IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 20. Taa-Haa · Ayah 99

  1. كَذٰلِكَ نَقُصُّ عَلَیْكَ مِنْ اَنْۢبَآءِ مَا قَدْ سَبَقَ١ۚ وَ قَدْ اٰتَیْنٰكَ مِنْ لَّدُنَّا ذِكْرًاۖۚ﴿99﴾

    1. كَذٰلِكَاسی طرح
    2. نَقُصُّہم بیان کرتے ہیں
    3. عَلَيْكَتجھ پر۔ سے
    4. مِنْسے
    5. اَنْۢبَآءِخبریں، احوال
    6. مَاجو
    7. قَدْ سَبَقَگزر چکا
    8. وَقَدْ اٰتَيْنٰكَاور تحقیق ہم نے تمہیں دیا
    9. مِنْ لَّدُنَّااپنے پاس سے
    10. ذِكْرًا(کتاب) نصیحت
Translation · Baseerat-e-Quran
اسی طرح ہم آپ کو گذرے ہوئے حالات سے باخبر ہیں او ہم نے آپ کو اپنی طرف سے نصیحت والی کتاب عطا کی ہے
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 99 تا 112

نقص ہم بیان کرتے ہیں۔ انباء خبریں۔ سبق جو گزر گیا۔ لدنا ہمارے پاس۔ اعرض جس نے منہ پھیرا۔ حمل بوجھ۔ زرق (ازرق) نیلی آنکھیں۔ یتخافتون چپکے چپکے کہیں گے۔ لبثتم تم ٹھہرے رہے ، رکے رہے۔ امثل زیادہ سے زیادہ۔ ینسف وہ اکھاڑدے گا۔ قاع ہموار میدان۔ صفصف چٹیل میدان۔ امت ٹیلہ، ابھری ہوئی زمین۔ خشعت نیچے، پست ہوگی۔ ھمس دھیمی اور ہلکی آواز۔ عنت چھپ جائے گی۔ الوجوہ (وجہ) چہرے۔ ظلم زیادتی۔ ھضم نقصان پہنچنا، حق تلفی کرنا۔ ٹکڑے ہونا۔

تشریح : آیت نمبر 99 تا 112

نبی کریم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبی ! قرآن کریم کے ذریعہ ہم آپ کے سامنے قوموں کے جن واقعات اور انبیاء کرام (علیہ السلام) کے احوال کو بیان کر رہے ہیں ان کا اصل مقصد ہدایت، عبرت اور نصیحت کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے۔ سورة طہ میں حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون (علیہ السلام) کا واقعہ اور بنی اسرائیل کے مزاج کو تفصیل سے بیان کرنے کے بعد ارشاد فرمایا جا رہا ہے کہ قرآن حکیم اللہ کی وہ آخری کتاب ہدایت ہے جس کی تعلیمات قیامت تک ہر شخص کے لئے رہبر و رہنما ہیں۔ اگر کوئی شخص قرآن حکیم جیسی عظیم کتاب سے منہ پھیرتا ہے یعنی اس کتاب کو پڑھنے، سمجھنے اور عمل کرنے سے گریز کرتا ہے تو اس کو نہ تو اس دنیا میں امن و سکون نصیب ہوگا۔ نہ قیامت کے ہولناک دن اس کی نجات کا سامان میسر آسکے گا بلکہ ان لوگوں کے برے اعمال ان کے سینے پر ایک بوجھ ہوں گے۔

فرمایا کہ وہ دن کس قدر دہشت ناک ہوگا۔ جب اللہ تعالیٰ کے حکم سے (حضرت اسرافیل) صور پھونکیں گے اور ایک شخص (یعنی اسرافیل) بلند آواز سے لوگوں کو محشر کی طرف بلائیں گے تو اولین و آخرین کے تمام مردے اپنی اپنی قبروں سے نکل کر میدان حشر میں جمع ہوجائیں گے۔ یہ سب کچھ اس قدر اچانک اور ہولناک انداز سے ہوگا۔ کہ کفر و شرک میں مبتلا لوگ حیران و ششدر اور ان کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ جائیں گی اور نیلی پڑجائیں گی۔ ان پر ایسی وحشت طاری ہوگی کہ وہ چپکے چپکے بیان کریں گے اور کہیں گے کہ ہم نے دنیا میں صرف دس دن گزارے ہیں جو ان میں ذرا سوجھ بوجھ کے دعوے دار ہوں گے وہ کہیں گے کہ ”’ اس دن کہاں، ایسا لگتا ہے کہ اس دنیا میں ہم صرف ایک دن رہ کر آگئے ہیں “ اور اب میدان حشر میں جمع کردیئے گئے ہیں۔ فرمایا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو دنیا میں بڑے عقل مند بننے کی کوشش کرتے تھے اور کہتے تھے کہ چلو ہم تو ایک کمزور سی مخلوق ہیں لیکن یہ بلند وبالا پہاڑ جو زمین پر میخوں کی طرح گڑے ہوئے ہیں کیا یہ بھی ختم ہوجائیں گے، فرمایا کہ تمہیں اللہ کی طاقت ، قوت اور قدرت کا اندازہ ہی نہیں ہے۔ اس کے سامنے یہ پہاڑ کیا چیز ہیں۔ ان کی کیا طاقت ہے۔ جب اللہ تعالیٰ چاہیں گے ان پہاڑوں کو ریزہ ریزہ کر کے ہوا میں اڑا دیں گے اور زمین اس طرح ہموار ہوجائے گی جس میں نشیب و فراز اور اونچ نیچ نہ رہے گی۔ جب صور پھونکا جائے گا اور ان کو جمع ہونے کے لئے کہا جائے گا تو کفار و مشرکین ہر طرف سے مایوس ہو کر اس آواز کی طرف دوڑے آئیں گے ان کی آوازیں اس طرح دب جائیں گی کہ چپکے چپکے باتیں کریں گے اور آوازیں اس قدرت پست ہوں گی کہ سوائے ایک سرسراہٹ کے کچھ سنائی نہ دے گا۔ کفار پر اس قدر مایوسی طاری ہوجائے گی کہ ان کی زبانیں گنگ ہو کر رہ جائیں گی۔ ہر طرف سے مایوس ہوں گے نہ کسی کی سفارش کا آسرا وہ گا اور نہ کوئی اس وحشت میں ڈھارس بند ھانے والا ہوگا۔

اس کے برخلاف جو لوگ صاحب ایمان اور عمل صالح کے پیکر ہوں گے ان کو ہر طرح کی راحتوں سے ہم کنار کیا جائے گا۔ سفارش کے امیدوار اور مستحق ہوں گے۔ ان کو ان کے بہترین اعمال پر جنت کی ابدی راحتیں عطا کی جائیں گی نہ ان کے حق میں کمی کی جائے گی اور نہ ان کے ساتھ کسی طرح کی زیادتی کی جائے گی ان آیات کا خلاصہ یہ ہے۔

(1) قرآن کریم اللہ کی وہ آخری کتاب ہدایت ہے جو تمام انسانوں کے لئے رہبر و رہنما اور معاملات زندگی میں مشعل راہ ہے۔ اس کی تعلیمات بالکل واضح اور آسان ہیں۔ اگر کوئی شخص ان پر عمل کرے گا۔ تو اس کے ایمان میں پختگی کیساتھ ساتھ تمام مصائب ، مشکلات اور تکالیف میں عزم و ہمت کیس اتھ ڈٹ کر ان کا مقابلہ کرنے کی اہلیت پیدا ہوجائے گی اور دنیا و آخرت کی تمام کامیابیاں اس کا مقدر ہوں گی لیکن جو لوگ قرآن کریم اور اس کی تعلیمات سے منہ پھیریں گے یعنی اس کو پڑھنے، سمجھنے اور عمل کرنے سے گریز کریں گے تو یہ نہ صرف ان کی بدقسمتی ہوگی بلکہ ایسے لوگوں کا انجام بڑا بھیانک ہوگا۔ اور دنیا اور آخرت کی ہر بھلائی سے محروم رہیں گے۔

(2) اعلان نبوت کے بعد نبی کریم ﷺ اور آپ کے جان نثار صحابہ کرام جن مصائب اور مشکلات سے گزر رہے تھے تسلی دیتے ہوئے دو باتیں ارشاد فرمائی گئی ہیں (1) اللہ کے دین کو پھیلانے اور اس کی سربلندی کی کوشش کرنے والے پیغمبروں اور ان کے ساتھیوں پر ہر طرح کی مشکلات آئیں لیکن انہوں نے اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے صبر و تحمل سے ہر مصیبت کو برداشت کیا۔ (2) دوسری بات یہ ہے کہ وہ وقتی تکلیفوں کے بعد آخر کار حق و صداقت کی فتح ہوئی اور دنیا و آخرت کی تمام کامیابیاں ان کو عطا کردی گئیں۔ لیکن وہ لوگ جو کفر و شرک میں مبتلا رہے ان لوگوں کی دنیا بھی برباد ہوئی اور آخرت کے ہولناک دن تو خوف و دہشت سے ان کی آنکھیں بھی نیلی پڑجائیں گی۔

(3) فرمایا کہ جب قیامت کے دن صور اسرافیل پھونکا جائے گا تو اگلے پچھلے تمام لوگ زندہ ہو کر میدان حشر میں جمع ہوجائیں گے۔ اس دن کفار و مشرکین اور گناہ گاروں پر ایسی وحشت طاری ہوگی کہ ان کے منہ سے الفاظ نکالنا بھی دشوار ہوگا۔ وہ چپکے چپکے باتیں کر کے اپنی شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہیں گے کہ دنیا میں ہمیں جتنا بھی موقع ملا تھا ہم نے اس سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ شاید وہ مدت دس دن تھی جو دبے قدموں گزر گئی تھی۔ کچھ ایسے لوگ بھی ہوں گے جو عقل مندی کے دعوے دار ہوں گے وہ کہیں گے کہ دس دن کیسے ہمیں تو یہ محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے ایک دن گزار کر میدان حشر میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس کا علم ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے وہ اچھی طرح جانتا ہے کہ وہ کتنی مدت تک رہ کر آئے ہیں۔

(4) جو لوگ کفر و شرک اور گناہوں میں مبتلا ہوں گے وہ اپنے گناہوں کے بوجھ اپنے کاندھوں پر اس طرح لادے ہوئے آئیں گے کہ ان کو کسی طرح کی خیر کی امید نہ ہوگی بلکہ وہ سخت مایوس ہوں گے۔

(5) فرمایا کہ اللہ کی طاقت و قوت اور قدرت ایسی ہے کہ وہ اس کائنات کی ہر چیز کو اور بلند وبالا پہاڑوں کو جب چاہے ذرے بنا کر فضا میں بکھیر سکتا ہے۔ اس کی طاقت کے سامنے کسی کی طاقت نہیں ہے۔ لہٰذا یہ سوال کہ کیا پہاڑ جیسی طاقتور مخلوق کو اللہ تباہ کرسکتا ہے ایک احمقانہ سوال ہے۔

(6) فرمایا کہ جب تک اللہ کی طرف سے اجازت نہ دی جائے گی اس وقت تک اس کی بارگاہ میں کسی کو سفارش کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔ جب اجازت دی جائے گی تو انبیاء کرام اور اللہ کے صاحب ایمان نیک بندے گناہگاروں کی سفارش کریں گے۔ لیکن کفار و مشرکین اس دن ہر طرح کی سفارش اور کرم سے محروم رہیں گے۔

(7) جو لوگ ایمان اور عمل صالح کا پیکر ہوں گے ان پر قیامت کے دن انتہائی کرم ہوگا۔ ان کو ابدی راحتوں سے ہمکنار کیا جائے گا۔ ان کے درجات میں اضافہ کیا جائے گا اور ان پر کسی طرح کا ظلم اور زیادتی نہ ہوگی یہ ان کا بہترین انجام ہوگا۔ ۔