IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 77

  1. وَ لَقَدْ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰۤى١ۙ۬ اَنْ اَسْرِ بِعِبَادِیْ فَاضْرِبْ لَهُمْ طَرِیْقًا فِی الْبَحْرِ یَبَسًا١ۙ لَّا تَخٰفُ دَرَكًا وَّ لَا تَخْشٰى﴿77﴾

    1. وَلَقَدْ اَوْحَيْنَآاور تحقیق ہم نے وحی کی
    2. اِلٰىطرف۔ کو
    3. مُوْسٰٓىموسیٰ
    4. اَنْ اَسْرِکہ راتوں رات لے جا
    5. بِعِبَادِيْمیرے بندے
    6. فَاضْرِبْپس بنا لینا
    7. لَهُمْان کے لیے
    8. طَرِيْقًاراستہ
    9. فِي الْبَحْرِدریا میں
    10. يَبَسًاخشک
    11. لَّانہ
    12. تَخٰفُخوف ہوگا
    13. دَرَكًاپکڑنا
    14. وَّلَا تَخْشٰىاور نہ ڈر
Translation · Baseerat-e-Quran
اور ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ میرے بندوں کو راتوں رات لے کر نکل جاؤ اور پھر سمندر میں ان کے لئے (عصا مار کر ) خشک راستہ بنا لینا نہ تو پکڑے جانے کا خوف کرنا اور نہ ڈوبنے کا۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 77 تا 89

بس راتوں رات نکل جا۔ طریق راستہ۔ یبس خشک۔ درک پکڑنا۔ لاتخشی خوف نہ کر۔ اضل گمراہ کردیا۔ الایمن داہنے جانب۔ لاتطغوا حد سے نہ بڑھو۔ رجع لوٹ گیا۔ اخلفتم تم نے خلاف کیا۔ اوزار (وزر) بوجھ۔ قذفنا ہم نے پھینک دیا۔ خوار بچھڑے کی آواز ، گائے کی آواز۔ نسی وہ بھول گیا۔ افلا یرون کیا پھر وہ نہیں دیکھتے۔ ضر نقصان۔

تشریح : آیت نمبر 77 تا 89

فرعونی ظلم و ستم اور بنی اسرائیل کے خلاف سازشوں کے باوجود حضرت موسیٰ (علیہ السلام) جب تک مصر میں رہے وہ ان کو نصیحتیں اور تبلیغ دین فرماتے رہے جن سے قوم بنی اسرائیل میں ایک نئی زندگی اور امنگ پیدا ہوگئی۔ حضرت موسیٰ اس طرح فرعن کو معجزات دکھا کر اس بات کی کوشش کرتے رہے کہ کس طرح فرعون قوم بنی اسرائیل کو چھوڑ دے اور وہ فلسطین میں جا کر آباد ہوجائیں تاکہ وہاں آزادی سے اللہ کے دین پر عمل کرسکیں مگر فرعون بنی اسرائیل کو اپنی غلامی سے رہائی دینے پر آمادہ نہ تھا۔ جب فرعون کسی طرح اپنی حرکتوں سے بز نہ آیا تو اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ حکو حکم دیا کہ وہ خود اور بنی اسرائیل کو راتوں رات نہایت خاموشی اور احتیاط سے لے کر ہجرت کر جائیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ کو یقین دلایا کہ ہو کسی طرح کا فکر اور غم نہ کریں۔ بیشک فرعون پیچھا کرے گا لیکن اللہ تعالیٰ اہل ایمان کی حفاظت کا انتظام فرما دیں گے۔ بنی اسرائیل جس علاقے میں رہتے تھے وہ قبطیوں یعنی فرعونیوں کی بستی سے کافی فاصلے پر تھا۔ اس لئے جب لاکھوں بنی اسرائیل راتوں رات نہایت خاموشی اور احتیاط سے مصر کے علاقوں سے نکل کر فلسطین کی طرف چلے تو فرعون او اس کے لوگوں کو ان کی روانگی کا علم نہ ہوسکا۔ راستے میں سمندر پڑتا تھا جب وہ سمندر کے کنارے تک پہنچنے کے قریب تھے کہ کسی طرح فرعون کو اس بات کی اطلاع ہوگئی۔ وہ اپنے تمام لشکر کو لے کر بنی اسرائیل کے تعاقب میں روانہ ہوگیا۔ ابھی بنی اسرائیل پانی کے کنارے پر پہنچے ہی تھے کہ دیکھا فرعون اپنے عظیم الشان لشکر کو لئے ان کے تعاقب میں سمندر کے کنارے کی طرف تیزی سے آ رہا ہے۔ اس ناگہانی آفت کو دیکھ کر بنی اسرائیل بوکھلا اٹھے اور اپنی موت کو سامنے دیکھ کر چلانے لگے کہ اب ان کا کیا ہوگا۔ ایک طرف فرعون کا لشکر ہے اور دوسری طرف ٹھاٹھے مارتا ہوا سمندر ہے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ کی طرف وحی فرمائی کہ موسیٰ گھبرانے یا ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تم اپنا عصا پانی پر مارو پھر ہماری قدرت کا تماشا دیکھو۔ حضرت موسیٰ نے جیسے ہی اپنا عصا پانی پر مارا اللہ کے حکم سے بنی اسرائیل کے بارہ قبیلوں کیلئے بارہ راستے اس طرح بنا دیئے گئے کہ جس سے گذرنا بہت آسان تھا جب بنی اسرائیل ان راستوں سے گذر کر دوسرے کنارے پر پہنچ گئے تو اس وقت فرعون سمندر کے کنارے پر پہنچ گیا۔ پہلے تو فرعون اس عجیب صورتحال سے گھبرایا مگر تکبر اور غرور کے انداز سے کہنے لگا کہ یہ سب میری وجہ سے راستے بنائے گئے ہیں۔ یہ کہہ کر اس نے اپنا گھوڑا ان راستوں پر ڈال دیا۔ اس کی ساری فوج نے اس کی بات کی جب وہ سب کے سب سمندر کے درمیان میں پہنچے تو اللہ نے پانی کو آپس میں مل جانے کا حکم دیا۔ جیسے ہی پانی آپس میں ملا تو فرعون اور اس کا لشکر ڈوبنے لگا۔ جب فرعون نے دیکھا کہ اب موت سامنے ہے اور اس سے نجات کا کوئی راستہ نہیں ہے تو اس نے کہا ” میں اس بات پر ایمان لے آیا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ اللہ جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں میں بھی اس اللہ پر ایمان لاتا ہوں۔ ( سورة یونس) اللہ تعالیٰ نے فرعون کے اس ایمان لان کو قبول نہیں کیا بلکہ فرمایا ” اب تو ایمان لایا ہے حالانکہ اس سے پہلے تو نافرمانی کرتا رہتا تھا اور تو فسادی آدمی ہے۔ پس آج کے دن ہم تیرے بدن کو نجات دیں گے تاکہ اپنے بعد آنے والوں کے لئے تو اللہ کی طرف سے عبرت کا نشان بن جائے۔ ( سورة یونس آیت 90 تا 92) اس طرح فرعون، اس کا لشکر اور غرور وتکبر کا ہر انداز سمندر کے پانی میں غرق کردیا گیا۔ چونکہ اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا تھا کہ فرعون کو غرق کر کے اس کے بدن کو بچا لیا جائے گا اس لئے اللہ نے اس کی موت کے بعد اس کی لاش کو سمندر کے کنارے پر لا ڈالا جب قوم نے فرعون کی لاش کو دیکھا تب ان کو یقین آگیا کہ فرعون اور اس کا لشکر تباہ و برباد ہوچکا ہے۔ اس تمام صورتحال کو بنی اسرائیل دوسرے کنارے پر دیکھ رہے تھے کہ اس کائنات میں ساری قوت و طاقت صرف اللہ تعالیٰ کی ہے وہ جب چاہتا ہے طاقت و قوت کا دعویٰ کرنے والوں کو ان کی نافرمانیوں کی وجہ سے تہس نہس کر ڈالتا ہے۔ فرعون کے غرق کردینے کے بعد حضرت موسیٰ (علیہ السلام) پوری قوم بنی اسرائیل کو لے کر صحرائے سینا سے گزرنے لگے اس وقت ان کی خوراک کے ذخیرے ہونے لگے اور جو کچھ اپنے ساتھ لائے تھے ان کو کم ہوتا دیکھا تو ایک دفعہ پھر بوکھلا اٹھے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے سامنے ساری صورت حال کو رکھا۔ اللہ نے حضرت موسیٰ کی دعا کی برکت سے صحرا میں بنی اسرائیل کو خوراک کا انتظام کردیا اور ” من وسلویٰ “ نازل کیا۔ اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے قوم بنی اسرائیل کو یاد دلایا ہے کہ وہ ان نعمتوں کو یاد کریں جو اللہ نے ان پر نچھاور کی ہیں۔ سب سے پہلی نعمت تو یہ ہے کہ اللہ نے بنی اسرائیل کو فرعون اور اس کے ظلم سے نجات عطا فرمائی، ان کے دشمنوں کو کیفرکردار تک پہنچا دیا اور غرق کردیا گیا۔ دوسری نعمت یہ ہے کہ اللہ نے ایک لق و دق صحرا میں ” من وسلویٰ “ جیسی تازہ، لذیذ اور بہترین غذا عطا فرمائی۔ نزول توریت کے متعلق فرمایا کہ جب اللہ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کوہ طور پر بلایا تاکہ ان کو کتاب ہدایت دی جائے تو حضرت موسیٰ اس خوشی میں کہ اللہ نے ان کی قوم کی ہدایت کے لئے راہنما اصول عطا فرمانے کا وعدہ کیا ہے بہت جلد کوہ طور پر پہنچ گئے۔ فرمایا کہ اللہ نے جو کچھ کرم فرمائے ہیں ان کا یہ تقاضا ہے کہ وہ لوگ ہدایت کے سیدھے راستے پر چلیں۔ جو بھی ان کو رزق حلال دیا گیا ہے اس کو کھائیں استعمال کریں لیکن حد سے نہ گزریں، ورنہ اللہ کے عذاب کو روکنا ممکن نہ ہوگا۔ کیونکہ جس پر اللہ کا عذاب نازل ہوتا ہے وہ بڑا بدنصیب اور اللہ کی رحمتوں سے محروم ہوتا ہے۔ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو ایمان لا کر عمل صالح اختیار کرتے ہیں اور توبہ کرنے کو اپنا شعار بنا لیتے ہیں۔ ان پر اللہ کی رحمتیں برستی ہیں۔ چناچہ بنی اسرائیل جب تک اللہ کے حکم کی تعمیل کرتے رہے اور انہوں نے جھوٹ، فریب اور کفر کی روش اختیار نہ کی تھی اس وقت تک اللہ نے ان پر بےانتہا کرم فرمائے لیکن جب وہ صراط مستقیم کو بھول کر کفر اور زیادتیوں میں لگ گئے تو اللہ نے اسی قوم کو ذلیل و خوار کر کے رکھ دیا۔ سورة بنی اسرائیل میں اس کی تفصیل گذر چکی ہے کہ جب بنی اسرائیل نے اللہ کی نافرمانی اختیار کی تو وہ اللہ کے عذاب سے نہ بچ سکے ان پر ظالم و جابر بادشاہوں کو مسلط کر کے ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی۔ انہوں نے ان کے گھروں اور بستیوں کو اجاڑ دیا اور ان کے گھروں میں گھس گئے۔ ان کو اور ان کی اولاد دوں کو نہ صرف قتل کیا گیا بلکہ ان کو اس طرح بےعزت کیا گیا کہ ان کو اپنا وجود سنبھالنا دشوار ہوگیا۔ اس طرح وہ عرصہ تک کفار و مشرکین کے ظالمانہ نظام کے حت اپنی زندگیاں گذارنے پر مجبور کردیئے گئے۔ لیکن جب انہوں نے اپنے گناہوں کی معافی مانگی اور اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہوئے تو ان کو دوبارہ عزت و عظمت سے ہم کنار کردیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے احسانات کا ذکر کرنے کے بعد بنی اسرائیل کو ان کی لغزشوں اور کوتاہیوں پر آگاہ کیا ہے اور فرمایا ہے کہ تم نے ہمیشہ جلد زی سے کام لیا ہے اور صبر سے کام نہیں یا۔ اس لئے تم بےصبری کی وجہ سے سامری جیسے مکار آدمی کے جال میں پھنس گئے تھے اور حضرت موسیٰ جو چند روز کے لئے کتاب ہدایت لینے کو وہ طور پر گئے تھے تم ان کی واپسی کا بھی انتظار نہ کرسکے تھے اور سامری کے بنائے ہوئے بچھڑے کو تم نے اپنا معبود بنا لیا تھا۔ واقعہ یہ بیان کیا گیا ہے کہ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) تو ریت لینے کے لئے کوہ طور پر گئے تو انہوں نے حضرت ہارون (علیہ السلام) کو اپنا قائم مقام بنایا اور خود کوہ طور پر تشریف لے گئے تیس دن کے بجائے جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو اللہ نے دس دن کے لئے مزید روک لیا تو سامری نے بنی اسرائیل کے زیورات سے ایک ایسا بچھڑابنایا جس سے ایک خاص آواز نکلتی تھی اور اس نے بنی اسرائیل کو یقین دلا دیا کہ موسیٰ ہم سب کو چھوڑ کر کہیں چلے گئے ہیں اور جاتے ہوئے یہ بتانا بھول گئے تھے کہ یہی بچھڑا تمہارا معبود ہے۔ حضرت ہارون (علیہ السلام) نے پوری قوم کو سمجھایا کہ یہ سامری کا فریب ہے مگر قوم بنی اسرائیل نے بچھڑے کو معبود بنا کر اس کی پرستش اور عبادت شروع کردی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ کو بتایا کہ تمہارے آنے کے بعد تمہاری قوم ایک فتنے میں مبتلا ہوگئی ہے۔ حضرت موسیٰ توریت کی تختیاں لے کر جن پر اللہ کی آیات تحریر تھیں جب واپس پہنچے اور قوم کو بچھڑے کی پوجا کرتے دیکھا تو غصہ سے بےقابو ہوگئے تو ری کی تختیاں بھی ہاتھ سے چھوٹ گئیں اور یہ سمجھ کر ان کے بھائی حضرت ہارون نے غفلت کا مظاہرہ کیا ہے شدید غصے میں ان کے سر کے بال اور ڈاڑھی پکڑ کر فرمایا کہ تم نے قوم بنی اسرائیل کو کس حال تک پہنچا دیا۔ حضرت ہارون نے فرمایا کہ بھائی پہلے میری بات تو سنو، میں نے اپنی قوم کو ہر طرح سمجھایا گیا مگر وہ سب کے سب سامری کے فریب میں پھنس گئے تھے میں کیا کرتا۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے اس کے بعد سامری کو بلا کر پوچھا۔ اس نے کہا کہ میں نے حضرت جبرئیل کے پاؤں تلے سے مٹی اٹھا کر اس میں ڈال دی تھی اور اس میں سے ایک آواز نکلنے لگی تھی حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے فرمایا کہ تیری سزا تو یہ ہے کہ اب تو ہر شخص سے کہے گا کہ ” مجھے ہاتھ نہ لگاؤ “ یعنی مجھ سے دور رہو اور پھر بنی اسرائیل کے ان لوگوں کے لئے جنہوں نے بچھڑے کی عبادت کی تھی اس کی سزا مقرر فرمائی۔ اس کی تفصیل آگے آئے گی۔ خلاصہ یہ ہے کہ اللہ نے بنی اسرائیل کو اپنی نعمتیں اور احسانات یاد دلا کر فرمایا ہے کہ اللہ نے تمہیں ہر نعمت سے نوازا تھا مگر تم نے نافرمانیوں کی انتہا کردی جس کی تمہیں سزا دی جا رہی ہے اور نبی کریم ﷺ کے تشریف لانے کے بعد پھر ایک موقع دیا جا رہا ہے۔ اگر اس قوم نے اپنی اصلاح کرلی تو ان کو دین و دنیا کی تمام بھلائیاں عطا کی جائیں گیا ور اگر ان کا کہنا نہ مانا تو پھر قیامت تک ان کی اصلاح ممکن نہ ہوگی۔