بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 2
غُلِبَتِ الرُّوْمُۙ﴿2﴾
- غُلِبَتِمغلوب ہوگئے
- الرُّوْمُرومی
لغات القرآن آیت نمبر (ا تا 10) ۔
غلبت (شکست کھا گئے۔ مغلوب ہوگئے) ۔ ادنی (قریب) ۔ بضع (تین سے نو سال تک کی مدت) ۔ اجل (موت۔ مدت) ۔ اشد (زیادہ۔ بڑھ کر) ۔ اثاروا (ثورۃ) (انہوں نے ابھارا۔ اگایا۔ سرسبز کیا) ۔ عمروا (انہوں نے آباد کیا) ۔ اساء وا (انہوں نے برا کیا) ۔
تشریح : آیت نمبر (ا تا 10) ۔ ” سورة الروم کی ابتداء حروف مقطعات سے کی گئی ہے جس کی وضاحت اس سے پہلے کردی گئی ہے اور وہ یہ ہے کہ قرآن کریم کی انتیس (29) سورتوں کی ابتداء میں آنے والے ان حروف کے معنی اور مراد کا علم اللہ تعالیٰ کو ہے۔
جب نبی کریم ﷺ نے اللہ کے حکم سے اعلان نبوت فرمایا تو کفار مکہ نے آپ کی زبردست مخالفت کی اور ستانے اور اذیت دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کفارو مشرکین صحابہ کرام ؓ کو ستانے کے بہانے تلاش کرتے رہتے تھے۔ وہ اس بات سے خوف زدہ تھے کہ اگر انہوں نے اسلامی طرز زندگی کو اختیار کرلیا تو ان کے ذاتی مفادات، مذہبی رسومات اور ان بتوں کی عبدت و بندگی چھوٹ جائے گی جب کو وہ اپنے مشکل وقتوں کا سہارا سمجھتے تھے۔ جب کہ نبی کریم ﷺ اس بات کی تعلیم دے رہے تھے کہ سب مل کر ایک اللہ کی عبادت و بندگی کریں باپ دادا سے جو غلط رسمیں چلی آرہی ہیں ان کو چھوڑ دیں اور لکڑی، مٹی اور پتھر سے بنائے گئے وہ معبود جو اپنے وجود کے لئے بھی دوسروں کے ہاتھوں محتاج ہیں ان کی عبادت و پرستش نہ کریں۔ کفر واسلام کی یہی کشمکش جاری تھی کہ ہجرت سے تقریباً پانچ سال پہلے ایرانی شہنشاہ خسرو پرویز نے رومیوں کے انتشار سے فائدہ اٹھا کر اچانک ان پر چڑھائی کردی۔ ملک شام اور بصرہ کے درمیانی علاقے سے حملہ شروع کیا۔ یہ حملہ اس قدر زبردست اور بھر پور تھا کہ رومیوں کے سارے علاقے فتح ہوتے چلے گئے۔ یروشلم، مصر، اردن اور دمشق پر قبضہ کرنے کے بعد رومیوں کے مضبوط گڑھ قسطیطینہ پر تسلط کے بعد وہاں سب سے بڑا آتش کدہ بنا لیا تھا۔ اس طرح رومی مکمل طور پر شکست کھاچکے تھے اور
ایرانی مجوسیوں کی کامیابیوں نے انہیں انتہائی مغرور و متکبر بنا دیا تھا۔ ان تمام حالات کی اطلاع مکہ مکرمہ بھی پہنچ رہی تھی ۔ ایرانیوں کی فتح کو کفار و مشرکین اپنی فتح سمجھ رہے تھے وجہ یہ تھی کہ مکہ کے کفار و مشرکین بتوں کو پوجتے تھے اور مجوسی آگ کی پر ستش کرتے تھے دونوں کے مذہبی عقیدے قریب قریب تھے جب کہ مسلمانوں کے نزدیک نصاری اور مجوسی دونوں ہی کافر تھے مگر رومی نصاری یعنی عیسائیوں سے دلچسپی اس لئے تھی کہ وہ کم از کم حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی عظمت، وحی کی کیفیت اور اللہ کو کسی حد تک مانتے تھے۔ اس لئے ان کو خواہش تھی کہ رومیوں کو اس طرح شکست نہ ہو ۔ مگر رومیوں کی شکست پر شکست سے کفار مکہ کے حو صلے کچھ زیادہ ہو چلے تھے۔ مسلمانوں کو چھیڑنے اور ذہنی اذیت پہنچانے کے لئے کہتے تھے کہ عیسیٰ (علیہ السلام) کو ماننے والوں پر آتش پرست چھا گئے ہیں اور آتش پرستوں نے اللہ کا نام لینے والوں کو مولی گاجر کی طرح کاٹ کر رکھ دیا ہے اسی طرح ہم بھی تم مسلمانوں کو شکست دیں گے اور تمہیں نکال باہر کریں گے۔ رومیوں کی شکست اور کفارومشرکین مکہ کے طعنوں سے نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام سخت رنجیدہ اور پریشان رہا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ رہا کرتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے سورة روم کی مذکورہ آیتیں نازل کر کے صاف صاف اعلان کردیا کہ اہل ایمان صبر اور برداشت سے کام لیں رومی شکست کھاچکے ہیں لیکن چند برسوں (تین سے نو سال کے عرصے) میں دو بارہ اٹھ کھڑے ہوں گے اور ایرانی مجوسیوں پر فتح حاصل کرلیں گے ان کو ان کے ملک میں گھس کر ماریں گے۔ پوری طرح غالب آجائیں گے اور یہ دن اہل ایمان کے لئے بھی خوش خبری والا دن ہوگا ۔ فرمایا کہ یہ سب کچھ اللہ کی مدد سے ہوگا ۔ یہ اللہ کا وعدہ ہے جو پورا ہو کر رہے گا۔
شدید مایوسی میں قرآن کریم کی ان آیات کو سن کر نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓ خوش ہوگئے۔ چونکہ ان آیات میں نہ صرف رومیوں کے دوبارہ غالب آنے کے لئے فرمایا گیا ہے بلکہ ایمان کو بھی خوش خبری سنا دی گئی تھی کہ ان کو بھی کفار مکہ پر اسی طرح کامیابی حاصل ہوگی۔ قوموں کی زندگی میں دو چار دس برس بڑی مدت نہیں ہوا کرتی۔ اس لئے جب نبی کریم ﷺ نے اللہ کے حکم سے مدینہ منورہ ہجرت فرمائی اس کے دوسرے سال ہی ہر قل نے پوری تیاری کے ساتھ ایرانیوں پر اتنے زبردست حملے کئے کہ ایرانی مجوسی ہر محاذ سے بھاگ کھڑے ہوئے اور رومی فوجوں کا مقابلہ نہ کرسکے۔ ایرانیوں کو مارتے مارتے وہ قسطنطنیہ پر قابض ہوگئے۔ رومیوں نے آتش پرستوں کے آتش کدے مسمار کردیئے۔ ہزاروں مجوسیوں کا قتل عام کیا اور پوری طرح رومی سلطنت کو دوبارہ قائم کرلیا۔ ان ہی دنوں اللہ نے مسلمانوں کو غزوہ بدر میں زبردست کامیابی عطا کی اور اہل ایمان کو بت پرستوں پر مکمل جنگی اور اخلاقی فتح عطا فرمادی۔ اس طرح قرآن کریم کی پیش گوئی صرف سات سال پوری ہوگئی۔ جب قرآن کریم کی یہ پیش گوئی پوری ہوگئی تو روایات کے مطابق بہت سے کفار نے اسلام قبول کرلیا اور ان کو یقین ہوگیا کہ قرآن اللہ کا سچا کلام ہے۔ اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ صرف ظاہری چیزوں کے دیکھنے کے عادی ہیں اور اپنے عیش و آرام میں پڑ کر آخرت سے غافل ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے اور غور کرنا چاہیے کہ اس کائنات کا خالق ومالک صرف اللہ ہے وہی اس نظام کائنات کو چلا رہا ہے وہ ہر چیز کی حقیقت سے پوری طرح واقف ہے زمین، آسمان اور ان کے درمیان جو کچھ بھی ہے وہ فضول، بےمقصد اور بےکار پیدا نہیں کیا گیا بلکہ ان کے پیدا کرنے میں بیشمار حکمتیں اور مصلحتیں پوشیدہ ہیں۔ اللہ جب تک چاہے گا اس نظام کائنات کو چلائے گا لیکن جب اس کی مدت پوری ہوجائے گی تو کائنات کی اس بساط کو لپیٹ کر رکھ دے گا۔ فرمایا کہ آخرت تو ایک حققیت کا
نام ہے جہاں ہر شخص کو اللہ کے سامنے حاضر ہو کر زندگی بھر کا حساب کتاب دینا ہوگا لیکن کبھی کھنی تو اللہ فنا کے اس عمل کو اس دنیا میں بھی دکھا دیتا ہے جس کی سب سے بڑی دلیل ترقی یافتہ قوموں کے دہ کھنڈرات ہیں جہاں کبھی بڑی رونقیں تھیں۔ ہر طرف خوشحالی تھی۔ لوگوں نے خوب محنتیں کر کے عظیم الشان بلڈنگیں بنائی تھیں جن کا اس دور میں تصور بھی ممکن نہیں تھا۔ ہر طرف باغات، لہلہاتے ہوئے کھیت، مالی لین دین، مال و دولت کی کثرت تھی لیکن جب انہوں نے اپنی ترقیات پر اترانا شورع کیا اور اللہ کی نافرمانیاں شروع کردیں تو اللہ نے ان کو آگاہ کرنے کے لئے اپنے رسول بھیجے جن کو انہوں نے جھٹلایا اور ان کی کسی بات کو نہیں مانا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ان کی نافرمانیاں انہیں لے ڈوبیں۔ ان کی تہذیب و ترقی اور بلند وبالا عمارتیں راکھ کا ڈھیربن گئیں۔ یہ انہوں نے خود اپنے ہاتھوں اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری تھی۔ اللہ کسی پر ظلم نہیں کرتا بلکہ لوگ ہی اپنے اوپر ظلم و زیادتی کرتے ہیں۔ فرمایا کہ اگر وہ پنی عقل و فکر سے کام لے کر غور کریں تو ان پر یہ حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی کہ اس کائنات میں ہر طرح کی طاقت و قوت صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس کی اطاعت و فرماں برداری سے ہر طرح کی کامیابیاں ملتی ہیں اور نافرمانیوں سے دنیا اور آخرت میں سوائے تباہی کے کچھ بھی نہیں ملتا۔