IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 31. Luqman · Ayah 6

  1. وَ مِنَ النَّاسِ مَنْ یَّشْتَرِیْ لَهْوَ الْحَدِیْثِ لِیُضِلَّ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ بِغَیْرِ عِلْمٍ١ۖۗ وَّ یَتَّخِذَهَا هُزُوًا١ؕ اُولٰٓئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّهِیْنٌ﴿6﴾

    1. وَمِنَاور سے
    2. النَّاسِلوگ
    3. مَنْجو
    4. يَّشْتَرِيْخریدتا ہے
    5. لَهْوَ الْحَدِيْثِکھیل کی (بیہودہ) باتیں
    6. لِيُضِلَّتاکہ وہ گمراہ کرے
    7. عَنْسے
    8. سَبِيْلِ اللّٰهِاللہ کا راستہ
    9. بِغَيْرِ عِلْمٍ ڰبےسمجھے
    10. وَّيَتَّخِذَهَااور وہ اسے ٹھہراتے ہیں
    11. هُزُوًا ۭہنسی مذاق
    12. اُولٰٓئِكَیہی لوگ
    13. لَهُمْان کے لیے
    14. عَذَابٌ مُّهِيْنٌذلت والا عذاب
Translation · Baseerat-e-Quran
ان میں سے کوئی تو ایسا (بد نصیب ہے) جو بےہودہ اور غافل کرنے والی چیزیں خرید کر لاتا ہے تاکہ وہ کم علم لوگوں کو اللہ کے راستے سے بھٹکادے۔ اور اسے ہنسی مذاق سمجھتا ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کے لیے ذلت والا عذاب ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 6 تا 11۔

یشتری (خریدتا ہے) ۔ لھو (فضول۔ بےہودہ کام) ۔ الحدیث (بات) ۔ ھزو (مذاق) ۔ ولی (وہ پلٹ گیا) ۔ اذن (کان) ۔ القیٰ (اس نے ڈالا) ۔ تمید (وہ ایک طرف ڈھلک جاتا ہے) ۔ زوج (جوڑا (شوہر۔ بیوی) ۔ خلق (بناوٹ۔ پیدائش) ۔

تشریح : آیت نمبر (6 تا 11) ۔ ” سورة لقمان کی ان آیات میں قیامت تک آنے والے لوگوں کے لئے خطاب عام ہے لیکن واحد کے صیغے اور واحد کی ضمیریں لانے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی خاص شخص تھا جس کی بد ترین سازشوں اور کوششوں سے اہل ایمان کو خبر دار کیا جارہا ہے اور بتایا جارہا ہے کہ وہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں تاکہ ملت اسلامیہ میں انتشار پیدا نہ ہو۔ احادیث کی معتبر کتابوں میں نضر ابن حارث کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ یہ شخص مشرکین مکہ میں سے ایک ہوشیار تجارت پیشہ آدمی تھا جو اپنی تجارت کے فروغ کے لئے دنیا بھر کے ملکوں کا سفر کرتا رہتا تھا۔ اسے نبی کریم ﷺ اور قرآنی تعلیمات سے ایک خاص قسم کی نفرت تھی۔ چناچہ ایک مرتبہ وہ ملک فارس گیا وہاں اس کو ایرانی بادشاہوں اور رستم و اسفند یار جیسے بہادروں کے قصے نظر پڑے وہ ان کو خرید کرلے آیا اس نے مشرکین مکہ سے یہ کہا کہ محمد ﷺ تمہیں قوم عاد، قوم ثمود اور دوسرے تباہ و برباد ہونے والی قوموں کے قصے سناتے اور ڈراتے رہتے ہیں۔ میں تمہارے لئے ایران کے بہادروں اور بادشاہوں کے قصے خرید کر لایا ہوں ان کو سنو۔ درمنشور میں تو یہ بھی لکھا ہے کہ وہ شخص ایک گانے والی کنیز (لونڈی) کو بھی خرید کرلے آیا تھا۔ قصے کہانیوں کے ذریعہ وہ لوگوں کو نبی کریم ﷺ کی باتوں سے اور تلاوت کلام اللہ سے روکنے کی کوشش کرتا اور اس کنیز سے گانے سنوا کر کہتا تھا کہ محمد ﷺ تو تمہیں قرآن سنا کر یہ کہتے ہیں کہ نماز پڑھو، روزہ رکھو اور (اللہ کی راہ میں) جانوں کا نذرانہ پیش کرو۔ ان خشک باتوں سے بڑی تکلیف پہنچتی ہے۔ تم آئو۔ ان باتوں کو چھوڑو، گانے سنو اور خوشیاں منائو۔

چونکہ آدمی قصے کہانیاں بڑے شوق سے سنتا ہے اس لئے نضر ابن حارث کی ان کوششوں سے کفار مکہ کو ایک مشغلہ ہاتھ آگیا اور وہاں کے نوجوان اور بوڑھے مردوں، عورتوں نے ان میں خاص دلچسپی لینا شروع کردی۔

اس واقعہ کو پڑھ کر یہ سوچتا ہوں کہ یہ تو نزول قرآن کے زمانے کی باتیں ہیں لیکن اگر غور کیا جائے تو ہمارے دور میں ایک دو نہیں بلکہ ہزاروں نضر ابن حارث پیدا ہوچکے ہیں جن کا کام ہی یہ ہے کہ وہ بھولے بھالے لوگوں کو قصے کہانیوں، ناولوں، افسانوں، گانے بجانے اور میلوں ٹھیلوں کی طرف اس قدر تیزی سے لارہے ہیں کہ عام آدمی کو جتنی دلچسپی ان چیزوں سے ہے اتنی دلچسپی قوموں کے عروج وزوال اور ان کے برے انجام سے نہیں ہے۔ دین کی بات کرنا ” ملائیت “ ہے اور فضول چیزوں کی طرف لا نے کو فیشن قرار دیا جاچکا ہے۔ یہ مرض اب ایک خطر ناک وبائی شکل اختیار کرچکا ہے اور کینسر کی طرح دین کی تعلیمات اور اخلاقی قدروں کو تیزی سے چاٹتا چلا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب مسلمانوں کو اس عالمی سازش اور گناہوں سے محفوظ فرمائے۔ آمین۔

اللہ تعالیٰ نے ” لھوالحدیث “ کہہ کر ان تمام بےہودہ کا روائیوں کو دو لفظوں میں سمیٹ دیا ہے۔ ” لھو “ کے معنی ہیں بےفائدہ، بےہودہ، لائق نفرت، دین سے غافل کرنے والے کھیل تماشے، گانے بجانے، جھوٹے قصے، کہانیاں، ناول، افسانے وغیرہ سب چیزیں شامل ہیں۔ ” لھوالحدیث “ وہ باتیں اور مشغلے جو انسان کو دین اسلام اور اس کی سچائیوں سے غافل کردیں۔

اللہ تعالیٰ نے ان آیات میں لوگوں کے اخلاق و کردار کو تباہ کرنے اور بگاڑنے والی باتوں کا ذکر کرکے فرمایا کہ ان فضول اور بےہودہ باتوں سے انسانیت کو سوائے زندگی کے بگاڑ کے اور کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ حالانکہ اصل چیز دنیا اور آخرت کی زندگی کو سنوارنا اور بنانا ہے۔ قصے کہانیاں وقت کو ضائع کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ مگر شیطانوں نے ان فضولیات کو لوگوں کی نظروں میں اتنا خوبصورت بنا دیا ہے کہ اب یہ فیشن بن کر رہ گیا ہے اور پوری نسل اس میں ڈوبتی چلی جا رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے زیر مطالعہ آیات میں ان ہی سب باتوں کے خطرے سے پوری طرح آگاہ فرمادیا ہے۔ ارشاد ہے۔

لوگوں میں سے کوئی بد نصیب ایسا بھی ہے جو بےہودہ باتوں کو خریدکر لاتا ہے اور کم علم لوگوں کو اللہ کی راہ سے بھٹکانے کی کوشش کرتا ہے اور اس کو وہ ہنسی مذاق سے زیادہ کچھ نہیں سمجھتا۔ اللہ نے ایسے لوگوں کے لئے ذلت کا عذاب تیار کررکھا ہے۔ کیونکہ جب اس کو اللہ کی آیتیں سنائی جاتی ہیں تو وہ تکبر سے منہ پھیر کر چل دیتا ہے جیسے اس نے ان باتوں کو سنا ہی نہیں یا ایسا لگتا ہے جیسے اس کے کانوں میں کوئی ڈاٹ لگی ہوئی ہے یا وہ بہرا ہوچکا ہے ۔ نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ ایسے لوگوں کو یہ خوش خبری سنا دیجئے کہ ان کے لئے دردناک عذاب تیار کیا جاچکا ہے۔ فرمایا اس کے بر خلاف جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے عمل صالح اختیار کئے تو اللہ نے ان کے لئے ایسی جنتیں تیار کر رکھی ہیں جن میں ہر طرح کی نعمتیں موجود ہوں گی اور وہ ان جنتوں میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ فرمایا کہ یہ اللہ کا سچا وعدہ ہے جو پورا ہو کر رہے گا کیونکہ اللہ کائنات کی ہر چیز پر غالب اور قوت والا ہے اور اس کی حکمت ہر چیز پر غالب ہے۔ فرمایا کہ اللہ وہ ہے جس نے اپنی ْدرت کاملہ سے سات آسمان بغیرستونوں کے بنائے ہیں اور آسمان کو شامیانے کی طرح ان پر تان دیا ہے۔ یہ وہ سات آسمان ہیں جن کو ہر انسان ہر روز اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھتا ہے۔ اللہ نے اپنی قدرت سے زمین کا تو ازن برقرار رکھنے کے لئے بڑے بڑے پہاڑ ایک بوجھ کی طرح زمین پر رکھ دیئے ہیں اگر یہ پہاڑ نہ ہوتے تو زمین اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکتی اور سارے انسانوں کو لے کر کسی ایک طرف الٹ جاتی اسی اللہ نے تمام جان داروں کو پیدا کیا اور ان کے رزق کا سامان مہیا فرمایا۔ اسی کی قدرت کا یہ شاہکار ہے کہ اس نے بارشوں کا انتظام کیا جس سے زمین تروتازہ ہوجاتی ہے طرح طرح کے پھل، سبزہ، سبزی اور ہر چیز کے جوڑے پیدا ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ایک سوال کیا ہے کہ یہ تمام چیزیں تو اللہ نے پیدا کی ہیں لیکن وہ جھوٹے معبود جن سے یہ لوگ آس لگائے بیٹھے ہیں اور ان کو اپنا مشکل کشامانتے ہیں انہوں نے ان چیزوں میں سے کن چیزوں کو پیدا کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان جب بھی غور و فکر سے کام لے گا اس پر یہ حقیقت پوری طرح کھل جائے گی کہ یہ سب کچھ اللہ نے پیدا کیا وہی ان چیزوں کا مالک ہے اور وہی ہر طرح کی عبادت و بندگی کے لائق ہے۔