بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 11
اَللّٰهُ یَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ یُعِیْدُهٗ ثُمَّ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ﴿11﴾
- اَللّٰهُاللہ
- يَبْدَؤُاپہلی بار پیدا کرتا ہے
- الْخَلْقَخلقت
- ثُمَّ يُعِيْدُهٗپھر وہ اسے دوبارہ (پیدا) کرے گا
- ثُمَّ اِلَيْهِپھر اس کی طرف
- تُرْجَعُوْنَتم لوٹائے جاؤ گے
لغات القرآن آیت نمبر (اا تا 19 ) ۔
الخلق (تخلیق۔ پیدائش) ۔ یعید (وہ لوٹائے گا) ۔ یبلس (وہ ناامید ہوتا ہے) ۔ روضتہ (باغ۔ باغیچہ) ۔ یحبرون (حبر) (خوش کئے جائیں گے) ۔ تمسون (تم شام کرتے ہو) ۔ تصبحون (تم صبح کرتے ہو) ۔ عشی (رات کا وقت) ۔ تظھرون (تم دوپہر کرتے ہو) ۔
تشریح : آیت نمبر (11 تا 19 ) ۔ ” جو لوگ دنیا کے عیش و آرام اور بےفائدہ مشغلوں میں پڑ کر کفروشرک کی راہوں کو اختیار کرچکے ہیں ان کی سمچھ میں یہ بات نہیں آتی کہ جب سارے انسان مر کھپ جائیں گے۔ ان کے وجود کے ذرات کائنات میں بکھر جائیں گے تو وہ دوبارہ زندہ کیسے پیداکئے جائیں گے ؟ حالانکہ ایسی سوچ رکھنے والے اگر ذرا بھی غور و فکر سے کام لیں تو یہ بات بہت واضح اور روشن ہے کہ جس اللہ نے خلق اور تخلیق کی ابتداء کی ہے، جس نے انسان اور کائنات کو وجود بخشا ہے اس کے لئے یہ کیا مشکل ہے کہ وہ کائنات میں بکھرے ہوئے ذرات کو جمع کر کے پھر سے انسان کو زندہ کر دے۔ یہ ایک ایسی کھلی ہوئی سچائی ہے جس پر یقین کرنے کے لئے کسی دلیل کی ضرورت نہیں ہے۔ انسانوں کی دوبارہ پیدائش میں شک کرنے والے جب آخرت میں پہنچیں گے تو وہ سخت بدحواش ہوجائیں گے کیونکہ زندگی بھرجس سچائی کو وہ کھٹلاتے رہے تھے آج ان کے سامنے ہوگی۔ ان کی بدحواسی اور مایوسی اس وقت اور بھی بڑھ جائے گی جب ان کے وہ سہارے ٹوٹ جائیں گے جن سے وہ اس بات کی امیدیں باندھے ہوئے تھے کہ وہ آخرت کی زندگی میں ان کے کام آئیں گے۔ ان کی سفارش کریں گے۔ ان کو ہر طرح کی آفتوں سے بچالیں گے کیونکہ وہ بت کہہ اٹھیں گے کہ الہٰی ! ہمیں نہیں معلوم کہ یہ ہماری عبادت و بندگی کیوں کرتے تھے۔ ان کے گناہوں اور کفروشرک سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ غیر اللہ کے اس کو رے جواب سے مشرکین سخت مایوس ہوجائیں گے کہ اب ان کی طرف سے بولنے والا اور سفارش کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ وہ شرمندگی کے عالم میں خود ان بتوں پر لعنت بھیجنا شروع کردیں گے۔ یہ وہ وقت ہوگا جب سارے انسان دو گرو ہوں میں تقسیم ہوجائیں گے۔ اہل ایمان اور اہل کفر۔ وہ لوگ جو اللہ پر ایمان لائے۔ انہوں نے عمل صالح کئے ہوں گے وہ تو جنت کے عیش و آرام کے ساتھ خوش و خرم اور مسرور ہوں گے۔ لیکن وہ لوگ جنہوں نے کفرو شرک کی روش اخیتار کر کے اللہ کی آیتوں کا انکار اور اللہ کے سامنے حاضری اور ملاقات کو زندگی بھر جھٹلایا ہوگا وہ اپنے اعمال کے مطابق پکڑ کر اللہ کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ ان آیات میں دوسرے بات یہ ارشاد فرمائی گئی ہے کہ آخرت میں کامیاب ہونے والے وہ لوگ ہوں گے جو صبح و شام اور راتوں کی تنہائیوں میں اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء کر کے اپنے دلوں کو زندہ کرتے رہتے ہیں۔ فرمایا کہ زمین و آسمان میں کوئی مخلوق ایسی نہیں ہے جو اس کی حمد وثناء نہ کررہی ہو ۔ اونچے اونچے پہاڑ، بہتے دریا، سر سبز و شاداب نباتات، خوبصورت کھیت، چہچہاتے پرندے، ہوائیں، فضائیں اور ہر ایک جان دار اور بےجان ہر وقت اس کی تسبیح کر رہا ہے یہ اور بات ہے کہ ہم ان کی تسبیح کو نہیں سمجھتے لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو کائنات کا ذرہ ذرہ اس کی تسبیح اور حمد و ثنا کر رہا ہے۔ علماومفسرین نے فرمایا ہے کہ انسانوں کی تسبیح اور حمد و ثنا کا اعلی ترین نمونہ ” نماز “ ہے کیونکہ نماز کا قیام اور ادائیگی اللہ کی سب سے بہتر اور اعلیٰ تسبیح اور حمد و ثنا ہے۔ نبی کریم ﷺ کے ارشادات اور عمل سے یہ بات ثابت ہے کہ ہر روز پانچ وقت کی نمازیں ادا کرنا ہر مسلمان عاقل و بالغ پر فرض ہے اور اس کی کسی حالت میں (سوائے مخصوص حالات کے) معافی نہیں ہے۔ اسی بات کو صحابہ کرام ؓ نے اپنے عمل سے ثابت فرمایا اور اس پر پوری امت متفق ہے۔ اس آیت میں پانچوں وقت کی تسبیح یعنی نماز کے اوقات کا اظہار ہے۔ اس کے علاوہ سورة ہود اور سورة طہ میں بھی نمازوں کے پانچوں اوقات کو بتایا گیا ہے۔ آخر میں اللہ نے اپنی قدرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ کی ذات بےعیب ہے۔ وہ اللہ کی ذات بےعیب ہے۔ وہ اللہ اس کائنات کے نظام کو اپنی مرضی سے چلا رہا ہے وہ زندہ کو مردہ سے زندہ کو پیدا کر رہا ہے۔ اسی طرح وہ وقت دور نہیں ہے جب وہ تمام مرنے والوں کو دوبارہ زندہ کر کے قبروں سے نکال لائے گا اور پھر ہر ایک سے اس کے کئے ہوئے اعمال کا حساب لے گا۔