IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 17

  1. وَ مَا تِلْكَ بِیَمِیْنِكَ یٰمُوْسٰى﴿17﴾

    1. وَمَااور کیا
    2. تِلْكَیہ
    3. بِيَمِيْنِكَتیرے داہنے ہاتھ میں
    4. يٰمُوْسٰىاے موسیٰ
Translation · Baseerat-e-Quran
(اللہ نے فرمایا) اے موسیٰ تمہارے داہنے ہاتھ میں کیا ہے ؟
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 17 تا 24

یمین داہنا ہاتھ، عصا لاٹھی۔ اتوکا میں سہارا لیتا ہوں۔ اھش میں پتے جھاڑتا ہوں۔ مارب (ماربۃ) نفع، فائدہ۔ حیۃ سانپ۔ نعید ہم لوٹا دیں گے۔ سیرۃ الاولی پہلی حالت۔ اضمم ملالے۔ جناح بازو۔ بیضاء روشن، سید۔ غیر سوء بغیر کسی عیب اور تکلیف کے۔ طغی اس نے سرکشی کی۔

تشریح : آیت نمبر 17 تا 24

گزشتہ آیات سے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا واقعہ بیان کیا جا رہا ہے۔ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ” وادی طویٰ “ کی مقدس وادی میں پہنچے اور انہوں نے ایک دھکتے ہوئے درخت کو دیکھا جو عجیب کیفیات کیساتھ روشن ہو رہا تھا تو آواز آئی اے موسیٰ ! یہ میں ہوں تمہارا رب، یہ سن کر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) پر وجد کی جیسی کیفیت طاری ہوگئی کیونکہ انسان کا اس سے بڑا اعزاز اور کیا ہوگا۔ کہ کائنات کا مالک خود انسان سے بات کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) سے پوچھا کہ تمہارے داہنے ہاتھ میں کیا ہے۔ عرض کردیتے کہ یہ لاٹھی ہے مگر انہوں نے جواب میں طوالت اختیار کرتے ہوئے عرض کیا یہ ایک لاٹھی ہے جس پر میں ٹیک لگا لیتا ہوں، کبھی اپنی بکریوں کیلئے پتے جھاڑ لیتا ہوں اور میں اس سے اور بہت سے کام لیتا ہوں۔ فرمایا کہ اے موسیٰ اپنے عصا کو ذرا زمین پر تو پھینکئے، حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے جیسے ہی اپنا عصا پھینکا تو وہ ایک خوفناک اژدھا بن گیا۔ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے اتنے بڑے خوفناک اژدھے کو دیکھا وہ بشری تقاضے کے تحت سخت خوفزدہ ہو کر بھاگنے لگے۔ ندا آئی اے موسیٰ ! آپ اس سے نہ ڈرئیے۔ آپ جیسے ہی اس کو پکڑیں گے تو یہ پھر عصا بن گیا۔ اللہ نے فرمایا کہ اے موسیٰ اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈالئے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے حکم کی تعمیل کی تو بغیر کسی عیب اور بیماری کے ان کا ہاتھ چاند کی طرح چمکتا ہوا نکلا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے موسیٰ ” عصا اور ید بیضا “ یہ دونوں معجزات ہیں۔ ان کو لے کر آپ فرعون کی طرف جائیے۔ اس نے سرکشی اور نافرمانی اختیار کر رکھی ہے اس کو بتائیے کہ وہ اپنی نافرمانی کے ہر انداز سے باز آجائے۔ اس واقعہ کی بقیہ تفصیلات اگلی آیت میں آرہی ہیں۔ ان آیات میں جو کچھ ارشاد فرمایا گیا ہے۔ اس میں چند باتوں کی وضاحت یہ ہے۔

(1) اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) سے یہ نہیں پوچھا کہ تمہارے ہاتھ میں کیا ہے بلکہ یہ فرمایا کہ تمہارے داہنے ہاتھ میں کیا ہے ؟ اس سے یہ بتانا مقصود تھا کہ اہمیت کی چیز کو داہنے ہاتھ میں ہونا چاہئے۔ اس بات کو نبی کریم ﷺ نے بھی ارشاد فرمایا ہے کہ ” ان اللہ یحب التیامن فی کل شیء حتی التنعل والترجل “ بیشک اللہ کو ہر چیز میں داہنی جانب میں پسند ہیں یہاں تکہ جوتا پہننا اور بالوں میں کنگھی کرنا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دنیا کی دوسری قومیں اپنے ہر کام میں بایاں ہاتھ استعمال کرتی ہیں۔ اہل ایمان اپنے ہر کام کی ابتداء داہنی جانبوں سے کیا کریں تاکہ یہ اہل ایمان کا ایک امتیازی وصف بن جائے کھانے، پینے، کپڑا پہننے، کسی کو کچھ دینے لینے میں ہمیشہ داہنی جانبوں کو اختیار کریں۔

(2) دوسری بات یہ ہے کہ ہاتھ میں عاص رکھنا انبیاء کرام (علیہ السلام) کی سنت ہے۔

(3) اس کائنات میں فاعل حقیقی اللہ ہے۔ اس کی قدرت ہے کہ وہ لکڑی کو اژدھا اور اژدھے کو لکڑے بنا دے ۔ ایک مؤمن کو ہر آن اللہ کی اس قدرت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اللہ سے ہی مانگنا چاہئے کیونکہ اگر اللہ چاہے تو کائنات کی ہر چیز بدل سکتا ہے۔ برے حالات کو بہتر بنا دینا بھی اس کی قدرت سے باہر نہیں ہے۔