بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 16
یٰبُنَیَّ اِنَّهَاۤ اِنْ تَكُ مِثْقَالَ حَبَّةٍ مِّنْ خَرْدَلٍ فَتَكُنْ فِیْ صَخْرَةٍ اَوْ فِی السَّمٰوٰتِ اَوْ فِی الْاَرْضِ یَاْتِ بِهَا اللّٰهُ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَطِیْفٌ خَبِیْرٌ﴿16﴾
- يٰبُنَيَّاے میرے بیٹے
- اِنَّهَآبیشک وہ
- اِنْ تَكُاگر ہو
- مِثْقَالَ حَبَّةٍوزن (برابر) دانہ
- مِّنْسے (کے)
- خَرْدَلٍرائی
- فَتَكُنْپھر وہ ہو
- فِيْمیں
- صَخْرَةٍسخت پتھر
- اَوْیا
- فِي السَّمٰوٰتِآسمانوں میں
- اَوْیا
- فِي الْاَرْضِزمین میں
- يَاْتِ بِهَالے آئے گا اسے
- اللّٰهُ ۭاللہ
- اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
- لَطِيْفٌباریک بین
- خَبِيْرٌخبردار
لغات القرآن آیت نمبر 16 تا 19۔
مثقال (وزن) ۔ حبتہ (دانہ) ۔ صخرۃ (سخت پتھر۔ چٹان) ۔ یات بھا (وہ اس کو لے آئے گا) ۔ اصاب (پہنچا) ۔ عزم الامور (ہمت کے کام) ۔ لا تصعر (تصعیر) (ٹیڑھانہ کر ۔ چہرہ نہ پھلا) ۔ خد (گال۔ رخسار) ۔ لا تمش (تو نہ چل) ۔ مرح (اکڑنا۔ تکبر کرنا) ۔ مختال (اترانے والا) ۔ فخور (بڑائیاں کرنے والا) ۔ اقصد (اعتدال۔ میانہ روی اختیار کر) ۔ مشی (چلنا) ۔ اغضض (پست کر۔ دھیما کر) ۔ صوت (آواز) ۔ انکر (بد ترین۔ ناگوار) ۔ الحمیر (گدھا) ۔
تشریح ـ آیت نمبر (16 تا 19) ۔ حجرت لقمان جو اللہ کے نیک اور برگذیدہ بندے تھے عرب کے رہنے والے ان کی عقل و فہم اور دانش پر بہت اعتماد کرتے تھے انہوں نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے پہلی بات یہ فرمائی کہ اس کائنات کا مالک صرف ایک اللہ ہے اس کی ذات، صفات اور عبادت میں کوئی اس کا شریک نہیں ہے جو لوگ اس کے ساتھ دوسروں کو شریک کرتے ہیں وہ در حقیقت بڑی بےانصافی، گستاخی اور ظلم عظیم کرتے ہیں۔ یہاں تک فرمایا ایک گھر میں کہ والدین جو انسان کی محبت و عقیدت کا مرکز ہوتے ہیں وہ بھی اگر اپنی اولاد کو شرک کرنے کا حکم دیں تو اولاد کو اس سے انکار کردینا فرض ہے۔ البتہ دنیاوی حسن سلوک میں کمی نہیں آنی چاہیے۔ کیونکہ والدین کافر ہوں یا اللہ کے فرماں بردار ہر حال میں ان کے ساتھ حسن معاملہ کرنا ضروری اور لازمی ہے۔
دوسرے نصیحت یہ فرمائی کہ انسان کا کوئی عمل یا کوئی بات کسی حال میں اس سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کسی چٹان یا زمین و آسمان میں کوئی چیز ایسی ہو جو لوگوں کی نگاہوں سے چھپی ہوئی ہو یا ہزاروں پردوں کے پیچھے کوئی گناہ کیا گیا ہو جو لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ ہو لیکن رب العالمین سے وہ بھی پوشیدہ نہیں ہے۔ وہ ہر بات اور عمل سے اچھی طرح واقف ہے۔
تیسری نصیحت یہ فرمائی کہ نماز کو ہمیشہ قائم رکھا جائے یعنی اس کے تمام آداب و ارکان کا خیال رکھتے ہوئے اس کو ادا کیا جائے۔ اصل میں توحید خالص کو مان کر اور اللہ کو ہر جگہ حاضر و ناظر جان کر عمل کرنا اور یہ یقین رکھنا کہ اس کو ایک دن اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہونا ہے یہ دین اسلام کی روح ہے جس کا بہترین اظہار نماز کے ذریعہ ہوتا ہے اسی لئے حضرت لقمان نے اپنے بیٹے کو نماز کی تاکید فرمائی۔
چوتھی نصیحت یہ فرمائی کہ ” امر بالمعروف اور نہی عن المنکر “ یعنی ہر نیک بات کو پھیلانے کی مسلسل جو جہد کرنا اور دنیا سے ہر برائی کو مٹانے کی کوشش کرنا ہر مومن کی ذمہ داری ہے کیونکہ اللہ نے اس کو بہترین امت بنایا ہے جس کا بنیادی فرض یہ ہے کہ دنیا میں نیکیاں پھیلائے اور برائیوں کے خاتمہ کی کوششوں میں لگی رہے۔ اصل میں جب تک ایک مومن کوئی بھی نیکی کرتا ہے نماز، روزہ اور احکام الہی کی پابندی کرتا ہے تو وہ عبادت ہے لیکن جب انسان کو یہ فکر دامن گیر ہوجائے کہ کسی طرح دوسرے لوگ بھی اس نیکی کو اپنالیں اور برائیوں سے بچ جائیں جب وہ اس کی جدوجہد کرتا ہے تو اس کو دعوت کہتے ہیں۔ عبادت اور دعوت دونوں ہی ضروری ہیں۔ عبادت کرنا تو شاید آسان ہو کیونکہ وہ انسان کی ذات تک محدود رہتی ہے لیکن دوسروں تک نیکی کا پیغام پہنچانا یہ بڑی ہمت اور حوصلہ مندی کی بات ہے اسی لئے فرمایا کہ اگر تمہیں اس راستے میں کوئی تکلیف پہنچے یا مشکل در پیش ہو تو اس پر صبر کرنا کیونکہ یہ بڑے حوصلے مندی کی بات ہے اسی لئے فرمایا کہ اگر تمہیں اس راستے میں کوئی تکلیف پہنچے یا مشکل در پیش ہو تو اس پر صبر کرنا کیونکہ یہ بڑے حوصلے ، جرات اور عزم و ہمت کی بات ہے۔
پانچویں نصیحت یہ فرمائی کہ لوگوں سے منہ پھیر پھیر کر بات مت کرنا کیونکہ یہ تکبر کر نشانی ہے جسے اللہ تعالیٰ پسند نہیں فرماتے۔ حدیث میں آتا ہے کہ نبی مکرم ﷺ جب کسی سے بات کرتے تو پوری طرح متوجہ ہو کر بات کرتے تھے۔ یہی اہل ایمان کا طریقہ اور شریفانہ اخلاق کا تقاضا ہے۔
چھٹی نصیحت یہ فرمائی کہ زمین پر اکٹر کر چلنا تکبر اور غرور کی نشانی ہے جو کسی حال میں ایک مومن کو زیب نہیں دیتی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اللہ کے بندے جب زمین پر چلتے ہیں تو بڑے وقار اور دھیمے پن سے چلتے ہیں یعنی متکبروں کی طرح نہ گردن اکڑا کر چلتے ہیں اور نہ زور سے پاؤں مار کر اپنی بڑائی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ تواضع اور انکساری کا طریقہ اختیار کرتے ہیں جو اللہ کو بہت پسند ہے۔ چلنے میں اس بات کا خیال ضرور رہے کہ نہ تو بیماروں کی طرح چلے نہ متکبر لوگوں کی طرح۔ درمیانہ اور اعتدال کی راہ سب سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ چلنے میں وقار ہو بناوٹ نہ ہو۔
ساتویں نصیحت یہ فرمائی کہ بیٹا ! اپنی آواز کو دھیما رکھنا۔ چیخنا، چلانا اور خوامخواہ زور زور سے بولنا پسندیدہ نہیں ہے جہاں جیسی ضرورت ہو اس کے مطابق آواز کو بلند یا پست کیا جائے لیکن بلا ضرورت گلا پھاڑنا اور اپنی بڑائی کا اظہار کرنا کسی طرح اچھی عادت نہین ہے۔ فرمایا کہ سب ہی جانور بولتے ہیں لیکن گدھے کی آواز اس لیے ناپسندیدہ ہے کہ وہ گلاپھاڑ کر چلاتا ہے اور اس پر بچے بھی ہنستے ہیں۔ اس بری عادت سے چھٹکارا پانا ضروری ہے۔
جب نبی کریم ﷺ بولتے تھے تو آپ حسب موقع اپنی آواز کو دھیما اور باوقار رکھتے تھے ۔ شہید کربلا حضرت حسین ؓ نے اپنے والد حضرت علی فرتضی ؓ سے پوچھا کہ حضور اکرم ﷺ جب لوگوں کے درمیان بیٹھتے تھے تو آپ کا انداز کیا ہوتا تھا۔ حضرت علی ؓ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ ہمیشہ خوش و خرم نظر آتے تھے۔ آپ کے اخلاق میں نرمی اور برتائو میں سہولت مندی ہوتی تھی۔ آپ کی طبعیت میں سختی نہیں تھی نہ آپ شور مچاتے تھے نہ کوئی ایسی بات منہ سے نکالتے تھے جو فحش اور گندی ہو، نہ کسی کو عیب لگاتے تھے نہ کنجوسی اور بخل سے کام لیتے تھے۔ جو چیز آپ کو پسند نہ آتی تو آپ اس کے پیچھے نہیں پڑتے تھے نہ اس میں عیب نکالتے تھے بلکہ اعراض فرمایا کرتے تھے یعنی خاموشی اختیار کرلیتے تھے۔ فرمایا کہ آپ ﷺ میں تین عادتیں نہیں تھیں (1) لڑائی جھگڑا کرنا۔ (2) تکبر کرنا۔ (3) جو چیز کام کی نہ ہو اس میں مشغول نہ ہونا۔ (شمائل ترمذی)
اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضرت لقمان کی ان نصیحتوں پر پوری طرح عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین
اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں مکہ کے کافروں اور مشرکوں سے فرمایا ہے کہ تم حضرت لقمان کو عقل مند تو مانتے ہو لیکن ان کی ان باتوں کو نہیں مانتے کہ انہیں شرک اور تکبر سے کتنی نفرت تھی۔ وہ اللہ کے عبادت گذار اور نیک بندے تھے۔ جب کہ تمہاری زندگی میں ان باتوں کا اثر تک نہیں پایا جاتا۔ کم از کم جس کی تم عزت کرتے ہو اس کی نیک باتوں کو تسلیم تو کرو۔