بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 57
قَالَ اَجِئْتَنَا لِتُخْرِجَنَا مِنْ اَرْضِنَا بِسِحْرِكَ یٰمُوْسٰى﴿57﴾
- قَالَاس نے کہا
- اَجِئْتَنَاکیا تو آیا ہے ہمارے پاس
- لِتُخْرِجَنَاکہ تو نکالدے ہمیں
- مِنْ اَرْضِنَاہماری زمین سے
- بِسِحْرِكَاپنے جادو کے ذریعہ
- يٰمُوْسٰىاے موسیٰ
لغات القرآن آیت نمبر 57 تا 64
اجئتنا کیا تو ہمارے پاس آیا۔ اجعل بنا دے۔ انخلفہ ہم اس کے خلاف نہ کریں گے۔ مکانا سوی ہموار میدان۔ یوم الزینۃ جشن کا دن، بناؤ سنگار کا دن۔ یحشر وہ جمع ہوجائیں گے۔ جمع کئے جائیں۔ ضحی دن چڑھے۔ ویلکم تمہارا ستیاناس ہوجائے۔ لاتفتروا تم نہ گھڑو، نہ بناؤ۔ یسحت وہ ہلاک کر دے گا۔ خاب نامراد ہوا۔ لتنازعوا آپس میں جھگڑ پڑے۔ اسروا انہوں نے چھپایا۔ النجوی مشورہ۔ المثلی نمونہ جو سب سے بہتر ہو۔ استعلی وہ غالب ہوا۔
تشریح : آیت نمبر 57 تا 64
حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون (علیہ السلام) اللہ کی نشانیوں کے ساتھ بلا خوف و خطر فرعون کے دربا میں پہنچ گئے اور اللہ کی شان ربوبیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کائنات کا خالق ومالک اور رب صرف اللہ ہے اس کے سوا کوئی رب نہیں ہے۔ اس نے اپنی مخلوق کو پیدا کیا اور اس کی مکمل رہنمائی فرمائی۔ انہوں نے مضبوط دلائل کے ساتھ ” عصا “ اور ” ید بیضا “ کے واضح معجزات بھی دکھائے مگر فرعون نے نہ صرف ان معجزات کا انکار کردیا بلکہ ان کے معجزات کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے ان کو کھلا جادو قرار دیدیا اور لوگوں کو اس بات کا یقین دلانے لگا کہ حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون (علیہ السلام) کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ حکومت و سلطنت اور تاج و تخت پر قبضہ کر کے تمہاری بےمثال تہذیب اور مثالی زندگی کا خاتمہ کردیں۔ فرعون کو اس بات کا پوری طرح اندازہ ہوگیا تھا کہ اس کا یہ کہنا کہ میں ” رب اعلیٰ “ ہوں نہایت کمزور، بےبنیاد اور مکڑی کے جالے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا۔ فرعون کے لئے اس پوزیشن کو سنبھالنا دشوار ہوگیا تھا کیونکہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے معجزات اور دلیلیں اس قدر مضبوط اور کھلی آنکھوں سے نظر آنے والی تھیں جس سے ہر شخص اس بات کا قائل ہوگیا تھا کہ واقعی حضرت موسیٰ (علیہ السلام) جو کچھ کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں وہ ایک سچائی ہے۔ مگر فرعون کے خوف سے سب خاموش تھے۔ اس موقع پر فرعون نے ہر طرح کی تدبیریں کر ڈالیں، اس نے لوگوں میں حضرت موسیٰ کے خلاف اشتعال اور غصہ دلانے کیلئے پوچھا کہ جو لوگ گذر چکے ہیں ان کا حشر کیا ہوگا۔ ؟ فرعون کا مقصد یہ تھا کہ اگر حضرت موسیٰ یہ کہتے ہیں کہ وہ جہنم میں جائیں گے تو یقینا لوگ مشتعل ہوجائیں گے کیونکہ اپنے مرنے والے بزرگوں کے خلاف کوئی شخص بھی کسی طرح کی برائی سننے کو تیار نہیں ہوتا۔ حضرت موسیٰ نے ایسا سنجیدہ اور باوقار جواب دیا کہ فرعون کی یہ سازش جھاگ کی طرح بیٹھ گئی۔ فرمایا کہ اس کا علم تو اللہ کو ہے ۔ اس کے پاس مکمل ریکارڈ موجود اور محفوظ ہے۔ وہ اللہ جانتا ہے کہ کس کے ساتھ کیا معاملہ ہوگا۔ فرعون نے دوسرا حملہ ہوئے کہا کہ اے موسیٰ صاف صاف کیوں نہیں کہہ دیتے کہ تم (قبطیوں کا) اقتدار اور سلطنت ختم کر کے اس پر خود قبضہ کرنا چاہتے ہو ؟ فرعون زبان سے تو یہ کہہ رہا تھا لیکن حقیقت یہ تھی کہ وہ حضرت موسیٰ کے کھلے معجزات کو دیکھ کر اپنے دل میں خود بھی ایک خوف سا محسوس کر رہا تھا۔ کہنے لگے کہ میں اس طرح کے جادوئی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والا یا موسیٰ کے جادو کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ فرعون نے کہا کہ اس کے لئے کوئی دن مقرر کرلیا جائے۔ حضرت موسیٰ نے فرمایا کہ جس دن تمہارا میلہ ہوتا ہے اس دن کو مقرر کرلو۔ چناچہ مقابلہ کا دن مقرر کرلیا گیا اور ملک بھر کے تمام شعبدہ بازوں اور جادوگروں کو جمع کرلیا گیا جن کو طرح طرح کے لالچ دے کر کہا گیا تھا کہ اگر تم نے آج موسیٰ کو شکست دے دی تو تمہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔ حضرت موسیٰ کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام جادوگروں نے چھپ چھپ کر چپکے مشورے کرنا شروع کردیئے تکاہ ایک پروگرام کے تحت اپنے اپنے جادو کے کمالات کو پیش کیا جاسکے۔ دوسری طرف حضرت موسیٰ نے فرمایا کہ لوگو ! تم کتنے بدنصیب ہو کہ اللہ کی طرف سے دیئے گئے ان معجزات کو بےحقیقت سمجھ رہے ہو۔ فرمایا کہ میں نے اللہ کے پیغام کو پوری دیانت و امانت سے پہنچا دیا ہے۔ وہی سچاپیغام ہے کیونکہ اللہ پر جھوٹ گھڑنے والے ناکام و نامراد ہو کر رہتے ہیں۔
حضرت موسیٰ کی ان باتوں سے ایک ہنگامہ برپا ہوگیا اور کہنے لگے کہ لوگو ! موسیٰ جادوگر ہیں (نعوذ باللہ) جن کا مقصد یہ ہے کہ اپنے جادو کے زور پر تمہارے ملک پر قبضہ کرلیں۔ تمہیں باہر نکال دیں اور تمہاری بےمثال زندگی کا خاتمہ کردیں۔ لہٰذا تم بھی اپنے تمام داؤں اور صلاحیتوں کو جمع کر کے ان پر حملہ کر دو ، صفیں بنا کر میدان میں اتر آؤ آج وہ خوش نصیب اور کامیاب ہوگا۔ جو اپنے کمالات اور جوہر دکھائے گا۔ اس طرح کی باتوں سے فرعون اور اس کی قوم کے لوگوں نے ہر ایک جوش دلا کر ابھارنے کی بھرپور کوشش کی۔
حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے جادوگروں کا مقابلہ معجزات کے ذریعے کرنے سے پہلے جادوگروں کو اور فرعون کے درباریوں کو نہایت ہمدردی اور نرمی سے نصیحت کی اور ان کو اللہ کے خوف سے ڈرایا تاکہ وہ اپنے کفر سے توبہ کرلیں۔ فرمایا کہ تمہاری تباہی سامنے ہے، اللہ پر جھوٹ نہ گھڑو، کیونکہ سب سے بڑا جھوٹ یہ ہے کہ اللہ کے سوا بھی کوئی معبود ہے۔ اگر تم نے یہ شرک کا انداز اختیار کیا تو عذاب الٰہی تمہیں تباہ و برباد کر کے رکھ دے گا کیونکہ اللہ کا قانون یہ ہے کہ وہ کفر و شرک اور جھوٹ باندھنے والوں کو تہس نہس کئے بغیر نہیں چھوڑتا۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے جادوگروں کو نصیحت فرمائی تو وہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کیونکہ حق و صداقت کی آواز دلوں پر اثر کئے بغیر نہیں رہتی۔ یہ سب کچھ سننے کے بعد تمام جادو گر آپس میں مشورہ کرنے لگے کہ کیا کیا جائے۔ اگر فرعون کی بات مانی جاتی ہے تو دنیا و آخرت کا نقصان ہے اور نہیں مانی جاتی تو فرعون کے ظلم و زیادتی سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ آخر کار ان جادوگروں پر دنیا کا لالچ غالب آگیا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہمیں ڈٹ کر حضرت موسیٰ کا مقابلہ کرنا چاہئے۔
اس واقعہ کی بقیہ تفصیل اس کے بعد کی آیات میں بیان کی گئی ہے۔