بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 129
وَ لَوْ لَا كَلِمَةٌ سَبَقَتْ مِنْ رَّبِّكَ لَكَانَ لِزَامًا وَّ اَجَلٌ مُّسَمًّىؕ﴿129﴾
- وَلَوْاور اگر
- لَا كَلِمَةٌنہ ہوتی ایک بات
- سَبَقَتْہوچکی
- مِنْسے
- رَّبِّكَتمہارا رب
- لَكَانَتو ضرور آجاتا
- لِزَامًاعذاب
- وَّاَجَلٌاور میعاد
- مُّسَمًّىمقرر
لغات القرآن آیت نمبر 129 تا 132
سبقت گزر گئی، طے کردی گئی۔ لزام عذاب۔ اجل مسمی مدت مقرر، متعین۔ اناء برتن، لمحہ، وقت۔ اطراف کنارے۔ ترضی تو خوش ہوگا۔ لاتمدن تو ہرگز نہ پھیلے گا۔ متعنا ہم نے برتنے کا سامان دیا۔ زھرۃ آرائش و زیبائش۔ نفتن ہم آزماتے ۔ اصطبر تو قائم رہ۔
تشریح : آیت 129 تا 132
ان آیات میں کفار و مشرکین کے اس طرز عمل کو بیان کیا گیا ہے جو انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ اختیار کر رکھا تا۔ ان لوگوں کی نافرمانیوں، ضدوں اور ہٹ دھرمیوں کی وجہ سے ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اللہ کا عذاب ان پر ٹوٹ پڑتا اور ان کو گزشتہ قوموں کی طرح تباہ و برباد کر کے رکھ دیا جاتا چونکہ اللہ کی ہر صفت پر اس کی صفت رحم و کرم اور صفت حلم و تحمل چھائی ہوئی ہے اس لئے گناہگاروں کو فوراً ہی سزا نہیں دی جاتی بلکہ ان کو ایک خاص اور مقرر مدت تک مہلت اور ڈھیل دی جاتی ہے تاکہ وہ اس فرصت سے
فائدہ اٹھا کر اپنے اعمال و افعال کی اصلاح کرلیں۔ اس کے باوجود اگر وہ اپنی روش زندگی اور طرز فکر کو تبدیل نہیں کرتے تب اللہ کا وہ فیصلہ آجاتا ہے جس کے سامنے کسی کا ٹھہرنا اور نجات پانا ناممکن بن جاتا ہے۔
نبی کریم ﷺ اور آپ کے جان نثار صحابہ کرام سے فرمایا جا رہا ہے کہ وہ کفار کی نافرمانیوں اور ضد کی پرواہ نہ کریں اپنے نفس کو قابو میں رکھتے ہوئے کسی طرح کے انتقام کے جذبے کو پروان نہ چڑھائیں۔
اپنے فریضہ تبلیغ اور اشاعت دین کی جدوجہد کو تیز کردیں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ کفار کے پیچھے نہ پڑیں اپنے اعمال کی فکر کرتے ہوئے اللہ کی عبادت و بندگی اور حمد وثناء میں دل و جان سے لگ جائیں اس سے نہ صرف سکون قلب کی دولت مل جائے گی بلکہ استحکام و ترقی بھی عطا کی جائے گی۔ سکون قلب کا سب سے بہتر ذریعہ اور عبادت کا بہترین انداز اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے نماز پڑھنا ہے۔
فرمایا کہ
(1) سورج نکلنے سے پہلے
(2) سورج غروب ہونے سے پہلے
(3) رات کے لمحات میں
(4) دن کے دونوں حصوں کے ملنے کے وقت اللہ کی حمد وثناء کیجیے اور اس ذات کی خوبیاں بیان کیجیے جس کا سب سے بڑا فائدہ ہر طرف سے خوشی ہی خوشی ہے۔
یہ وہ آیت ہے جس میں پانچ وقت فجر، ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازوں کے اوقات بیان کئے گئے ہیں اور پانچ وقت کی نمازوں کی فرضیت ثابت ہوتی ہے۔
ان آیات میں دوسری بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ اس دنیا میں اصل چیز ایمان لانے کے بعد انسان کے بہترین اعمال اور ان کے بہترین نتائج ہیں۔ کیونکہ انسان کے نیک اور بہتر اعمال اس کو آخرت کی عظمت و بلندی کی طرف لے جانے والے ہیں جب کہ دنیا کی چمک دمک، مال و دولت، زیب وزینت اور دنیاوی خوبصورتیاں اکثر انسان کو اچھے اعمال اور مقصد حیات سے بہت دور لے جاتی ہیں۔
نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے کہ اے نبی ! یہ دنیا کی ظاہری چمک دمک، رشک ، رغبت اور شوق سے دیکھنے کی چیزیں نہیں ہیں کیونکہ یہ تو انسان کی ایک آزمائش ہیں۔ اکثر لوگ دنیا کے حرص و لالچ میں پڑ کر آخرت تک کو بھول جاتے ہیں۔ دنیا محض استعمال کرنے کے لئے بنائی گئی ہے دل لگانے کے لئے نہیں کیونکہ جو چیز اللہ کے اس سے وہی زیادہ بہترین اور ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔ یہ دنیا اور اس کی رونقیں عارضی ہیں جو ایک وقت پر ختم ہوجائیں گی۔
تیسری بات یہ فرمائی گئی ہے کہ اے نبی ﷺ آپ خود بھی صبر و تحمل سے کام لیتے ہوئے نماز قائم کیجیے اور اپنے گھر والوں کو بھی اس پر جمانے کی کوشش کیجیے۔
رزق کی پروا نہ کیجیے ہم یہ نہیں چاہتے ہیں کہ آپ دنیا کا ساز و سامان جمع کریں کیونکہ زندگی گذارنے کا پورا انتظام ہم نے کر رکھا ہے ہم وہ آقا نہیں جو اپنے غلاموں سے محنت کراتے اور گھر بیٹھ کر آرام سے کھاتے ہیں بلکہ ہم آپ کے رزق کے ذمہ دار ہیں۔ ہم ہی آپ کو رزق دیں گے۔ بہترین انجام تو صرف تقویٰ اور پرہیز گاری اختیار کرنے والوں کا ہے۔