IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 1

  1. الٓمّٓۚ﴿1﴾

    1. الف۔ لام ۔ میم
Translation · Baseerat-e-Quran
الۗمّۗ
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (1 تا 5)

تلک یہ (اسم اشارہ) ۔ المحسنین (نیکیاں کرنے والے) ۔ یقیمون (وہ قائم کرتے ہیں) ۔ یوتون (وہ دیتے ہیں۔ ادا کرتے ہیں) ۔ یوقنون (وہ یقین کرتے ہیں) ۔ المفلحون (فلاح و کامیابی حاصل کرنے والے) ۔

تشریح : آیت نمبر (1 تا 5) ” اس سورت کا آغاز بھی حروف مقطعات سے کیا گیا ہے۔ سورة بقرہ اور دوسری چند سورتوں کی ابتداء میں جہاں یہ حروف آئے ہیں وہاں اس بات کی وضاحت کردی گئی ہے کہ ان حروف کے معنی اور مراد کا علم صرف اللہ کو ہے کیونکہ یہ اسی کا کلام ہے۔ ممکن ہے نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے ان حروف کے معنی بتا دیئے ہوں لیکن نبی کریم ﷺ نے اپنے جاں نثاروں کو نہیں بتائے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ یہ قرآن کریم وہ کتاب ہے جو حکمت و دانائی کے اصولوں سے پھر پور ہے اور اس کے ہر حکم میں اللہ نے حکمت و دانائی کو اس طرح بھر دیا ہے کہ ہر وہ شخص جو حسن عمل پیش کرتا ہے اس کے لئے سراسر ہدایت اور رحمت ہے۔ لیکن جو بڑی سے بڑی حکیمانہ بات سے منہ پھیر کر گذر جائے اور اس پر غور و فکر کر کے حسن عمل کا پیکر نہ بن جائے وہ یقینا ناکام و نامرادشخص ہے۔ فرمایا کہ وہ لوگ جو ” محسن “ ہیں یعنی ہر نیکی کو قبول کرتے اور ہر گناہ سے بچتے ہیں ان کے لئے قرآن کریم کی آیات سراسررحمت و ہدایت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ” محسنین “ ان لوگوں کو قرار دیا ہے جو

(1) نمازوں کو قائم کرتے ہیں یعنی نمازوں کے آداب اور شرائط کا پوری طرح لحاظ کرکے ان کی پابندی کرتے ہیں۔ نماز در حقیقت اللہ کی عبادت و بندگی کا سب سے بہتر اور اعلیٰ معیاری عمل ہے۔ وہ لوگ جو نمازوں کو قائم کرتے ہیں وہی دین اسلام کی عمارت کو مضبوط کرتے ہیں لیکن جن کے نزدیک نماز کی کوئی اہمیت نہیں ہے وہ سارے دین کی بنیادوں کو ڈھادینے والے ہیں۔

(2) ” محسنین “ کی دوسری صفت یہ ہے کہ وہ ” زکوۃ “ دیتے ہیں یعنی مال و دولت سے اس طرح چمٹ کر نہیں رہ جاتے کہ ان کے ہاتھوں سے ایکم سکہ بھی غریبوں اور بےکسوں کی جیب میں نہ جائے بلکہ صدقات کے علاوہ وہی زکوۃ بھی ادا کرتے ہیں اس میں کوتاہی نہیں کرتے۔ سورة لقمان کی آیات اگرچہ مکہ مکرمہ میں نازل ہوئیں جہاں زکوۃ کی ساری تفصیلات اور احکامات نازل نہیں ہوئے تھے لیکن نماز کی طرح زکوۃ بھی مکہ مکرمہ میں فرض کردی گئی تھی۔ مدینہ منورہ میں زکوۃ کے احکامات، اس کا نصاب ، مقدار اور زکوۃ کے مستحقین کی تفصیلات کا تعین کردیا گیا تھا۔ مکہ مکرمہ میں یہ حکم تھا کہ اپنی ضرورت سے جو کچھ زائدہو وہ دوسرے مسلمان بھائیوں کو دے دیا جائے لیکن مدنیہ منورہ میں اللہ کے حکم سے نبی کریم ﷺ نے یہ متعین فرمادیا کہ صرف حاحب نصاب لوگ اپنے مال میں سے ڈھائی فیصد ادا کریں۔ اگر وہ اس کو ادا نہیں کریں گے تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ان کے مالوں کو دو منہ والے سانپ کی شکل میں ان کے گلے میں لٹکا دیں گے جو ان کو ڈستا رہے گا اور کہتا رہے گا کہ میں ہوں تیرا مال، میں ہوں تیرا خزانہ۔

(3) ” محسنین “ کی تیسری صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ آخرت پر یقین رکھتے ہیں یعنی ان کا اس بات پر پختہ یقین ہوتا ہے کہ وہ مرنے کے بعد اللہ کے سامنے حاضر ہو کر اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب پیش کریں گے۔

اگر غور کیا جائے تو یہ حقیقت نکھر کر سامنے آجائے گی کہ فکر آخرت ہی انسان کے اعمال و کردار کی سچی بنیاد ہے۔ اگر آخرت کا فکر دامن گیر نہ ہو تو انسان اور جانور میں کوئی فرق نہیں رہ جاتا۔ اسی لئے اگر قرآن کریم کا غوروفکر سے مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ قرآن کریم نے سب سے زیادہ جس بات پر زور دیا ہے وہ آخرت کی فکر ہے۔ فکر آخرت سے بےنیاز تو صرف کفارہی ہو سکتے ہیں۔

خلاصہ یہ ہے کہ قرآن کریم سراسر ہدایت اور رحمت ہے لیکن اس سے فائدہ حاصل کرنے والے لوگ وہی ہیں جو نیکیوں پر قائم رہتے ہیں اور برائیوں سے بچ کر فکر آخرت میں لگے رہتے ہیں۔

کفار مکہ کہتے تھے کہ یہ مسلمان جس خطرناک راستے پر بےسوچے سمجھے چلے جارہے ہیں ہماری عقلوں میں یہ بات نہیں آتی کہ ان کا بہتر انجام کیسے ہوگا ۔ ہمیں تو ایسا لگتا ہے کہ یہ دنیا کے ناکام ترین لوگ ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے زور دے کر فرمایا کہ وہ اہل ایمان جو حسن عمل کا پیکر ہیں ، اللہ کی اطاعت وفرماں برداری کرنے والے، نمازیں قائم کرنے والے، زکوۃ دینے اور فکر آخرت میں لگے ہوئے ہیں یہی راہ مستقیم پر ہیں اور ان لوگوں کی کامیابی یقینی ہے صرف اس دنیا کی حد تک نہیں بلکہ آخرت میں بھی ہر طرح کی کامیابیاں ان کے قدم چو میں گی۔