بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 65
قَالُوْا یٰمُوْسٰۤى اِمَّاۤ اَنْ تُلْقِیَ وَ اِمَّاۤ اَنْ نَّكُوْنَ اَوَّلَ مَنْ اَلْقٰى﴿65﴾
- قَالُوْاوہ بولے
- يٰمُوْسٰٓىاے موسیٰ
- اِمَّآیا تو
- اَنْ تُلْقِيَیہ کہ تو ڈالے
- وَاِمَّآاور یا
- اَنْ نَّكُوْنَیہ کہ ہم ہوں
- اَوَّلَپہلے
- مَنْجو
- اَلْقٰيڈالیں
لغات القرآن آیت نمبر 65 تا 76
حبال (حبل) رسیاں۔ عصی (عصا) لاٹھیاں۔ یخیل خیالی شکلیں بناتا ہے۔ تسعی وہ دوڑتی ہیں۔ او جس محسوس کیا۔ تلقف نگل جاتی ہے۔ کھا جاتی ہے۔ حیث اتی وہ جس طرح آئے۔ اذن اجازت دی۔ لاقطعن میں ضرور کاٹ ڈالوں گا۔ لاصلبن میں ضرور پھانسی دوں گا۔ جذوع تنے۔ النخل کھجور۔ اینا ہم میں سے کون۔ ابقی زیادہ باقی رہنے والا۔ لن نوثر ہم ہرگز ترجیح نہ دیں گے۔ اقض تو کر گزر۔ اکرھتنا تو نے زبردستی کیا۔ مجبور کیا۔ تزکی جس نے پاکیزگی حاصل کی۔
تشریح : آیت نمبر 65 تا 76
جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) سے مقابلہ کے لئے ملک بھر کے جادوگر میدان میں پہنچ گئے تو وہ اپنے جادو کی کامیابی پر ناز کرتے ہوئے بڑے اعتماد سے کہنے لگے کہ اے موسیٰ ! جادو کے کمالات دکھانے کی ابتدا تم کرتے ہو یا ہم کریں ؟ حضرت موسیٰ نے فرمایا کہ ابتدا تم ہی کرو۔ چناچہ ان جادوگروں نے اپنی لاٹھیاں اور رسیاں پھینکنا شروع کردیں۔ توڑی دیر میں ایسا لگا جیسے ساری زمین چھوٹے بڑے سانپوں سے بھر گئی ہے اور وہ سانپ ادھر ادھر دوڑتے نظر آنے لگے۔ یہ سب کچھ دیکھ کر حضرت موسیٰ کے دل میں بشری تقاضے کی وجہ سے ایک خوف سا طاری ہوگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے موسیٰ تمہیں گھبرانے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تم ہی غالب رہوگے اور یہ نظر بندی کا کھیل بہت جلد ختم ہوجائے گا کیونکہ جادو ا کی نظر بندی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے اس بےحقیقت چیز سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ جادو سے کسی چیز کی اصلیت نہیں بدلتی بلکہ جادوگر اپنے خیال کو دورسوں پر اس طرح غالب کردیتا ہے کہ ہر شخص کو صرف وہی نظر آتا ہے جس کو جادوگر چاہتا ہے۔ اللہ نے فرمایا اے موسیٰ ! تم اپنے داہنے ہاتھ رہ جائے گی۔ چناچہ جب حضرت موسیٰ نے اپنا عصا پھینکا تو وہ ایک زبردست اژدھا (بڑا سانپ) بن گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس اژدھا نے تمام سانپوں کو اس طرح نگلنا شروع کردیا کہ کچھ دیر بعد پورا میدان جادوگروں کے سانپوں سے پاک ہوگیا۔ فرعون کے درباری اور حاضرین جو جادوگروں کے کمالات سے بیحد متاثر ہوچکے تھے جب انہوں نے پھنکارتے ہوئے اژدھا اور اس منظر کو دیکھا تو خوف اور دہشت سے ایک دوسرے پر گرتے پڑتے ایک دوسرے کو کچلتے ہوئے وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ نجانے کتنے لوگ اس بھاگ دوڑ میں کچلے گئے ہوں گے۔ اژدھا نے جب فرعون کی طرف رخ کیا تو فرعون گھبرا گیا اور اس نے حضرت موسیٰ سے فریاد کرنا شروع کردی کہ موسیٰ ! مجھے اس اژدھا سے بچاؤ۔ حضرت موسیٰ نے اللہ کے حکم سے اس اژدھا کے منہ میں ہاتھ ڈالا تو وہ پھر سے عصا بن گیا اور جادوگر جو ایک عصائے موسیٰ کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے اور سمجھ گئے کہ عصائے موسیٰ ایک معجزہ ہے اور وہ کوئی نظر بندی یا جادو نہیں ہے جب ان پر یہ سچائی کھل گئی تو وہ تمام جادوگر اللہ کی اس طاقت کے اظہار کو پہچان کر سجدے میں گر پڑے اور واضح الفاظ میں کہہ اٹھے کہ ہم موسیٰ اور ہارون کے رب پر ایمان لے آئے۔ صرف وہی رب العالمین ہے اس کے سوا کوئی رب اور معبود نہیں ہے۔ اس طرح وہ جادوگر فرعون کے خوف اور دہشت کی پرواہ کئے بغیر ایمان کی دولت سے مالا مال ہوگئے۔ فرعون نے جب اس بنے بنائے کھیل کو بگڑتے دیکھا تو کڑک کر کہا کہ تمہاری ہمت کیسے ہوئی کہ تم نے میری اجازت کے بغیر ایمان قبول کرلیا ہے۔ اس نے جس طرح حضرت موسیٰ پر الزام لگایا تھا کہ ان تمام کوششوں کا مقصد اقتدار اور حکومت پر قبضہ کرنا ہے۔ اسی طرح ایمان لانے کے بعد جادوگروں سے کہنے لگا ایسا لگتا ہے یہ سب تمہاری ملی بھگت اور سازش ہے۔ یہ موسیٰ تم سب کا استاد لگتا ہے جس سے تم نے جادو سیکھا ہے۔ فرعون نے کہا تم نے میرے غصہ اور غضب کو دعوت دی ہے۔ فرعون نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں تمہیں ایسی عبرتناک سزا دوں گا جس سے دیکھنے والوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔ اس نے کہا میں تمہیں اس طرح تڑپا تڑپا کر ماروں گا کہ سب سے پہلے میں تمہارے ہاتھ پاؤں مخالف سمت سے کٹواؤں گا یعنی ایک طرف سے ہاتھ اور دوسری طرف سے پاؤں کٹوا کر گلے میں پھندا ڈال کر کھجور کے درختوں پر لٹکوا دوں گا۔ پھر تمہیں اندازہ ہوگا۔ کہ موسیٰ پر یمان لانے کا انجام کتنا بھیانک ہے اور تم اس بات کو اچھی طرح جان جاؤ گے کہ میری طرف سے دی گئی سزا زیادہ سخت ہے یا موسیٰ کے رب کی طرف دی گئی سزا، فرعون نے اپنے تکبر اور غرور کا اظہار تو کردیا مگر وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ موسیٰ تو ان جادوگروں سے واقف بھی نہیں ہیں نہ ان کی شکل و صورت دیکھتی تھی مگر وہ اپنے دلی خوف اور دہشت کو الفاظ کے پردے میں لپیٹ کر دلیر اور بہادر بننے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ دوسرے لوگ اس کی ہیبت اور حکم سے باہر نہ نکل جائیں۔ لیکن فرعون یہ دیکھ کر دنگ رہ گیا کہ اس کی دھمکیوں کا جادوگروں پر کوئی اثر تک نہیں ہوا بلکہ ان کی ایمانی طاقت کا یہ عالم تھا کہ ان لوگوں نے بڑی جرأت ، ہمت، جذبے اور مکمل اعتماد کے ساتھ فرعون کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا کہ اے فرعون ! آج ہمیں پوری طرح انداز ہوگیا ہے کہ اب تک ہماری آنکھوں پر پردے پڑے ہوئے تھے۔ حقیقت حال سے ہم واقف نہ تھے اور تھجے اپنا رب اعلیٰ سمجھتے رہے۔ موسیٰ جو نشانیاں لے کر آئے ہیں انہیں دیکھ کر ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ یہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہی وہی ہمارا پیدا کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم جس گناہ کے راستے پر چل رہے تھے ہم نے اس سے توبہ کرلی اور ہم اس فیصلے پر اس طرح قائم ہیں کہ ایک قدم پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اے فرعون ! اب تو ہماری زندگی کے متعلق جو فیصلہ کرنا چاہتا ہے کرلے ہمیں تیرا ہر فیصلہ منظور ہے۔ انہوں نے فرعون کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اے فرعون تیرا ہر فیصلہ ہمیں زندگی کی راحتوں سے محروم تو کرسکتا ہے لیکن جب ہم نے آخرت کی ابدی زندگی کا فیصلہ کرلیا ہے تو اب ہمیں اپنی جانوں اور تیری دھمکیوں کی پرواہ نہیں ہے۔ بلکہ ہم تو چاہتے ہیں کہ اب تک ہم گناہوں کی زندگی گزارتے رہے ہیں اب ہم اللہ سے درخواست کرتے ہیں کہ جب ہمارا واسطہ اور رابطہ اللہ سے ہوگیا ہے تو وہ ہمارے گناہوں کو معاف کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ باقی رہنے والی ذات صرف اللہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے فرعون ! یہ تیری سلطنت و حکومت، رعب اور دہشت بہرحال ختم ہوجانے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیرا کہا ماننا درحقیقت اپنے سچے رب کے سامنے مجرم بننے کے برابر ہے۔ تیرے انعام و اکرام کا لالچ اور تیری سزائیں اس دنیا تک محدود ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اپنے رب کے سامنے مجرم بن کر پیش نہ ہوں کیونکہ اس میں ہمیشہ کی زندگی کی تباہی و بربادی ہے۔ آخرت کی زندگی ایسی ہے کہ اس میں ایسے لوگوں کو نہ تو موت آئے گی کہ ان کی جان چھوٹ جائے اور نہ ایسی زندگی ہوگی کہ جس سے جینے کا آرام، سکون اور لطف اٹھایا جاسکے۔ لیکن جو لوگ ایمان لا کر عمل صالح اختیار کریں گے ان کا مرتبہ اور مقام آخرت میں بہت بلند ہوگا۔ ان کو ہمیشہ رہنے والی جنتیں ملیں گی جن کے نیچے سے نہریں جاری ہوں گی۔ وہ جب ان کو دیدی جائیں گی تو ان سے کبھی چھینی نہ جائیں گے۔ یہ ان لوگوں کی نیکیوں کا بدلہ ہوگا۔ کامیابی اور کامرانی ہوگی۔ کیونکہ جو شخص ایمان لانے کے بعد نیک اور بھلے کام کرے گا اس کو اللہ بہترین جزا عطا فرمائیں گے۔ اس سے معلوم ہوا کہ ایمان طاقت و قوت، جرات و ہمت اور بہادری کا نام ہے۔ جب یہ ایمان دل میں آجاتا ہے تو پھر آدمی اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا۔ اس کے دل میں اگر خوف ہوتا ہے تو صرف حقیقی معبود اور رب العالمین کا اس کے سوا وہ ہر خوف اور دھمکی سے بےنیاز ہوجاتا ہے۔