IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 46

  1. وَ مِنْ اٰیٰتِهٖۤ اَنْ یُّرْسِلَ الرِّیَاحَ مُبَشِّرٰتٍ وَّ لِیُذِیْقَكُمْ مِّنْ رَّحْمَتِهٖ وَ لِتَجْرِیَ الْفُلْكُ بِاَمْرِهٖ وَ لِتَبْتَغُوْا مِنْ فَضْلِهٖ وَ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ﴿46﴾

    1. وَمِنْ اٰيٰتِهٖٓاور اس کی نشانیوں سے
    2. اَنْ يُّرْسِلَکہ وہ بھیجتا ہے
    3. الرِّيَاحَہوائیں
    4. مُبَشِّرٰتٍخوشخبری دینے والی
    5. وَّلِيُذِيْقَكُمْاور تاکہ وہ تمہیں چکھائے
    6. مِّنْ رَّحْمَتِهٖسے (کا) اپنی رحمت
    7. وَلِتَجْرِيَاور تاکہ چلیں
    8. الْفُلْكُکشتیاں
    9. بِاَمْرِهٖاس کے حکم سے
    10. وَلِتَبْتَغُوْااور تاکہ تم تلاش کرو
    11. مِنْسے
    12. فَضْلِهٖاس کا فضل
    13. وَلَعَلَّكُمْاور تاکہ تم
    14. تَشْكُرُوْنَتم شکر کرو
Translation · Baseerat-e-Quran
اس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ وہ (بارش سے پہلے) خوش خبری دینیوالی ہوائیں بھیجتا ہے تاکہ وہ تمہیں اپنی رحمت کا مزہ چکھا دے (فائدے عطا کر دے) تاکہ کشتیاں (جہاز) اس کے حکم سے چلیں اور تم اس کا فضل (رزق) تلاش کرو اور شاید کہ تم شکر ادا کرو۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات آیت نمبر 46 تا 50

مبشرات (کوش خبری دینے والیاں) ۔ اجرموا (جنہوں نے جرم کیا) ۔ حق (حق ہے۔ ذمہ داری ہے) ۔ تشیر (وہ پھیلاتا ہے) ۔ سحاب (بادل) ۔ کسف (ٹکڑا۔ تقسیم کرنا ) ۔ ودق (بارش) ۔ اثر (اثر) (نشایاں) ۔

تشریح : آیت نمبر ( 46 تا 50)

اللہ تعالیٰ کا یہ قانون ہے کہ حالات کبھی ایک جیسے نہیں رہتے خزاں کے بعد بہار، مصیبت کے بعد راحت، دکھ کے بعد آرام و سکون اور ہر مشکل کے بعد آسانی پیدا ہوتی رہتی ہے۔ اسی طرح کفرو شرک اور اللہ کی نافرمانیاں جب حد سے برھ جاتی ہیں تو اللہ تعالیٰ اپنے پاکیزہ نفوس انبیاء کرام (علیہ السلام) کو بھیجتا ہے جو اپنی قوم کے لوگوں کو یہ بات بتاتے ہیں کہ اگر انہوں نے کفر و شرک اور نافرمانیوں کو نہ چھوڑا تو اللہ کا عذاب آئے گا جو تمہاری تمام ترقیات کو مٹاکر رکھ دے گا۔ اس طرح گویا کفروشرک کی وجہ سے جو خزاں کا موسم طاری ہوجاتا ہے وہ موسم بہار سے بدل جاتا ہے۔ حضرت آدم (علیہ السلام) سے نبی کریم ﷺ تک بیشمار انبیاء اور رسول تشریف لائے جنہوں نے راستے سے بھٹکے ہوئے لوگوں کو صراط مستقیم پر چلایا۔ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے بعد نبیوں اور رسولوں کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ اب قیامت تک آپ کی امت کے علماء کرام اس فریضے کو پورا کرتے رہیں گے اور جب بھی لوگ کفروشرک میں مبتلا ہوں گے ان کی اصلاح کر کے ان کے سکون کا انتظام فرماتے رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کا خلاصہ یہ ہے کہ

اللہ کی بیشمار نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ ہے کہ وہ بارش سے پہلے خوش خبری دینے والی ہوائیں بھیجتا ہے جن سے گرمی میں جھلسے ہوئے لوگ اس تصور کے ساتھ خوش ہوجاتے ہیں کہ اب گرمی کا موسم ختم ہوجائے گا اور اس کی شدت سے نجات مل جائے گی۔ اس طرح اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کا مزہ چکھا دیتے ہیں۔ یہ خوش گوار ہوائیں جب دریا اور سمندر میں چلتی ہیں تو چھوٹے اور بڑے جہاز اور کشتیاں ایک جگہ سے دوسری جگہ چلی جاتی ہیں جن سے اللہ کا فضل و کرم اور تجارتی لین دین میں ترقی ہوتی ہے اور اس طرح بہت سے لوگوں کو اپنا رزق حاصل کرنے میں سہولت میسر آجاتی ہے۔ یہ اللہ کا اتنا پڑا کرم ہے کہ اس پر ہر ایک کو اس اللہ کا شکر گذار ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اسی طرح جب کسی قوم میں اللہ کی نافرمانیوں کو وجہ سے کفر وشرک پھیل جاتا ہے تو وہ اپنے رسولوں کو بھیجتا ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں رونق، بہار، نئی زندگی اور تروتازگی آجائے۔ جو لوگ ان کی بات مان لیتے ہیں تو اللہ نے اپنے ذمے لیا ہے کہ ایسے ایمان والوں کی وہ ہر حال میں مدد فرمائے گا لیکن جو لوگ ان انبیاء کرام (علیہ السلام) کو ستاتے ہیں اور ان کا کہا نہیں مانتے ان سے اللہ انتقام لے کر چھوڑتا ہے جس سے ان کی دنیا اور آخرت کی زندگی برباد ہو کر وہ جاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ تم دیکھتے ہو کہ بارش سے پہلے وہ اللہ ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کو بھیجتا ہے وہی بادلوں کو ہواؤں کے دوش پر اٹھاتا ہے جو تہہ درتہہ بادلوں کی شکل میں زمین کے مختلف ٹکڑوں کی طرف چلتے ہیں۔ جہاں وہ بادل برستے ہیں وہاں کے لوگ خوشیاں منانے لگتے ہیں حالانکہ وہ اس سے پہلے اس قدر مایوس ہوچکے ہوتے ہیں کہ جیسے ان پر کبھی بارش برسے گی ہی نہیں۔ اس طرح اللہ اس زمین کو جو خشک اور بنجر ہونے لگتی ہے اس کو بارش کے برسنے سے ایک نئی تازگی اور زندگی عطا کردیتا ہے۔

فرمایا کہ جس طرح بارش کے برسنے سے مردہ زمین دوبارہ تروتازہ ہوجاتی ہے اسی طرح اللہ کی یہ قدرت کاملہ ہے کہ وہ تمام ان لوگوں کو جو مر کر گل سڑ گئے ہوں گے ان کو اپنی رحمت خاص سے دوبارہ پیدا کرے گا۔

خلاصہ یہ ہے کہ جس طرح بارش نہ برسنے سے زمین خشک، بنجر اور بےرونق ہوجاتی ہے لیکن بارش برستے ہی اس میں ایک نئی تروتازگی اور رونق آجاتی ہے اسی طرح جب انسانی ذہنوں کی دنیا بےرونق اور اجاڑ ہوجاتی ہے تو اللہ کے انبیاء کرام (علیہ السلام) آکر ان کو دنیا اور آخرت کی ایک نئی اور کامیاب زندگی سے آشنا کرتے رہے ہیں۔ کفار مکہ کو بھی اشارۃ بتایا جارہا ہے کہ ان کی زندگیوں کی بےرونقی اس وقت تک دور نہیں ہو سکتی جب تک خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پر مکمل ایمان لا کر عمل صالح زندگی اختیار نہ کی جائے۔

تاریخ گواہ ہے کہ مکہ کے ان لوگوں نے جو خوف، بھوک اور باہمی جگھڑوں کی وجہ سے مردہ ہوچکے تھے جب نبی کریم ﷺ کے دامن رسالت سے وابستگی اختیار کی تو ان کو ایک ایسی زندگی مل گئی جس میں ہر طرف امن و سکون، خوش حالی اور دین و دنیا کی بھلائیوں کی رونقیں تھیں۔ صحابہ کرام ؓ کی کوششوں سے ساری دنیا کا موسم تبدیل ہوگیا اور ساری دنیا جو بےرونق ہوچکی تھی اس میں ایک نئی زندگی اور تروتازگی پیدا ہوگئی تھی۔

آج بھی مسلمانوں کو ترقی اور زندگی کی بہاریں بنی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کے اسوہ حسنہ کے ذریعہ ہی نصیب ہو سکتی ہیں۔