بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 25
وَ لَئِنْ سَاَلْتَهُمْ مَّنْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ لَیَقُوْلُنَّ اللّٰهُ١ؕ قُلِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ١ؕ بَلْ اَكْثَرُهُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ﴿25﴾
- وَلَئِنْاور اگر
- سَاَلْتَهُمْتم ان سے پوچھو
- مَّنْ خَلَقَکس نے پیدا کیا
- السَّمٰوٰتِآسمانوں کو
- وَالْاَرْضَاور زمین
- لَيَقُوْلُنَّتو وہ یقینا کہیں گے
- اللّٰهُ ۭاللہ
- قُلِفرمادیں
- الْحَمْدُ لِلّٰهِ ۭتمام تعریفیں اللہ کے لیے
- بَلْ اَكْثَرُهُمْبلکہ ان کے اکثر
- لَا يَعْلَمُوْنَجانتے نہیں
لغات القرآن آیت نمبر (25 تا 30)
سالت (تو نے پوچھا۔ سوال کیا) ۔ یقولن (وہ ضرور کہیں گے) ۔ ابحر (بحر) (سمندر) ۔ کلمات اللہ (اللہ کی باتیں) ۔ مانفدت (ختم نہیں ہوئی (ختم نہ ہوں گی) ۔ بعث (دوبارہ اٹھانا) ۔ یولج (وہ داخل کرتا ہے) ۔
تشریح آیت نمبر (25 تا 30) ۔ ” جو لوگ اللہ کی ذات، صفات، قدرت اور کمالات کا انکار کرتے ہیں اگر ان سے پوچھا جائے کہ زمین و آسمان اور ان میں بسنے والی مخلوق کو کس نے پیدا کیا ہے تو ان کے منہ سے بےساختہ یہی نکلے گا کہ اللہ نے پیدا کیا ہے۔ ضمیر کی اس سچی اور پر خلوص آواز کے باوجود جب عبادت کرنے اور سر جھکا نے کا وقت آتا ہے تو وہ کائنات کے حقیقی خالق ومالک کو چھوڑ کر بےحققیت معبودوں کے سامنے سر جھکانے اور ان سے اپنی مرادیں مانگنے لگتا ہے۔ یہ کیسے تعجب کی بات ہے کہ اس کائنات کا خالق تو اللہ کو مانا جائے لیکن عبادت اوروں کی کی جائے۔ حالانکہ کائنات کا ذرہ ذرہ اس بات پر گواہی دے رہا ہے کہ اس عظیم کائنات کا مالک صرف ایک اللہ ہی ہے۔ زمین ہزاروں، لاکھوں سال سے اپنے محور پر گردش کر رہی ہے۔ سروں پر آسمان کو ایک محفوظ چھت اور خیمے کی طرح تان دیا گیا ہے۔ چاند، سورج، ستارے اور سیارے اپنی رفتار سے چل رہے ہیں اور اپنی روشنی سے دنیا کو منور کر رہے ہیں۔ زمین پر ہر طرف مخلوق پھیلی ہوئی ہے جن کے زندہ رہنے کے تمام اسباب مہیا کردیئے گئے ہیں۔ ان تمام سچائیوں کے باوجود اگر کوئی اللہ کو خالق ومالک نہ سمجھے اور اس کا انکار کردے تو اس سے بڑا نادان اور کوئی ہو سکتا ہے ؟ اس کائنات میں اللہ کی عظمت کو ایک محسوس مثال سے سمجھایا گیا ہے۔ فرمایا کہ اس کے کمالات اتنے زیادہ ہیں کہ اگر دنیا بھر کے درختوں کو کاٹ کر ان کے قلم بنالئے جائیں اور موجودہ سمندر بلکہ اس جیسے سات اور سمندروں کو لکھنے کی روشنائی بناکر ان سے اللہ کے کلمات یعنی کمالات اور خوبیوں کو لکھا جائے تو قلم گھس کر، روشنائی استعمال ہو کر اور لکھنے والوں کی عمریں ختم ہوجائیں گی مگر اس کے کمالات کبھی ختم نہ ہوں گے۔ یقینا وہ لوگ انتہائی خوش نصیب اور کامیاب و بامراد ہیں جو اس سچائی کو مان کر پورے خلوص اور یقین سے اللہ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کر کے اس کے سامنے سر جھکاتے ہیں اور اسی سے اپنی مرادیں مانگتے ہیں اور دل کی گہرائیوں اور خلوص کی سچائیوں کے ساتھ اپنے آپ کو مکمل طور پر اللہ کے سپرد کردیتے ہیں۔ اپنے تمام معاملات زندگی کو اس کے حوالے کر کے اس کی بھیجی ہوئی ہدایات اور تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گذارتے ہیں۔ ایسے لوگ اللہ کے مضبوط سہارے اور حلقے کو پکڑ کر ہر طرح کی گمراہیوں سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔
ان ہی باتوں کو اللہ تعالیٰ نے اس طرح فرمایا ہے کہ اے نبی ﷺ ! اگر آپ ان منکرین حق سے یہ پوچھیں کہ آسمانوں اور زمین اور اس میں بسنے والی مخلوق کو کس نے پیدا کیا ہے تو وہ یہی کہیں گے کہ اللہ نے پیدا کیا ہے فرمایا کہ آپ کہہ دیجئے کہ واقعی تمام تعریفوں کا مستحق صرف ایک اللہ ہی ہے اگرچہ اکثر لوگ اس حقیقت کو جانتے نہیں ہیں۔ فرمایا کہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اس کا مالک صرف ایک اللہ ہی ہے۔ کوئی اس کے کمالات کی تعریف کرے یا نہ کرے وہ اپنی ذات میں تمام تعریفوں کا مستحق ہے۔
فرمایا کہ اگر آسمانوں اور زمین کے تمام درخت قلم بن جائیں اور سمندر اور مزید سات سمندر لکھنے کی روشنائی بن جائیں اور ان سے لکھا جائے تب بھی اللہ کے کلمات یعنی کمالات کبھی ختم نہ ہوں گے۔ بیشک اس کی حکمت ہر چیز پر غالب ہے۔ اس کی قدرت یہ ہے کہ اس نے ساری مخلوق کو پیدا کیا ہے لہذا تم سب کا پیدا کرنا اور دوبارہ جی اٹھنا ایسا ہے جیسے ایک شخص کا پیدا کرنا۔ بلا شبہ وہ ہر ایک کی سنتا اور ہر ایک کے حالات سے پوری طرح باخبر ہے۔ فرمایا کہ کیا تم یہ نہیں دیکھتے کہ اللہ رات کو دن میں اور دن کو رات میں کس طرح ڈھالتا چلا جاتا ہے۔ اسی کی ذات کا یہ کمال ہے کہ اس نے چاند سورج کو کام پر لگا رکھا ہے۔ ہر ایک کے لئے ایک مدت مقرر ہے جس کے مطابق وہ تمام چیزیں چلتی رہیں گی یہاں تک کہ قیامت آجائے گی۔ فرمایا کہ یہ سب کچھ برحق ہے ان کا مالک اللہ ہی ہے لہذا جو لوگ اس ایک کو چھوڑ کر دوسروں کی عبادت و بندگی کرتے ہیں وہ ایک جھوٹ اور باطل کے پیچھے دوڑ رہے ہیں اور جن کو وہ اللہ کے ساتھ شریک کر رہے ہیں اللہ ان سب چیزوں سے بلندو برتر ہے۔