بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 12
وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا لُقْمٰنَ الْحِكْمَةَ اَنِ اشْكُرْ لِلّٰهِ١ؕ وَ مَنْ یَّشْكُرْ فَاِنَّمَا یَشْكُرُ لِنَفْسِهٖ١ۚ وَ مَنْ كَفَرَ فَاِنَّ اللّٰهَ غَنِیٌّ حَمِیْدٌ﴿12﴾
- وَلَقَدْ اٰتَيْنَااور البتہ ہم نے دی
- لُقْمٰنَلقمان
- الْحِكْمَةَحکمت
- اَنِکہ
- اشْكُرْتم شکر کرو
- لِلّٰهِ ۭاللہ کا
- وَمَنْاور جو
- يَّشْكُرْشکر کرتا ہے
- فَاِنَّمَاتو اس کے سوا نہیں (صرف)
- يَشْكُرُوہ شکر کرتا ہے
- لِنَفْسِهٖ ۚاپنے لیے
- وَمَنْ كَفَرَاور جس نے ناشکری کی
- فَاِنَّ اللّٰهَتو بیشک اللہ
- غَنِيٌّبےنیاز
- حَمِيْدٌتعریفوں کے ساتھ
تشریح : آیت نمبر (12 تا 15) ۔
سورئہ لقمان کی اس سے پہلے آیات میں نظر ابن حارث کا نام لئے بغیر اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ بعض کافر و مشرک وہ ہیں جو بےہودہ اور دین سے غافل کرنے والی چیزویں خرید کر لاتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کو اور نئی نسل کو جھوٹے قصے کہانیوں میں لگا کر دین کی سچائیوں کو بےحقیقت ثابت کرسکیں۔ اب ان زیر مطالعہ آیات میں عرب کے ذہین شخص حکمت و دانائی، علم و دانش کے پیکرشکر گذار توحید پرست حضرت لقمان کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ وہ حضرت لقمان جنہیں اللہ نے علم و حکمت الہام فرمایا تھا جن کی عقل و سمجھ کی باتوں سے عرب کا بچہ بچہ واقف تھا انہوں نے اپنے بیٹے کو یعنی نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اے میرے بیٹے ! اللہ (کی ذات، صفات اور عبادت میں) کسی کو شریک نہ کرنا کیونکہ کسی کو بھی اللہ کے ساتھ شریک کرنا انتہائی زیادتی، بےانصافی اور گناہ کی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے شرک کی اس شدت کا بیان کرنے کے لئے فرمایا کہ ہم نے انسان کو اس بات کی تاکید کردی ہے کہ اس کے وہ والدین خاص طور پر ماں جس نے اپنے بچے کو دکھ پر دکھ اٹھا کر نو مہینے اپنے پیٹ میں پرورش کیا۔ دو سال تک دودھ پلا کر نہایت شفقت و محبت سے اس کو پروان چڑھایا اور وہ باپ جس نے زندگی کی کڑی دھوپ میں اس کے لئے زندگی گذارنے کے وسائل مہیا کئے ان دونوں کی اطاعت و فرماں برادری کی جائے۔ ان کا کہا مانا جائے۔ ادب و احترام کا پوری طرح خیال رکھا جائے ان کی دل داری کرتے ہوئے اگر وہ کچھ کہہ دیں تو اس پر اف تک نہ کہا جائے لیکن وہی والدین جن کی خدمت کو عبادت قرار دیا گیا ہے اگر اس کو کفروشرک پر آمادہ کریں اور شرک کرنے کے لئے زور ڈالیں تو صاف انکار کردینا جاہیے کیونکہ کسی گناہ اور معصیت میں کسی شخص ہیاں تک کہ والدین کی بات بھی نہیں مانی جائے گی۔ البتہ اس کے باوجود ان سے دنیاوی حسن سلوک، خدمت، ادب واحترام اور اچھے برتائو میں کمی نہیں آنی چاہیے۔ کیونکہ اصول کی بات یہ ہے کہ ہر اس شخص کی پیروی کی جائے گی جو اللہ کی طرف لانے کی جدوجہد اور کوشش کرتا ہے کیونکہ سب لوگوں کو آخر کار اسی ایک اللہ کی طرف لوٹنا ہے ۔ جہاں وہ ہر ایک کے نامہ اعمال کے مطابق یہ بتادے گا کہ وہ دنیا میں کیا کرتا رہا ہے۔ اسی پر جنت یا جہنم میں داخلے کا حکم دیا جائے گا۔
ان آیات کی وضاحت کے لئے عرض ہے کہ
(1) اللہ تعالیٰ کے بعد انسان پر سب سے زیادہ ادب و احترام اور اطاعت و فرماں برداری کا حق والدین کا ہے جنہوں نے سخت مصیبتیں اور دکھ جھیل کر نہایت شفقت و محبت سے اس کی پرورش کی ہے۔ لہذا اولاد میں سے ہر ایک پر یہ لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ماں باپ کی بےانتہا اطاعت و فرماں برداری کرے اور ان کو غیر محسوس تکلیف بھی نہ ہونے دے لیکن اگر کسی کے والدین اپنی اولاد کو کسی گناہ یا شرک کرنے پر زور ڈالیں تو صاف انکار کردینا لازمی ہے کیونکہ والدین کی اطاعت و فرماں برداری کے حدود مقرر ہیں۔ شرک میں ان کی اطاعت نہیں کی جائے گی۔
(2) تقریباً تمام علما، محدثین اور مفسرین اس بات پر متفق ہیں کہ حضرت لقمان اللہ کے نبی یا رسول نہیں تھے بلکہ نہایت نیک اور پارسا شخص تھے ان کی عقل و دانش کے پورے عرب میں چرچے عام تھے۔ اور وہ لوگ ان کی حکمت و دانائی سے بہت متاثر تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ایسے عقل مند انسان نے بھی یہی بتایا ہے کہ اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک کرنا ظلم عظیم ہے اس سے زیادہ بےادبی، بےانصافی اور گستاخی کوئی نہیں ہے کہ اللہ کی ذات، صفات اور عبادت میں دوسروں کو شریک سمجھا جائے۔ فرمایا کہ وہ حضرت لقمان کو بہت دانش مند شخص سمجھتے ہیں وہ بھی شرک کو بد ترین گناہ سمجھتے ہیں وہ کیسے لوگ ہیں جو دین اسلام کا راستہ روکنے کے لئے اپنے کفر و شرک میں اس قدر آگے بڑھ چکے ہیں کہ لوگوں کو اور نئی نسل کے نوجوانوں کو وحدانیت اور شکر کی طرف لانے کے بجائے ان کو ناچ گانے، کھیل کود، قصے کہانیوں اور دین سے غافل کرنے والی چیزوں میں لگا رہے ہیں۔
(3) قرآن کریم میں توحید کی تعلیم اس قدر واضح اور تفصیل سے بیان کی گئی ہے کہ اس کا کوئی پہلو ایسا نہیں ہے جو پوری روشنی میں نہ آگیا ہو۔ اللہ نے اسی پرزور دیا ہے اور تمام رسول اسی تعلیم کو لے کر آئے تھے۔ گذشتہ امتوں کو جس وجہ سے تباہ و برباد کیا گیا ہے وہ ان کا شرک تھا۔ شرک ایک ایسی خرابی اور برائی ہے جو کسی حال میں معاف نہیں کی جاتی۔ انبیاء کرام (علیہ السلام) اپنی امتوں کو کفر و شرک سے روکتے رہے۔ جب وہ اپنی مشرکانہ حرکتوں سے باز نہیں آئے تو اللہ کا فیصلہ آگیا اور قوموں کو صفحہ ہستی سے مٹاکر نشان عبرت بنا دیا گیا۔