IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 38

  1. فَاٰتِ ذَا الْقُرْبٰى حَقَّهٗ وَ الْمِسْكِیْنَ وَ ابْنَ السَّبِیْلِ١ؕ ذٰلِكَ خَیْرٌ لِّلَّذِیْنَ یُرِیْدُوْنَ وَجْهَ اللّٰهِ١٘ وَ اُولٰٓئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴿38﴾

    1. فَاٰتِپس دو تم
    2. ذَا الْقُرْبٰىقرابت دار
    3. حَقَّهٗاس کا حق
    4. وَالْمِسْكِيْنَاور محتاج
    5. وَابْنَ السَّبِيْلِ ۭاور مسافر
    6. ذٰلِكَیہ
    7. خَيْرٌبہتر
    8. لِّلَّذِيْنَان لوگوں کے لیے جو
    9. يُرِيْدُوْنَوہ چاہتے ہیں
    10. وَجْهَ اللّٰهِ ۡاللہ کی رضا
    11. وَاُولٰٓئِكَاور وہی لوگ
    12. هُمُوہ
    13. الْمُفْلِحُوْنَفلاح پانے والے
Translation · Baseerat-e-Quran
تم رشتہ داروں کو ان کا حق دو اور محتاجوں اور مسافروں کو ان کا حق ادا کرو۔ یہ ان لوگوں کے لئے بہتر ہے جو اللہ کی رضا و خوشنودی چاہتے ہیں۔ اور یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں ۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (38 تا 40 ) ۔

یریدون (وہ چاہتے ہیں) ۔ لا یربوا (وہ نہیں بڑھتا ہے ) ۔ المضعفون (دو گنا حاصل کرنے والے ) ۔ تعالیٰ (بلندو بر تر ذات ) ۔

تشریح : آیت نمبر (38 تا 40) ۔ ” مومن کا ہر کام اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے ہوتا ہے تاکہ اس پر اللہ کی رحمتیں نازل ہوں اور وہ اللہ کی ناراضگی سے محفوظ رہے۔ وہ اگر اپنے رشتہ داروں، ضرورت مندوں اور مسافروں کے ساتھ حسن سلوک کرتا ہے تو وہ یہ نہیں سمجھتا کہ دوسروں کو بھیک دے رہا ہے بلکہ ان کا حق سمجھ کر ان کی مدد کرتا ہے اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہے کہ اللہ نے اسے اس قابل کیا کہ وہ دوسروں کے کام آسکے۔ اس کے بر خلاف کفارو مشرکین اور دنیا دار اگر کسی کی مدد کرتا ہے تو اس کے پیچھے یہ جذبہ چھپا ہوا ہوتا ہے کہ اگر آج اس نے کسی کو اپنا مال دے دیا تو کل وہ اس سے زیادہ واپس لوٹے گا۔ گویا وہ دوسروں کی مدد نہیں کرتا بلکہ تجارت کرتا ہے۔ دوسروں کی مدد کرتے وقت مقصد صرف دکھاوا اور دنیا کو خوش کرنے کی ایک کوشش ہوتی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے مومن اور کافر کے ان مزاجوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ کافر و مشرک اس بات کو بھول جاتا ہے کہ اس اللہ نے اس کو وجود عطا کیا، زندگی اور اس کے تمام اسباب عطا کئے۔ زندگی بھی اسی کے ہاتھ میں ہے اور موت بھی۔ اور اسی کی قدرت ہے کہ وہ قیامت کے دن تمام انسانوں کو دوبارہ پیدا کر کے ان کو میدان حشر میں جمع کرے گا اور ان سے دی گئی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب لے گا۔ اور اللہ کو چھوڑ کر انہوں نے جب بےحقیقت چیزوں کو اپنا معبود بنا رکھا تھا اور اللہ کی ذات وصفات اور عبادت و بندگی میں دوسروں کو شریک کر رکھا تھا وہ ان کے کسی کام نہ آسکیں گے۔ کیونکہ انسان زندگی اس کے اسباب، موت وحیات ان میں سے ایک چیز بھی ایسی نہیں ہے جو ان جھوٹے شریک معبودوں نے بنائی ہو۔ مومن اور کفار و مشرکین کے ان ذہنوں کو اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں اس طرح ارشاد فرمایا ہے۔

(اے مومنو ! ) تم رشتہ داروں کو ان کا حق دہ ۔ محتاجوں اور مسافروں کو ان کا حق ادا کرو۔ یہ حکم ان لوگوں کے لئے ہے جو ہر حال میں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی چاہتے ہیں اور دنیا و آخرت میں ہر طرح کی فلاح و کامیابیاں حاصل کرنے والے ہیں۔ (رہے وہ لوگ) جو اپنے مالوں کو دوسروں کے مالوں میں اس لئے شامل کرنے کے لئے دیتے ہیں کہ جو دیا گیا ہے اس سے زیادہ ہو کر واپس آئے گا تو ایسے لوگ یاد رکھیں کہ ان کے نزدیک شاید مال بڑھ کر مل جائے لیکن اللہ کے نزدیک وہ مال بڑھتا نہیں ہے کیونکہ جو مال اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے دیا جاتا ہے وہی مال (دنیا اور آخرت میں ) دو گنا ہو کر ملے گا۔

فرمایا کہ اللہ وہ ہے جس نے تمہیں پیدا کیا۔ اس نے تمہیں رزق دیا ہے۔ وہی موت دے گا اور پھر قیامت کے دن وہ تمہیں دوبارہ زندہ کرے گا۔ فرمایا کہ کیا تمہارے ان معبودوں میں سے جن کو تم اللہ کا شریک سمجھتے ہو ان میں سے کوئی ایک بھی ایسا ہے جس نے ان میں سے کوئی چیز بنائی ہو۔ فرمایا کہ اللہ کی ذات پاک اور بےعیب ہے۔ وہ ان تمام چیزوں سے بلندو برتر ہے جن کو وہ اللہ کے ساتھ شریک کرتے ہیں۔

ان آیات کے سلسلہ میں چند باتیں عرض ہیں۔

(1) مومن کا ہر کام محض اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے ہوتا ہے۔ اس کا مقصد دنیا والوں کو خوش کرنا یا دکھاوا نہیں ہوتا بلکہ اس درجہ کا خلوص ہوتا ہے اور چاہتا ہے کہ دنیا والے جوش ہوں یا نہ ہوں اس کا پروردگار اس سے خوش ہوجائے۔

(2) جب وہ کسی رشتہ دار یا ضرورت مند، غریب، مسکین اور پریشان حال مسافر کی مدد کرتے ہیں تو وہ ان کا حق سمجھ کر ان کی مدد کرتے ہیں اور اس بات پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ کو توفیق سے وہ کسی کے کام آسکے۔ وہ کسی کی مدد کرتے وقت احسان جتانے اور مخر و غرور کے بجائے نہایت عاجزی و انکساری سے کام لیتے ہیں جو اللہ کو بہت پسند ہے۔

(3) ایسے مخلص لوگ دنیا والوں کی نظروں میں کتنے بھی نا کام سمجھے جائیں مگر اللہ کے نزدیک یہی وہ کامیاب و با مراد لوگ ہیں قیامت میں حقیقی کامیابی ان ہی کا مقدر ہوگی۔

(4) یہاں بعض حضراب نے ” ربوا “ اور زکوۃ کے لفظوں کو مقابل قرار دیا ہے یعنی جو لوگ اپنے مالوں کے ذریعہ مال کماتے ہیں تو وہ مال دنیا میں کتنا بھی کیوں نہ بڑھ جائے اللہ کے نزدیک اس مال کی کوئی حیثیت نہیں ہے اس کے بر خلاف وہ لوگ جو اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے اپنے مالوں میں سے زکوۃ نکالتے ہیں۔ زکوۃ نکالنے کی وجہ سے بظاہر ان کا مال کتنا بھی کم کیوں نہ ہوجائے مگر اللہ کے نزدیک آخرت میں ان کا مال بڑھتا ہی رہے گا۔ بعض مفسرین نے فرمایا ہے کہ یہ آیات مکہ مکرمہ میں نازل ہوئیں اور ” ربوا “ یعنی سود کے حرام ہونے اور زکوۃ کو ایک نصاب کے مطابق ادا کرنے کے احکامات مدینہ منورہ میں نازل ہوئے ہیں۔ لہذا اس سے مراد معاشرہ کی وہ خرابی ہے جس میں خلوص و اخلاص کے بجائے دنیاداری غالب ہوتی ہے جس میں ایک شخص کسی کی مدد اس لئے نہیں کرتا کہ وہ ضرورت مند ہے بلکہ اس لئے مال خرچ کرتا ہے تاکہ وہ دوگنا ہو کر واپس آئے یا جس کی مدد کی گئی ہے وہ احسانات کے نیچے اس طرح دب جائے کہ آئندہ وہ مال داروں کی من مانیوں کا ساتھ دینے پر مجبور ہوجائے۔

(5) اللہ نے اس کائنات کو پیدا کیا اس کے ہاتھ میں زندگی اور موت کی ڈور ہے اور ساری دنیا کے فنا ہوجانے کے بعد پھر وہی اللہ اپنی قدرت کاملہ سے انسانوں کو دوبارہ زندہ فرمائے گا۔ اللہ کی اس قدرت و طاقت میں کوئی اس کا شریک نہیں ہے اور نہ کسی کے بس میں ہے کہ وہ یہ تمام کام کرسکے۔ لہذا اللہ وہ ہے جو ان تمام چیزوں سے افضل، برترو اعلیٰ ہے جن کو وہ اللہ کے ساتھ شریک کرتے ہیں۔