بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 30. Ar-Room · Ayah 55
وَ یَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ یُقْسِمُ الْمُجْرِمُوْنَ١ۙ۬ مَا لَبِثُوْا غَیْرَ سَاعَةٍ١ؕ كَذٰلِكَ كَانُوْا یُؤْفَكُوْنَ﴿55﴾
- وَيَوْمَاور جس دن
- تَقُوْمُقائم ہوگی
- السَّاعَةُقیامت
- يُقْسِمُقسم کھائیں گے
- الْمُجْرِمُوْنَمجرم (جمع)
- مَا لَبِثُوْاوہ نہیں رہے
- غَيْرَ سَاعَةٍ ۭایک گھڑی سے زیادہ
- كَذٰلِكَاسی طرح
- كَانُوْاوہ تھے
- يُؤْفَكُوْنَاوندھے جاتے
لغات القرآن آیت نمبر 55 تا 60
الساعتہ (گھڑی۔ قیامت) ۔ یقسم (قسم کھائے گا) ۔ مالبوا (وہ نہیں ٹھہرے۔ وہ نہیں رہے) ۔ یوفکون (وہ الٹے چلتے ہیں) ۔ البعث (اٹھنا) ۔ لا ھم یستعیبون (نہ وہ معافی مانگے جائیں گے) ۔ مبطلون (جھوٹا بنانے والے) ۔ یطبع (وہ مہر لگا دیتا ہے) ۔ لا یستخفن (وہ ہلکا نہ کرے گا) ۔ لا یوقنون (وہ یقین نہیں رکھتے ہیں) ۔
تشریح : آیت نمبر (55 تا 60) ” اللہ تعالیٰ کے نافرمان کا فرد مشرک قیامت کے ہولناک دن کو دیکھ کر عجیب بہکی بہکی باتیں کرنے لگیں گے کبھی وہ اپنے جھوٹے معبودوں کا انکار کرتے ہوئے کہیں گے اے اللہ درحقیقت ہم مشرک نہیں تھے ہمیں غلط مشورہ دینے والوں یا ان بتوں نے گمراہ کیا تھا۔ کبھی کہیں گے کہ ہم دنیا میں بہت کم ٹھہرے ہیں ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہم صرف ایک گھنٹہ دنیا میں رہ کر آئے ہیں اگر ہمیں اور موقع دیا جاتا تو ہم گناہوں سے توبہ کر کے ایمان اور عمل صالح کی زندگی اختیار کرلیتے۔ بعض مفسرین نے فرمایا ہے کہ یہ کفارو مشرکین جس مختصر مدت کی قسم کھا کر یہ کہہ رہے ہیں اس سے مراد عالم برزخ یا قبر ہے جس کے متعلق وہ کہیں گے کہ ہم دنیا میں زیادہ نہیں ٹھہرے ہیں۔ یہ ان کی بےتکی اور بہکی باتیں ہوں گی جن کے جواب میں اہل علم واہل ایمان کہیں گے کہ تم اللہ کے علم اور لکھے ہوئے کے مطابق قیامت میں دوبارہ اٹھنے تک سوتے رہے ہو ۔ اللہ نے جتنی مدت اور وقت دیا تھا وہ سوچنے، سمجھنے اور نیک اعمال کے لئے کافی تھا۔ اب تو وقت گذر چکا ہے۔ اب تو وہ دن ہے جس کا اللہ نے وعدہ کیا تھا اور اپنے رسولوں کے ذریعہ جس کی خبر دی گئی تھی مگر تم نے رسولوں کی باتوں اور قرآن مجید پر غورو فکر نہیں کیا۔ اگر تم غور سے سنتے اور سمجھتے تو تمہارا یہ حال نہ ہوتا۔ مگر تم تو دنیا کے دھندوں اور دنیا کی چمک دمک میں ایسے لگے رہے کہ کسی سچی اور حق بات کو سننا گواراہی نہ کرتے تھے آج تم کسی عذر کو پیش کرنے کے قابل بھی نہیں رہے۔ اور تم سے کسی معذرت کا مطالبہ بھی نہیں کیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے قرآن مجید کو تمام انسانیت کی اصلاح کے لئے بھیجا ہے جس میں ہر طرح کی مثالوں کو مختلف انداز سے باربار پیش کیا ہے۔ ان لوگوں کا یہ حال ہے کہ اگر آپ کوئی نشانی یا معجزہ بھی لا کر دکھا دیں تب بھی یہ لوگ اس کا انکار کر کے کہیں گے کہ آپ جھوٹ پر قائم ہیں۔ سچائی آنے کے بعد جو لوگ انکار پر انکار کرتے چلے جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر مہریں لگا دیتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ اے نبی ﷺ ! آپ صبر و تحمل سے کام کیجئے اور اپنے مشن اور مقصد کی کامیابی کے لئے جدوجہد کرتے رہیے اللہ نے جو بھی وعدے کئے ہیں وہ برحق ہیں اور پورے ہو کر رہیں گے۔ آپ اپنے مقصد اور گفتگو میں حلم و تحمل ، برداشت اور عزم و ہمت پر قائم رہیے۔ آپ کی بھاری بھر کم شخصیت کے سامنے آخر سب کو جھکنا پڑے گا۔
تاریخ گواہ ہے کہ نبی کریم ﷺ پر مکہ مکرمہ میں تیرہ سال اور مدنیہ منورہ میں دس سال تک انتہائی نازک موڑ آئے لیکن آپ یا آپ کے جاں نثار صحابہ کرام مصائب اور پریشانیوں کے آگے نہیں جھکے بلکہ آپ نے اپنی با عظمت سیرت کے ذریعہ ساری دنیا میں نہایت مختصر مدت میں ایک ایسا عظیم انقلاب پیدا فرما دیا جس کی مثال تاریخ انسانی میں نہیں ملتی۔
الحمدللہ سورة الروم کی آیات کا ترجمہ اور اس کی تشریح مکمل ہوئی۔
واخر دعوانا ان الحمدللہ رب العالمین