بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 9
وَ هَلْ اَتٰىكَ حَدِیْثُ مُوْسٰىۘ﴿9﴾
- وَهَلْاور کیا
- اَتٰىكَتمہارے پاس آئی
- حَدِيْثُبات۔ خبر
- مُوْسٰىموسیٰ
لغات القرآن آیت نمبر 9 تا 16
حدیث بات چیت، خبر۔ اھل گھر والے، بیوی۔ امکثوا تم ٹھہر جاؤ ۔ رک جاؤ۔ انست میں نے دیکھا ہے۔ لعلی شاید کہ میں۔ قبس سلگتی لکڑی۔ انگارہ، نودی آواز دی گئی۔ اخلع اتار دے۔ نعلیک (نعلین) دونوں جوتے۔ الواد میدان۔ المقدس پاک صاف، مقدس۔ طوی میدان۔ اخترتک میں نے تجھے چن لیا، پسند کرلیا۔ استمع غور سے سنو۔ الساعۃ گھڑی، قیامت۔ اکاد میں قریب ہوا۔ اخفی میں چھپا کر رکھوں۔ تسعی دوڑتا ہے۔ لاتصدن نہ روک دے ۔ تردیٰ ہلاک ہوجائے۔
تشریح : آیت نمبر 9 تا 16
حضرت موسیٰ (علیہ السلام) ایک قبطی کو مار ڈالنے کے الزام اور فرعون کے ظلم و ستم اور بےانصافی کے خوف سے مصر سے مدین تشریف لے گئے تھے۔ مدین میں حضرت شعیب (علیہ السلام) کی صاحبزادی سے آپ کا نکاح ہوگیا۔ حضرت شعیب کی شرط کے مطابق حضرت موسیٰ (علیہ السلام) چند سال مدینے میں رہ کر اپنی اہلیہ کے ساتھ مصر کے لئے روانہ ہوگئے۔
ان آیات میں جس واقعہ کا ذکر کیا گیا ہے وہ ایک اندھیری رات تھی۔ سردی شباب پر تھی، بکریوں کا گلہ ساتھ میں تھا اس حالت میں راستہ بھول گئے۔ بکریاں ادھر ہوگئیں اور ان کی اہلیہ کو زچگی کا درد شروع ہوگیا۔ اندھیرے کی وجہ سے سخت پریشانی تھی جس کو تاپنے اور سینکنے کے لئے آگ بھی موجود نہ تھی۔ اچانک حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو دور ایک آگ نظر آئی۔ حضرت موسیٰ نے اپنی اہلیہ سے کہا کہ تم یہیں ٹھہرو، میں جا کر آگ کا ایک انگارہ یا شعلہ لے کر آجاتا ہوں۔ ممکن ہے کوئی ایسا شخص بھی مل جائے جس سے راستہ کا پتہ معلوم کرلوں۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) جب میدان میں پہنچے تو دیکھا ایک درخت سے آگ کے شعلے بھڑک رہے ہیں ۔ انہوں نے ایک عجیب بات دیکھی کہ آگ جتنی زور سے بھڑکتی ہے وہ آگ والا درخت اتنا ہی خوبصورت اور سرسبز و شاداب ہوجاتا ہے۔ وہ درخت سے قریب ہوتے گئے تاکہ اگر کوئی شاخ جل کر گرے تو اس کو اٹھالیں۔ لیکن وہ آگ سے جتنا قریب ہوتے، آگ دور ہوتی جاتی پیچھے ہٹتے تو ایسا محسوس ہوتا کہ آگ ان کا پیچھا کر رہی ہے۔ حضرت موسیٰ اس آگ سے ایک نامعلوم سا خوف محسوس کرنے لگے۔ اچانک اس درخت میں سے آواز آئی کہ اے موسیٰ یہ میں ہوں تیرا پروردگار امام احمد نے وہب سے نقل کیا ہے کہ جب انہوں نے یا موسیٰ ! سنا تو کئی مرتبہ چاروں طرف پلٹ کر دیکھتے ہوئے ” لبیک “ کہا اور عرض کیا، میں آپ کی آواز تو سن رہا ہوں مجھے کچھ آہٹ سی محسوس ہو رہی ہے۔ مگر آپ کہاں ہیں ؟ مجھے آپ نظر نہیں آ رہے ہیں۔ آواز آئی میں تیرے اوپر ہوں، تیرے ساتھ ہوں، تیرے سامنے ہوں، تیرے پیچھے ہوں اور تیری جان سے زیادہ قریب ہوں۔ کہتے ہیں کہ اس وقت حضرت موسیٰ (علیہ السلام) روئے تو میں سے اللہ کا کلام سن کر ایک عجیب لذت اور کیف محسوس کر رہے تھے۔ (معارف القرآن) جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اس آگ سے قریب ہوئے تو درخت سے آواز آئی۔ اے موسیٰ ! یہ آگ نہیں ہے، بلکہ میں تمہارا پروردگار ہوں، اس وقت ایک پاکیزہ اور مقدس وادی طوی میں کھڑے ہو، اس مقام کے تقدس کا تقاضا ہے کہ اپنے دونوں جوتے اتار دو ، میں نے تمہیں اپنا رسول منتخب کیا ہے۔ اس لئے جو کچھ کہا جائے اس کو سنو اور اس کے مطابق عمل کرو، فرمایا (1) بیشک میں اللہ ہوں، میرے سوا کوئی عبادت و بندگی کے لائق نہیں ہے۔ (2) میری عبادت و بندگی کرو۔ (3) نماز قائم کرو کیونکہ مجھے یاد کرنے کا بہترین ذریعہ نماز ہی ہے۔ (4) یہ دنیا مستقل رہنے کی جگہ نہیں ہے بلکہ ایک دن فنا ہوجانے والی ہے۔ پھر وہ وقت آنے والا ہے جب دنیا ختم ہوجائے گی اور قیامت آجائے گی۔ (5) ہم نے قیامت کے دن کو اس لئے پوشیدہ رکھا ہے تاکہ ہر شخص اس کے انتظار میں حسن عمل کرتا رہے۔ (6) قیامت کا واقع ہونا ایک ایسا اٹل فیصلہ ہے جس میں شک و شبہ تک گنجائش نہیں ہے لیکن لوگ غفلت میں پڑے ہوئے ہیں اور اس دن کو بھولے ہوئے ہیں جو بہت جلد آنے والا ہے۔ (7) آپ ان لوگوں کی پروانہ کیجیے جو اس پر یقین نہیں رکھتے وہ اپنی بربادی کا خود سامان کر رہے ہیں۔ (8) آپ اس ہلاکت میں نہ پڑیں۔
اس کے بعد کی آیات میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کا بقیہ واقعہ اور اس کی تفصیلات آرہی ہیں جو آیات آپ نے اس وقت پڑھی ہیں اور اس کی تشریح ملاحظہ کی ہے ان میں چند باتیں ایسی ہیں جن کی تفصیل عرض کی جا رہی ہے۔
(1) حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے جان بوجھ کر قبطی شخص کو قتل نہیں کیا تھا بلکہ وہ ایک اسرائیلی کو بچانے کے لئے آگے بڑھے تھے اور اچانک ایک مکہ کی چوٹ سے اس قبطی کی موت واقع ہوگئی تھی جس پر خود حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو بھی افسوس ہوا۔ جب حضرت موسیٰ کو کسی نے بتایا کہ قبطی کے قتل کے الزام میں فرعون ان کو ناحق سزا دینا چاہتا ہے تو وہ خاموشی اور احتیاط کے ساتھ مصر سے مدین کی طرف ہجرت کر گئے تاکہ فرعون کے ظلم سے اپنے آپ کو بچا سکیں۔ کیونکہ فرعون ایک جابر و ظالم شخص تھا جس سے کسی انصاف کی امید نہیں کی جاسکتی تھی۔ لہٰذا حضرت موسیٰ بشری تقاضے کے تحت اپنی جان کو حفاظت کے لئے مدین کی طرف روانہ ہوگئے۔ اس سے معلوم ہوا کہ جان بچانا اور بےانصافی کے ماحول میں خوف محسوس کرنا شان نبوت کے خلاف نہیں ہے۔ جس طرح نبی کریم ﷺ نے قریش مکہ کے ظلم و ستم اور بےانصافی کو دیکھتے ہوئے مکہ سے مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی اور تین دن اور تین راتوں تک آپ نے غار ثور میں چھپ کر پناہ لی۔
(2) اپنے گھر والوں کی حفاظت اور ان کے لئے اتنے سامان زیست کی فکر کرنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ زندگی کی کڑی دھوپ میں اپنے آپ کو محفوظ تصور کرسکے۔
(3) اللہ ہر جگہ موجود ہے، حضرت موسیٰ (علیہ السلام) جس آگ کو دیکھ رہے تھے وہ درحقیقت دنیاوی آگ نہ تھی بلکہ اللہ کا نور جمال و جلال، تجلی الٰہی یا حجاب نوری تھا جس کو حضرت موسیٰ آگ سمجھ بیٹھے تھے۔
(4) جس طرح اللہ نے زمین کے بعض حصوں اور عمارتوں کو ایک خاص اعزازو اکرام اور شرف و امتیاز بخشا ہے جیسے بیت اللہ شریف، مسجد نبوی شریف اور مسجد اقصیٰ کو اسی طرح کوہ طور کے دامن میں ایک مقدس ” وادی طوی “ ہے جہاں حضرت موسیٰ کو شریف نبوت سے نوازا گیا ۔ وہ بھی ایک مقدس و محترم مقام ہے۔
(5) ایک طرف تو قرآن کریم کی اس آیت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وادی طوی ایک مقدس وادی ہے جس کا احترام یہ سکھایا گیا ہے کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اپنے جوتے اتار دیں لہٰذا ہر مقدس و محترم مقام پر جوتے اتار دینا چاہئے۔ اس لئے یہودی اپنی عبادت کے وقت اپنے عبادت خانے میں جوتے اتار کر عبادت کرتے ہیں۔ دوسری طرف نبی کریم ﷺ نے یہ فرمایا ہے کہ یہود کی مخالفت کرنے کیلئے جوتے پہن کر بھی نماز پڑھی جاسکتی ہے (اس کی مزید تفصیل معارف القرآن ج 5 ص 70 پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے) اس سلسلہ میں اتنی بات عرض ہے کہ جوتے پہن کر نماز پڑھنا اگر یہود کی مخالفت کے لئے ہو تو جائز ہے لیکن اس کو ایک اصول کے طور پر نہیں لیا جاسکتا کیونکہ اس سے بہت سے اسلامی اصولوں کی نفی ہوجائے گی۔ مثلاً جوتے وہ ہوتے ہیں جو گندگی سے گزرتے ہیں جب کہ پاکی اور ستھرائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے اور عبادت گاہوں میں اس اصول کی پابندی زیادہ ضروری ہے ۔ لہٰذا اگر میں وادی طویٰ میں جاؤں گا تو ضرور جوتے اتار دوں گا تاکہ اللہ کے حکم کی تعمیل ہوجائے لیکن بیت اللہ اور مسجد نبوی میں جاتے وقت میں کبھی جوتے نہیں پہنوں گا کیونکہ اس سے بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی کا احترام ممکن نہیں ہے۔ جس طرح چارشادیوں کی اجازت دی گئی ہے لیکن یہ کوئی ایسا حکم نہیں ہے کہ ہر شخص جب تک چار شادیاں نہیں کرے گا تو نعوذ باللہ وہ مسلمان ہی نہیں ہو سکتا۔ یہ ایک ضرورت ہے اگر کوئی شخص عدل و انصاف کرسکتا ہے تو اس کے لئے مزید شادیاں (شریعت کے مطابق) کرلینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ بعض موقعے ایسے ہوتے ہیں جہاں جوتوں کے اندر ہی نماز پڑھنا ضروری ہوتا ہے جیسے فوجی جب میدان جنگ میں ہوتا ہے وہاں جوتے اتارنے میں دشمن کے اچانک حملہ کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ لہٰذا یہاں جوتے پہن کر ہی نماز پڑھی جاسکے گی۔ لیکن ہر جگہ اس حکم پر عمل کرنا ممکن نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں نے اس کو ایک اصول کے طو پر کبھی نہیں لیا۔ دوسری بات یہ بھی ہے کہ آج قرآن کریم میں اس بات کو بیان کیا گیا ہے کہ موسیٰ (علیہ السلام) کو وادی مقدس میں جوتے اتارنے کا حکم دیا گیا ہے تو ہم سب سے پہلے قرآن کریم کے اس اصول پر عمل کریں گے اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں حدیث کے مطابق عمل کرلینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
(6) اللہ کی عبادت و بندگی اور اس کی یاد کا اعلیٰ اور افضل ترین طریقہ نماز پڑھنا ہے۔ کیونکہ نماز دین کا ستون، دل کا سکون اور ایمان کا نور ہے۔ نبی کریم ﷺ (اور آپ کی امت کو بھی حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی شریعت کی طرح نمازوں کی ادائیگی اور اہتمام کا حکم دیا گیا ہے۔ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی امت کو دن بھر میں صبح و شام دو وقت کی نمازوں کا حکم تھا جب کہ نبی کریم ﷺ اور آپ کی امت پر دن بھر میں پانچ نمازیں فرض کی گئی ہیں۔
(7) قیامت کب آئے گی، اس کی کیفیات کیا ہوں گی اس کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے اس کے سوا کسی کو بھی اس کا علم نہیں دیا گیا اس کے پوشیدو رکھنے کی وجہ یہ ارشاد فرمائی گئی تاکہ لوگ قیامت کے ہولناک دن کے خوف سے حسن عمل میں لگے رہیں اگر غور کیا جائے تو قیامت صغریٰ ہر انسان سے بہت قریب ہے کیونکہ جو شخص مرگیا اس کی قیامت تو شروع ہوگئی کیونکہ اب وہ ایک لمبی سی نیند لے کر حشر کے دن اٹھے گا۔ لہٰذا قیامت انسان سے دور نہیں ہے لیکن وہ قیامت کبری جس سے اس پورے نظام کائنات کو الٹ پلٹ دیا جائے گا وہ ایک ایسے مقررہ وقت پر آئے گی جس کا علم کسی کو بھی نہیں دیا گیا۔ نبی کریم ﷺ نے قیامت کی کچھ نشانیاں بتائی ہیں جن کی تفصیل سے اندازہ ہوتا ہے کہ قیامت کبری بھی اب انسان سے دور نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ جو شخص اس قیامت کے دن پر ایما نہیں رکھتا اور وہ اپنی نفسانی خواہشات میں لگا رہتا ہے فرمایا کہ ” اے نبی ! آپ اس شخص کو اہمیت نہ دیں کیونکہ وہ تو آپ کو روکنے اور ہلاکت میں ڈالنے کی کوششیں کرتا رہے گا۔ “