافرمانی کی روش اختیار کی گئی تو نہ صرف یہ کہ ان کی زندگی کا دائرہ تنگ کردیا جائے گا بلکہ دنیا اور آخرت میں سوائے نقصان کے کچھ بھی حاصل نہ ہو سکے گا۔ آخرت کی سزا تو یہ ہوگی کہ جن لوگوں نے اللہ کے پیغمبروں کی لائی ہوئی تعلیمات سے منہ پھیرا ہوگا۔ اور جان بوجھ کر اندھے بنے رہے ہوں گے جب وہ قیامت کے دن اٹھیں گے تو بصارت سے محروم ہوں گے۔ وہ کہیں گے کہ اے ہمارے رب ہم دنیا میں تو آنکھوں والے تھے ہمیں یہاں اندھا کر کے کیوں اٹھایا گیا ہے ؟ جواب دیا جائے گا کہ جب تمہارے پاس ہماری آیتیں بھیجی گئی تھیں تو نہ صرف ہماری آیتوں کا انکار کر کے تم حد سے بڑھ گئے تھے بلکہ جان بوجھ کر اندھے بنے رہے تھے۔ لہٰذا یہ تمہاری سزا ہے یہ تو ان کی آخرت میں سزا ہوگی۔ دنیاوی سزا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ بہت سی قوموں کو اس لئے برباد کردیا گیا تھا کہ انہوں نے ہماری نافرمانیوں کے ایسے انداز اختیار کئے جس سے انہوں نے اپنے ہاتھوں اپنی دنیا اور آخرت کو برباد کر ڈالا۔ آج ان کے کھنڈرات ان کی نافرمانیوں کی منہ بولتی تصویریں ہیں ۔ خلاصہ یہ ہے کہ حضرت آدم سے حکم کی فرماں برداری میں غفلت ہوگئی ان کو دنیا میں بھیجا گیا تاکہ تمام لوگ ایمان اور حسن عمل اختیار کر کے دوبارہ اپنے آپ کو جنت کا مستحق ثابت کریں۔ دنیا میں آنے کے بعد حضرت آدم و حوا اس نافرمانی پر شرمندگی محسوس کر رہے تھے اور دن رات روتے رہتے اور توبہ و استغفار میں لگے رہتے تھے آخر کار اللہ کو ان کے ندامت کے آنسوؤں پر رحم آگیا اور اللہ نے ان کی اس خطا کو معاف کردیا اور ان کی توبہ کو قبول فرما لیا۔ اب نصاریٰ کا یہ عقیدہ کہ حضرت آدم کا یہ گناہ نعوذ باللہ ان کی نسلوں میں چلتا رہا اور اللہ نے (نعوذ باللہ) اپنے بیٹے حضرت عیسیٰ کو سولی پر چڑھا کر حضرت آدم اور سارے انسانوں کے گناہوں کو معاف کردیا ۔ یہ عقیدہ کس قدر کمزور اور احمقانہ ہے لیکن بدقسمتی سے نصاریٰ اس عقیدہ پر جمے ہوئے ہیں اور گمراہی کو اپنے گلے میں ڈالے ہوئے ہیں۔