IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 26. Ash-Shu'araa · Ayah 2

  1. تِلْكَ اٰیٰتُ الْكِتٰبِ الْمُبِیْنِ﴿2﴾

    1. تِلْكَیہ
    2. اٰيٰتُآیتیں
    3. الْكِتٰبِ الْمُبِيْنِروشن کتاب
Translation · Baseerat-e-Quran
یہ ایک کھلی ہوئی واضح کتاب کی آیات ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 1 تا 9 :

الکتاب المبین (کھلی اور واضح کتاب) باخع (گھلا ڈالنے والا) ظلت ( ہوگئی (ہوجائیں) ‘ اعناق (عنق) (گردنیں) ‘ خضعین (جھکنے والے) ‘ محدث (نئی بات۔ نئی نصیحت) ‘ انبئوا (خبریں) ‘ انبتنا (ہم نے اگایا) ‘ زوج کریم (عمدہ پاکیزہ جوڑے) ‘۔

تشریح : آیت نمبر 1 تا 9 :

سورۃ الشعراء کی ابتداء حروف مقطعات سے کی گئی ہے۔ اس سے پہلے وضاحت کردی گئی ہے کہ قرآن کریم کی انتیس (29) سورتوں کی ابتداء میں ان حروف کو لایا گیا ہے۔ ان حروف کے کیا معنی ہیں ؟ علماء کرام نے فرمایا ہے کہ ان حروف کے معنی کا علم اللہ رب العزت کو ہے۔ ممکن ہے اللہ تعالیٰ نے ان حروف کے معنی نبی کریم ﷺ کو بتا دیئے ہوں مگر نبی کریم ﷺ نے ان حروف کے معنی امت کو نہیں بتائے۔ اگر ان حروف کے معنی بتانا امت کے لئے ضروری ہوتاتو آپ اپنے جاں نثاروں کو ضرور بتا دیتے۔ علماء مفسرین نے حروف مقطعات کو آیات متشابہات میں شمار فرمایا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں اس حقیقت کو بار بار بیان کیا ہے کہ قرآن کریم اور نبی کریم ﷺ کے فیض صحبت سے ان ہی لوگوں کو ہدایت اور صراط مستقیم پر چلنے کی روشنی عطا کی جاتی ہے جو اپنے دلوں میں حق و صداقت کی طلب اور تڑپ رکھتے ہیں لیکن جنہوں نے ضد ‘ ہٹ دھرمی اور رسول دشمنی کا مزج بنا لیا ہے وہ بڑی سے بڑی سچائی اور صداقت کو کھلی آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود اس پر ایمان لاکر ایک اللہ کی عبادت و بندگی اور نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی اطاعت و محبت اختیار نہیں کرتے حالانکہ کائنات کا ذرہ ذرہ خود اپنے منہ سے اللہ کی خالق ومالک ہونے کی گواہی پیش کررہا ہے۔ لذت و شیرینی سے بھر پور طرح طرح کے پھل ‘ میوے ‘ ترکاریاں اور غلے ‘ سرسبز و شاداب درخت ‘ پودے اور قسم قسم کے نباتات ‘ لہلہاتے کھیت ‘ زمین ‘ پانی ‘ ہوا ایک ہونے کے باوجودرنگ برنگ کے پھول ‘ پتے ‘ پہاڑ ‘ دریا ‘ چاند ‘ سورج ‘ ستارے ‘ صبح و شام اور رات دن کے آنے جانے کا نظام اور خود انسان کا اپنا اوجود اور اس کیا رد گرد پھیلی ہوئی سیڑوں نشانیاں عقل و فہم اور تفکر و تدبر کو دعوت نظارہ دیتی نظر آتی ہیں کہ اس پوری کائنات کا نظام و انتظام صرف اللہ تعالیٰ فرمارہا ہے جو تمام عبادتوں کا مستحق ہے لیکن کھلی آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود وہ ان سچائیوں پر ایمان نہیں لاتے۔ جب نبی کریم ﷺ کفار مکہ کے سامنے قرآن کریم کی آیات کی تلاوت فرماتے تو کہتے کہ یہ قرآن تو محض شعر و شاعری ہے۔ کبھی کہتے کہ یہ تو کوئی جادو یا کہانت ہے حد تو یہ ہے کہ آپ ﷺ کو شاعرو مجنون قرار دیتے تھے۔ آپ کی بیان کی ہوئی سچائیوں کا انکار کرکے طرح طرح کے معجزات کا مطالبہ کیا کرتے تھے ۔ حالانکہ قرآن کریم کی کھلی اور واضح آیات جو ایک معجزہ ہی تھیں ان کی موجودگی میں کسی طرح کے معجزے کا مطالبہ کرنا محض ایک بچکا نہ سی بات تھی جس کا کوئی جو ازنہ تھا مگر ان کے لئے عمل سے بھاگنے کا اس سے بہتر راستہ کوئی نہ تھا۔

نبی اپنی امت کا سب سے زیادہ خیر خواہ اور بھلائی چاہنے والا ہوتا ہے اور دین اسلام کی سچائی پھیلانے کی دن رات جدوجہد کرتا ہے لیکن سوائے چند سعادت مندوں کے ہر ایک انکار کر کے نبی کے پر خلوص جذبے کی ناقدری کرتا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے جب اعلان نبوت فرمایا تو علاوہ شدید مصائب اور پریشانیوں کے اپنے بھی غیر بن گئے تھے جس کی وجہ سے نبی کریم ﷺ کو بہت صدمہ پہنچتا تھا۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ قرآن کریم کی تمام آیات واضح اور صاف صاف احکامات پر مشتمل ہیں جن میں پاکیزہ اور کامیاب زندگی گذارنے کے پر تاثیر اور بھر پور طریقے ارشاد فرمائے گئے ہیں جن کی وضاحت آپ اپنے حسن عمل اور اعلیٰ کردار یس بھی فرما رہے ہیں۔ اگر وہ قرآن کریم کا انکار کریں اور آپ کو جھٹلائیں تو آپ اس پر اتناغم نہ کیجئے کہ خیر و بھلائی سے دور بھاگنے والوں کے پیچھے اپنی جان گھلا ڈالیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر ہم چاہتے تو آسمان سے کوئی ایسی نشانی نازل کردیتے جس کے سامنے تکبر اور غرور سے گردنیں اکڑانے والوں کی گردنیں جھک جاتیں لیکن ہم زبردستی کو ایمان لانے پر مجبور نہیں کرتے کیونکہ ہم تو یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ اللہ کے دیئے ہوئے اختیار اور ارادے کو کس حد تک اور کہاں تک استعمال کرتے ہیں کیونکہ قیامت میں اسی بات پر فیصلہ ہوگا۔ کہ کس شخص نے اپنے لئے کونسا راستہ اختیار کیا تھا۔ یقیناً نیکیوں کا راستہ اختیار کرنے والے ہی دنیا اور آخرت میں کامیاب و بامراد ہوں گے۔

فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ اللہ کا دین پہنچاتے رہیے اور ان کی فکر چھوڑ دیجئے جو دین کی ہر سچائی سے منہ پھیر کر چلنے والے اور دین کا مذاق اڑانے والے ہیں۔ اس کے برخلاف وہ لوگ جو عقل و فکر رکھنے والے سعادت مند ہیں وہ بغیر کسی معجزے اور نشانی کے بھی ایمان لے آئیں گے لیکن جو ضدی ‘ ہٹ دھرم اور بےانصاف لوگ ہیں اگر ان کے سامنے ہر طرح کی نشانیاں بھی رکھ دی جائیں تو وہ اس خیر اور بھلائی سے محروم ہی رہیں گے۔

نبی کریم ﷺ کو تسلی دینے اور کفارو مشرکین کو برے انجام سے آگاہ کرنے کے لئے اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے سات انبیاء کرام کے حالات اور واقعات کا ذکر فرمایا ہے جس میں اسی حقیقت کو کھول کروضاحت سے بیان فرمادیا ہے کہ جن لوگوں نے عقل و فکر اور انبیاء کرام (علیہ السلام) کی اطاعت و فرماں برداری کا راستہ اختیار کیا تھا ان کی دنیا بھی بہتر ہوگئی اور آخرت کی کامیابی بھی یقینی ہے۔ لیکن جن لوگوں نے اپنے وقتی مفادات اور فائدوں کے سامنے انبیاء کرام (علیہ السلام) کی مخالفت کی اور دین اسلام کی سچائی کا مذاق اڑایا ضد ‘ ہٹ دھرمی اور رسول دشمنی کا طریقہ اختیار کیا ان کی دنیا ان کے سامنے ہی اجاڑ دی گئی یا پانی میں غرق کردی گئی اور آخرت میں بھی وہ ہر طرح کی خیر اور بھلائی سے محروم رہیں گے۔

یہ ایسی کھلی حقیقتیں ہیں جن پر گذشتہ امتوں کی زندگیاں اور تاریخ کے اوراق گواہ ہیں اور عبرت و نصیحت کے لے کافی ہیں۔ اکثر لوگ ان باتوں پر غور و فکر کر کیا یمان نہیں لاتے لیکن اللہ جو زبردست حکمت و دانائی والا ہے اور اپنے بندوں پر مہربان ہے وہ قیامت تک انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کرتا رہے گا۔ نبوت کا سلسلہ تو سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر ختم ہوگیا ہے اب قرآن کریم جیسی واضح کتاب اور نبی کریم ﷺ کی سنتوں کی موجودگی میں کسی نئے نبی یا رسول کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اب آپ کی لائی ہوئی تعلیمات کو لے کر آپ کی امت کے علماء کرام دین کی سچائیوں کو پھیلاتے رہیں گے اور ہر دور میں ایسے مخلص اور کتاب و سنت پر چلنے والے علماء رہیں گے جو اللہ کے دین سے ساری دنیا کے اندھیرے دور کرنے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ گذشتہ ڈیڑھ ہزار سال سے نبی کریم ﷺ کی لائی ہوئی تعلیمات کو مخلص اور کتاب و سنت پرچلنے والے علماء کرام ہی دنیا کے کونے کونے تک پہنچاتے رہے ہیں اور انشاء اللہ قیامت تک پہنچاتے ہیں گے۔