بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 33
وَ اِذَا مَسَّ النَّاسَ ضُرٌّ دَعَوْا رَبَّهُمْ مُّنِیْبِیْنَ اِلَیْهِ ثُمَّ اِذَاۤ اَذَاقَهُمْ مِّنْهُ رَحْمَةً اِذَا فَرِیْقٌ مِّنْهُمْ بِرَبِّهِمْ یُشْرِكُوْنَۙ﴿33﴾
- وَاِذَااور جب
- مَسَّ النَّاسَپہنچتی ہے لوگوں کو
- ضُرٌّکوئی تکلیف
- دَعَوْاوہ پکارتے ہیں
- رَبَّهُمْاپنے رب کو
- مُّنِيْبِيْنَرجوع کرتے ہوئے
- اِلَيْهِاس کی طرف
- ثُمَّ اِذَآپھر جب
- اَذَاقَهُمْوہ ان کو چکھا دیتا ہے
- مِّنْهُاپنی طرف سے
- رَحْمَةًرحمت
- اِذَاناگہاں
- فَرِيْقٌایک گروہ
- مِّنْهُمْان میں سے
- بِرَبِّهِمْاپنے رب کے ساتھ
- يُشْرِكُوْنَشرک کرنے لگتے ہیں
لغات القرآن آیت نمبر (33 تا 37 ) ۔
مس (اس نے چھوا ۔ ہاتھ لگایا) ۔ ضر (تکلیف۔ مصیبت ) ۔ اذاق (اس نے چکھایا ) ۔ تمتعوا (تم فائدہ حاصل کرلو۔ مزے اڑالو ) ۔ سلطان (قوت۔ سند۔ حجت ) ۔ یتکلم (بات کرتا ہے۔ بتاتا ہے) ۔ یقنطون (وہ مایوس ہوتے ہیں) ۔ یبسط (وہ کھولتا ہے۔ کشادہ کرتا ہے) ۔ یقدر (اندازہ کرتا ہے۔ کم دیتا ہے ) ۔
تشریح : آیت نمبر (33 تا 37 ) ۔ ” مومن دل کی گہرائیوں سے اس بات پر یقین کامل رکھتا ہے کہ اس کائنات کا خالق، مالک اور رازق صرف ایک اللہ ہے۔ جو کچھ ہوتا ہے اسی کے حکم سے ہوتا ہے، راحت و آرام، تکلیف یا مصیبت، رزق میں اضافہ یا کمی سب اسی کے قبضہ قدرت میں ہے۔ مومن کو راحت و آرام ملتا ہے تو وہ قدم قدم پر نہایت عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ کا شکر ادا کرتا ہے اور اگر اس کو کوئی مصیبت یا تکلیف پہنچتی ہے تو وہ اس پر صبر کرتا ہے اور اللہ ہی کی طرف رجوع کرتا ہے یہی وہ سچی فطرت اور عادت ہے جو دین اسلام نے ایک مومن کو سکھائی ہے جس پر بےانتہا اجر وثواب کا وعدہ فرمایا گیا ہے۔ اس کے بر خلاف کفارو مشرکین جو خلاف فطرت زندگی گذارتے ہیں اگر ان کو ان کے برے اعمال یا کرتوتوں کی وجہ سے کوئی تکلیف یا آفت پہنچتی ہے تو وہ بد حواس ہو کر بےصبری اور ناشکری کا مظاہرہ کرتے اور مایوسی کی انتہاؤں تک پہنچ جاتے ہیں اور اگر ان کو مال و دولت، راحت و سکون، عیش و آرام اور حکومت و سلطنت مل جاتی ہے تو وہ فخر و غرور کا پیکر بن کر دنیا کے تمام لوگوں کو اپنے سے کم تر اور بےحقیقت سمجھنے لگتے ہیں اور کسی ظلم و زیادتی سے پیچھے نہیں رہتے یہی وہ خلاف فطرت زندگی ہے جس کو اللہ نے ناپسند فرمایا ہے۔ اسی بات کو اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں ارشاد فرمایا ہے۔
ارشاد ہے کہ جب لوگوں کو تکلیف پہنچتی ہے تو وہ بےقرار اور بےچین کو ہو کر صبح و شام اپنے رب کا پکارتے ہیں اور اگر ان کو راحت و آرام کے اسباب دے دیئے جاتے ہیں تو وہ لوگ نہ صرف اللہ کی ناشکری کرتے ہیں بلکہ اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک کرنا شروع کردیتے ہیں۔ فرمایا کہ ایسے لوگ دنیا کے مال و دولت اور وقتی عیش و آرام میں مزے اڑالیں چنددنوں کی بات ہے بہت جلد ان پر ساتی حقیقت کھل کر سامنے آجائے گی۔ وہ کفر و شرک کو اس طرح بیان کرتے ہیں جیسے ان پر اللہ نے کوئی ایسی کتاب نازل کی ہے جو ان کو بتاتی ہے کہ وہ دوسروں کو اللہ کی ذات، صفات اور عبادت میں شریک کریں۔ حالانکہ ان کے پاس ایسی کوئی سند، حجت اور دلیل نہیں ہے مگر وہ اپنی جگہ بڑے خوش، مسرور اور مطمئن ہیں۔ فرمایا کہ وہ لوگ اس بات پر غور نہیں کرتے کہ کسی کو بہت زیادہ رزق دیا جانا اور کسی کو کم تر رزق ملنا یہ سب اسی کی قدرت سے ہے وہ جس کو جتنا دینا چاہے دیتا ہے ہر چیز کا اختیار اسی کو حاصل ہے۔ فرمایا کہ اللہ کی یہ نشانیاں ہر وقت ہر ایک کے سامنے ہیں لیکن ان نشانیوں سے صرف وہی فائدہ حاصل کرتے ہیں جن کے دل نور ایمانی سے روشن ومنور ہیں۔