IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 20

  1. وَ مِنْ اٰیٰتِهٖۤ اَنْ خَلَقَكُمْ مِّنْ تُرَابٍ ثُمَّ اِذَاۤ اَنْتُمْ بَشَرٌ تَنْتَشِرُوْنَ﴿20﴾

    1. وَمِنْ اٰيٰتِهٖٓاور اس کی نشانیوں سے
    2. اَنْکہ
    3. خَلَقَكُمْاس نے پیدا کیا تمہیں
    4. مِّنْسے
    5. تُرَابٍمٹی
    6. ثُمَّپھر
    7. اِذَآ اَنْتُمْناگہاں تم
    8. بَشَرٌآدمی
    9. تَنْتَشِرُوْنَپھیلے ہوئے
Translation · Baseerat-e-Quran
اس کی نشانیوں میں سے (ایک نشانی یہ ہے کی) اس نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا۔ پھر تم انسان کی حیثیت سے پھیلتے جاتے ہو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (20 تا 27 ) ۔

تراب (مٹی) ۔ تنتشرون (تم پھیل جاتے ہو) ۔ رحمتہ (مہربانی۔ محبت کا رشتہ) ۔ السنتہ (لسان) (زبانیں ) ۔ الوان (لون) (رنگ۔ روپ) ۔ ابتغاء (تلاش کرنا) ۔ یسمعون (وہ سنتے ہیں) ۔ دعوۃ (پکار) ۔ قنتون (ادب سے کھڑے ہونے والے) ۔ اھون (زیادہ آسان) ۔

تشریح : آیت نمبر (20 تا 27) ۔ ” اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اگر انسان غورو فکر ، علم و بصیرت، عقل و فہم اور دھیان دے کر سوچے تو اس بکھری ہوئی کائنات میں اس کو ہر چیز میں اللہ کا جلوہ اور نشانی نظر آئے گی۔ ہزاروں لاکھوں سال سے کائنات کا یہ نظام ایک مرتب و منظم طریقے سے چل رہا ہے جس میں ذرا بھی فرق نہیں آتا۔ نجانے کتنی قومیں آئیں اور چلی گئیں اس دنیا میں کسی کو ہمیشہ کی زندگی دی گئی۔ کسی کو بقا نہیں ہے سوائے اس اللہ کی ایک ذات کے جو ہمیشہ سے زندہ ہے اور اس نے اس پورے نظام کائنات کو سنبھالا ہوا ہے۔ وہ جب بھی چاہے گا کائنات کی بساط کو لپیٹ کر رکھ دے گا۔ پورا نظام درہم برہم ہوجائے گا۔ اللہ ہی اپنی قدرت سے تمام لوگوں کو زندہ کرکے میدان حشر میں جمع کرے گا۔ جب اس کائنات میں ساری قدرت اللہ کی ہے اسی نے سب کو پیدا کیا ہے تو سب انسانوں کے مر جانے اور کائنات کے مٹ جانے کے بعد دوبارہ پیدا کرنا اس ذات کے لئے کونسی مشکل اور مشوار بات ہے۔ فرمایا کہ اللہ کی معرفت اور پہچان کے لئے اگر کائنات کے نظام پر غور و فکر کیا جائے تو یہ حقیقت نکھر کر سامنے آجائے گی کہ اللہ نے اس نظام کائنات کو نبایا ہے وہی اس کا محافظ ہے اور جب چاہے گا اس نظام کو ختم کر کے دوبارہ پیدا فرمادے گا اللہ نے اپنی چند نشانیوں کو پیش کر کے فرمایا ہے کہ ان کو اللہ کے سوا کسی دوسرے نے نہیں بنایا نہ اس کام میں اس کا کوئی شریک ہے۔ ارشاد ہے۔

(1) انسانی زندگی کا آغاز حضرت آدم (علیہ السلام) سے ہوا جنہیں اللہ نے مٹی سے پیدا کیا تھا۔ مٹی در حقیقت ایسے اجزاء کا نام ہے جس میں بظاہر تاریکی ہے روشنی اور چمک نہیں ہے لیکن اللہ نے اس خاک کے پتلے میں ایسی عظمتیں بھر دی ہئن جو بقیہ کائنات میں نہیں ہیں۔ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات نبایا ہے۔ حضرت آدم (علیہ السلام) کو پیدا کرنے کے بعد جب فرشتوں سے اور ابلیس سے جو جنات کو قوم میں سے تھا اور فرشتوں کا سردار تھا آدم (علیہ السلام) کو سجدہ کرنے کے لئے کہا تو ابلیس نے یہ کہہ کر انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کردیا تھا کہ میں آگ سے بنایا گیا ہوں یعنی جس میں روشنی اور چمک ہے اور انسان مٹی سے پیدا کیا گیا ہے یعنی جس میں تار ی کی اور پستی ہے یہ اصول کے خلاف ہے کہ روشنی تاریکی کے سامنے اور بلندی پستی کے سامنے جھک جائے۔ اسی طرح فرشتوں نے بھی سمجھنے کے لئے عرض کیا الہی آپ جس کے سر پر خلافت کا تاج رکھ رہے وہ تو زمین میں فساد کرے گا اور خون بہائے گا۔ گویا فرشتے بھی انسان کے ظاہری پہلو سے اس میں تاریکی محسوس کر رہے تھے۔ اللہ نے ان کے اس سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس حقیقت کو میں جانتا ہوں تم نہیں جانتے۔ جب فرشتوں کو آدم (علیہ السلام) کے علم کی روشنی کی ایک جھلک دکھائی گئی تو سارے فرشتوں نے انسان کی عظمت کو تسلیم کرلیا اور سجدہ میں گر گئے لیکن شیطان اپنے تکبر اور غرور پر قائم رہا اور اس نے آدم (علیہ السلام) کو سجدہ کرنے سے صاف انکار کردیا اور اللہ کے نافرمانوں میں شامل ہوگیا۔ اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اللہ کی یہ سب سے بڑی نشانی ہے کہ اس نے انسان کو مٹی سے بنایا اور انسانی نسلوں کو چلایا اور اس کائنات میں اللہ نے اس کو اپنا نائب اور خلیفہ بنایا۔ انسان میں یہ عظمت صرف اللہ تعالیٰ ہی نے پیدا کی ہے۔ ورنہ خود انسان کے اندر یہ عظمت اور روشنی موجود نہ تھی۔

(2) دوسری نشانی یہ ہے کہ اللہ نے صرف یہی نہیں کہ انسان کو پیدا کیا بلکہ سکون قلب کے لئے اس کی بیوی کو بھی پیدا کیا جو اس کی تنہائیوں کی ساتھی، اس کی نسل کو بڑھانے کا سبب اور محبت و اخلاص کے رشتے قائم کرنے کا ذریعہ ہے۔ گھر اسی سکون و اطمینان کا نام ہے ۔ اگر کسی گھر میں امن و عافیت اور حقیقی راحت و آرام نہ ہو تو وہ گھر گھر نہیں ہے۔ انسان کو سکون قلب با قاعدہ ازدواجی زندگی سے ملتا ہے جس سے انسان کو اولادیں اور اولادوں کی اولادیں نصیب ہوتی ہین، بچے، رشتہ دار، دوست احباب اس کی خوشیوں اور غموں میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔ اگر یہ سب کچھ نہ ہو تو انسان کو سب کچھ مل سکتا ہے مگر سکون قلب نصیب نہیں ہو سکتا۔

(3) تیسری نشانی زمین و آسمان کی پیدائش ہے۔ اللہ نے زمین کو فرش کی طرح بچھا دیا اور آسمان کو ایک محفوظ چھت کی طرح اس پر تان دیا، چاند، سورج اور ستاروں سے اس کو روشن ومنور کیا۔ زمین پر مختلف قوموں، نسلوں اور خاندانوں کو پھیلایا جن کی زبانیں، رنگ، نسل مختلف ہیں۔ سب کے سب جسمانی اعتبار سے ایک جیسے ہیں وہی چہرہ، آنکھیں، کان، ناک، ہونٹ، زبان لیکن کتنے مختلف ہیں۔ کروڑوں اربوں انسان ہیں مگر ہر ایک کی شکل صورت دوسرے سے مختلف ہے۔ خواہشات، ضروریات اور تمنائیں الگ الگ ہیں۔ جن لوگوں میں علم و بصیرت موجود ہے وہ زمین و آسمان میں پھیلی ہوئی چیزوں کو دیکھ کر اللہ کی معرفت اور پہچان حاصل کرسکتے ہیں۔

(4) اس کی چوتھی نشانی رات اور دن کا آنا جانا ہے۔ انسان دن بھر اپنی روزی رزق کے لئے بھاگ دوڑ کرتا ہے دن بھر کی محنت و مشقت کے بعد رات کو سو جاتا ہے تو اگلے دن کام کے لئے وہ تازہ دم ہوجاتا ہے اور پھر سے زندگی کے کاموں میں لگ جاتا ہے۔ کبھی کے دن بڑے کبھی کی راتیں بڑی ہوتی ہیں۔ سردی، گرمی اور برسات کے موسم پیدا ہوتے ہیں۔ اگر دن ہی دن ہوتا یا ایک طویل رات ہی ہوتی تو انسان اس یکسانیت سے اکتا جاتا نہ اس کو آرام ملتا اور نہ رزق ملتا۔ رات اور دن کا آنا جانا اس میں ہر عقل و فہم رکھنے والے کے لئے اللہ کی نسانی، معرفت اور پہچان موجود ہے لیکن اس کو ہی تسلیم کرتے ہیں جن میں ضد اور ہٹ دھرمی نہیں ہوتی اور وہ بات کو دھیان دے کر سنتے ہیں۔

(5) اس کی پانچویں نشانی آسمان پر چمکنے اور کڑ کنے والی بجلی ہے جس کو دیکھ کر خوف کے ساتھ ساتھ ایک امید سی بندھ جاتی ہے کہ اب بارش برسے گی کھیتوں، باغوں اور زمین میں ایک نئی زندگی اور تازگی پیدا ہوگی۔ گرمی کی شدت کم ہوگی اور موسم خوش گوار ہوجائے گا۔ بجلی کی چمک اور کڑک سے ایک امید اور دہشت ناک آوازوں سے خوف بھی محسوس ہوتا ہے۔ یہ اللہ کی بہت بڑی نشانی ہے جس پر وہی غور و فکر کرتے ہیں جنہیں اللہ نے عقل و سمجھ عطا فرمائی ہے۔

(6) چھٹی نشانی یہ ہے کہ زمین و آسمان اپنی جگہ ٹہرے ہوئے ہیں یہ انسان کو لے کر ایک طرف نہیں ڈھلک جاتے بلکہ اپنی رفتار سے کھومنے اور چلنے کے باوجود اس پر رہنے والوں کو اس کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ زمین اور آسمان، چاند، سورج اور ستارے سب کے سب ایک خاص نظام کے تحت قائم ہیں اور چل رہے ہیں۔ وہ اللہ ہی اس نظام کائنات کو چلا رہا ہے وہ جب چاہے گا اس کو توڑ پھوڑ کر ایک نیا جہاں تعمیر فرمادے گا جس میں تمام انسان اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپنی زندگی کا حساب کتاب پیش کریں گے۔

خلاصہ یہ ہے کہ یہ پوری کائنات اور اس میں بسنے والی مخلوق اپنے پورے وجود کے ساتھ اللہ کی ملکیت اور اس کی نشانی ہے اور اس کے حکم کے تابع فرماں ہے۔ اسی نے زندگی کی ابتداء کی ہے وہی اس پر موت طاری کرے گا اور پھر وہ اس کو دوبارہ پیدا فرمائے گا۔ یہ اس اللہ کے لیے کوئی مشکل یا ناممکن بات نہیں ہے کیونکہ جس نے ان تمام چیزوں کو پہلی مرتبہ پیدا کیا ہے ان ہی چیزوں کو دوبارہ پیدا کرنا کیا مشکل ہے بلکہ اس کے لئے آسان ہے۔

اس آسمان و زمین میں سب سے بر تر و اعلیٰ ذات اللہ کی ہے جس کے ہاتھ میں ہر طرح کی طاقتیں موجود ہیں وہی زبردست حکمت والا ہے۔