بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 28
ضَرَبَ لَكُمْ مَّثَلًا مِّنْ اَنْفُسِكُمْ١ؕ هَلْ لَّكُمْ مِّنْ مَّا مَلَكَتْ اَیْمَانُكُمْ مِّنْ شُرَكَآءَ فِیْ مَا رَزَقْنٰكُمْ فَاَنْتُمْ فِیْهِ سَوَآءٌ تَخَافُوْنَهُمْ كَخِیْفَتِكُمْ اَنْفُسَكُمْ١ؕ كَذٰلِكَ نُفَصِّلُ الْاٰیٰتِ لِقَوْمٍ یَّعْقِلُوْنَ﴿28﴾
- ضَرَبَاس نے بیان کی
- لَكُمْتمہارے لیے
- مَّثَلًاایک مثال
- مِّنْسے
- اَنْفُسِكُمْ ۭتمہاری جانیں (حال)
- هَلْ لَّكُمْکیا تمہارے لیے
- مِّنْسے
- مَّا مَلَكَتْجو مالک ہوئے
- اَيْمَانُكُمْتمہارے دائیں ہاتھ (غلام)
- مِّنْ شُرَكَآءَکوئی شریک
- فِيْمیں
- مَا رَزَقْنٰكُمْجو ہم نے تمہیں رزق دیا
- فَاَنْتُمْسو (تاکہ) تم
- فِيْهِاس میں
- سَوَآءٌبرابر
- تَخَافُوْنَهُمْ(کیا) تم ان سے ڈرتے ہو
- كَخِيْفَتِكُمْجیسے تم ڈرتے ہو
- اَنْفُسَكُمْ ۭاپنی جانیں (اپنوں سے)
- كَذٰلِكَاسی طرح
- نُفَصِّلُہم کھول کر بیان کرتے ہیں
- الْاٰيٰتِنشانیاں
- لِقَوْمٍ يَّعْقِلُوْنَعقل والوں کے لیے
لغات القرآن آیت نمبر ( 28 تا 32 ) ۔
ضرب (اس نے چلایا۔ بیان کیا) ۔ ایمان (داہنا (ہاتھ) ۔ سواء (برابر) ۔ اھوآئ (ھوائ) (خواہشیں۔ تمنائیں) ۔ اقم (قائم کر) ۔ وجھ (چہرہ) ۔ حنیف (اللہ ہی کا ہوجانا) ۔ فطرۃ اللہ (دین اسلام۔ اللہ کی فطرت) ۔ دین القیم (بہترین دین) ۔ منیبین (رجوع کرنے والے۔ پلٹنے والے ) ۔ فرقوا (وہ گروہ بن گئے۔ جداجدا ہوگئے) ۔ حزب (جماعت۔ گروہ) ۔ فرحون (خوش اور مگن رہنے والے) ۔
تشریح : آیت نمبر (28 تا 32) ۔ ” دین اسلام اور نبی کریم ﷺ کے ارشادات کی برکت سے آج دنیا سے لونڈی اور غلاموں کا رواج تو ختم ہوچکا ہے لیکن نزول قرآن کے وقت غلام اور لونڈیوں کا نہ صرف رواج تھا بلکہ انسانوں کی خریدوفروخت کا ایک زبردست کاروبار تھا اور اس طرح آقا اور غلام دو مستقل جماعتیں بن چکی تھیں۔ “
غلام اور باندیوں کے کوئی انسانی حقوق نہ تھے۔ دو وقت کی روٹی کی خاطر غلام اور لونڈیوں کو ہر وہ کام کرنا پڑتا تھا جس میں ان کے آقا اور مالک کی خوشنودی ہوا کرتی تھی۔ وہ انسانی حقوق سے قطعاً ناواقف تھے ہر آقا اپنے غلام کا اس طرح مالک ہوا کرتا تھا کہ دوسرے کسی کو اس کے بارے میں بولنے کا حق تک حاصل نہ تھا۔
سب سے پہلے دین اسلام کے سچے اصولوں اور نبی کریم ﷺ کے طرز عمل نے غلاموں اور باندیوں کو انسانی حقوق سے آشنا کیا۔ غلاموں کی آزادی کو نہ صرف ایک عبادت کا درجہ دیا بلکہ آپ نے اپنے جان نثار صحابہ کرام ؓ کو بتایا کہ کسی غلام کو خرید کر آزاد کرنا جہنم کی آگ سے نجات پانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نبی کریم ﷺ آپ کی ازواج مطہرات ؓ ، خلفائے راشدین ؓ اور صحابہ کرام ؓ نے ہزاروں، لاکھوں غلاموں، باندیوں کو خرید کر آزاد کردیا تھا تاکہ وہ آزاد و خود مختار انسانوں کی طرح زندگی گذار سکیں۔
ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے ان مشرکین سے جو اللہ کی ذات وصفات اور اختیارات میں جھوٹے معبودوں کو شریک کرتے ہیں سوال کیا ہے کہ تمہارے وہ غلام اور لونڈیاں جو تمہاری ملکیت ہیں جو انسانی ضروریات میں تمہاری طرح ہیں کیا تم ان کو اپنے برابر کا درجہ دیتے ہو ؟ اپنے مال و دولت اور وراثت میں ان کو شریک کرتے ہو ؟ جس طرح تم دوسروں کا لحاظ کرتے ہو کیا ان کا بھی اتنا ہی خیال اور لحاظ کرتے ہو ؟ فرمایا کہ یہ کتنی بڑی زیادتی اور ظلم ہے کہ تم اپنے بےحقیقت جھوٹے معبودوں کو اللہ کے برابر کا درجہ دیتے ہو اور اس کا شریک سمجھتے ہو۔ اور کائنات میں ان کو اسی طرح بااختیار جانتے ہو جس طرح اللہ اس کائنات کو چلانے میں اپنا پورا پورا اختیار رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ لوگ اپنی جہالت، نادانی، ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کسی سچی بات کو سننا تک گوارا نہیں کرتے۔ لیکن ہم ان کو یہ سچی بات ضرور بتائیں گے کہ وہ اپنے جن معبودوں کا اپنا مشکل کشا مان رہے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے یہ ان کے محض گمان اور خیالات ہیں جن کی وہ پیروی کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے ضدی لوگوں کو راہ ہدایت نہیں دکھاتا، ان کو توفیق نہیں دیتا تو پھر مخلوق میں وہ کان ہے جو ایسے لوگوں کو راہ ہدایت دکھائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ تم ایسے ضدی، ہٹ دھرم ، جاہل و نادان لوگوں کے راستے پر ہرگز مت چلنا بلکہ یکسو ہو کر ایک اللہ کی عبادت و بندگی کرنا، پوری دلچسپی اور توجہ سے اسی دین کا دامن تھامے رکھنا کسی اور جانب مت دیکھنا۔
نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے آپ کے واسطے سے پوری امت سے کہا جارہا ہے کہ وہ دین حنیف اور فطرۃ اللہ کی اتباع و پیروی کریں۔
دین حنیف یعنی ہر شخص اپنا رخ اور دھیان صرف ایک اللہ کی طرف جمادے اور اللہ جو کہ وحدہ لا شریک ہے اس کے سوا کسی کی طرف خیال تک نہ لے جائے۔
فطرۃ اللہ سے مراد دین اسلام ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو پیدائشی طور پر سیدھی سچی فطرت اور عادت اور جبلت پر پیدا کیا ہے یہ اور بات ہے کہ اس کے والدین اس کو اپنی ٹیڑھی فطرت، مزاج اور عقیدوں کا خوگر بنا دیتے ہیں اور اس کا رخ اللہ کی طرف ہونے کے بجائے غیر اللہ کی طرف پھیر دیتے ہیں اور پھر وہ شخص وہی سب کچھ کرنے لگتا ہے جو اس نے اپنے اردگرد کے ماحول میں دیکھا ہے۔ قرآن کریم کی آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان ماحول کی گرد میں کتنا ہی کیوں نہ گم ہوجائے اگر اس کے سامنے سچائی آتی ہے تو وہ اس کو قبول کرنے کے لئے کم از کم اپنی جگہ سے ہل جاتا ہے اور اگر اس پر محنت کی جائے تو وہ اس کو دل سے قبول کرلیتا ہے۔ اس سے تبلیغ دین کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے یعنی اللہ کے دین کے سچے اصولوں کا پہنچا دینا ضروری ہے بقیہ ہدایت اللہ کے ہاتھ میں ہے وہی جس کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے۔ ہمارا کام سلیقے طریقے سے اللہ کے دین کو پہنچانا ہے دلوں کا موڑنا یہ اللہ نے اپنے ذمے لیا ہوا ہے۔
اہل ایمان سے فرمایا جارہا ہے کہ وہ دین کو پہنچانے کی کوشش بھی کریں اور خود بھی اپنے دلوں میں اللہ کا خوف اور ڈر زندہ رکھیں۔ نمازوں کی پابندی کریں۔ زکوۃ ادا کریں اور مشرکانہ طریقے اختیار کرنے سے اجتناب اور پرہیز کریں۔ کیونکہ مشر کین وہ مفاد پرست لوگ ہیں جنہوں نے دنیا کے معمولی معمولی فائدوں کے لئے اپنے دین کو ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے اور مختلف فرقوں میں بٹ گئے ہیں اور آج ہر ایک گروہ کا یہ خیال ہے کہ جو کچھ اس کے پاس ہے بس وہی سب کچھ ہے وہی حق اور سچ ہے وہ اسی میں مست اور مگن ہے۔