IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 1

  1. الٓمّٓۚ﴿1﴾

    1. الف۔ لام۔ میم
Translation · Baseerat-e-Quran
الۗمّۗ
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (1 تا 3)

تنزیل (آہستہ آہستہ اتارنا) ۔ افتریٰ (اس نے گھڑلیا۔ بنا لیا) ۔ الحق (سچ، سچائی) ۔ تنذر (توڈراتا ہے۔ آگاہ کرتا ہے) ۔ نذیر (ڈرانے والا) ۔

تشریح : آیت نمبر (1 تا 3) ۔ ” سورة السجدہ کا آغاز بھی حروف مقطعات سے کیا گیا ہے۔ ان حروف کے متعلق اس سے پہلی سورتوں میں تفصیل سے عرض کردیا گیا ہے۔ یہ حروف آیات متشابھات میں سے ہیں یعنی ان کے معنی اور مراد کا علم اللہ رب العالمین کو ہے۔ ممکن ہے ان حروف کے معنی اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو بتا دیئے ہوں۔ “

اس سورت کی ابتداء اس اعلان سے کی گئی ہے کہ یہ وہ کتاب (قرآن مجید) ہے جس کو تمام جہانوں کے پروردگار نے نازل کیا ہے۔ جس کی بنیاد یقین پر ہے اس میں شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ یہ کتاب سراسر ہدایت ، رلنمائی، نور اور روشنی ہے جو قیامت تک آنے والوں کے لئے رہبر و رہنما ہے۔ یہ کتاب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے ذریعہ سچائی کا پیغام ہے تاکہ اس کے ذریعہ ان لوگوں کو پوری طرح آگاہ اور خبردار کردیا جائے جن کے پاس اس سے پہلے تک کوئی رہبر و رہنما نہیں آیا تھا۔ شاید اس طرح وہ راہ ہدایت حاصل کرلیں۔

اصل میں ایمان اور توحید کی دعوت جزیرۃ العرب کے رہنے والوں تک مختلف ذرائع سے پہنچ چکی تھی جس سے وہ اچھی طرح واقف تھے لیکن خود ان میں دوڈھائی ہزار سال سے کوئی نبی اور رسول نہیں آیا تھا۔ حضرت شعیب (علیہ السلام) جو جزیرۃ العرب میں اللہ کے پیغمبر بنا کر بھیجے گئے تھے ان کو گذرے ہوئے دو ہزار سال اور ان سے پہلے حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل (علیہ السلام) کو آئے ہوئے اس سے بھی زیادہ عرصہ گذر چکا تھا۔ اس لئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ اس کتاب الہٰی کے ذریعہ ان کو آگاہ اور خبردار کر دیجئے جن کے پاس آپ سے پہلے کوئی ” نذیر “ ڈرانے والا آگاہ کرنے والا نہیں آیا تھا۔ امید ہے اس طرح وہ راہ ہدایت حاصل کرسکیں گے۔

جب نبی کریم ﷺ حضرت محمد مصطفیمکو مبعوث فرمایا گیا اس وقت بھی ورقہ ابن نوفل اور زید ابن عمرو جیسے لوگ تھے جو حضرت ابرہیم (علیہ السلام) ، حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) اور دوسرے انبیاء کرام پر ایمان رکھتے تھے بلکہ بت پرستی اور نتوں پر قربانیوں کو برا سمجھنے والوں کی بھی بہت بڑی تعداد موجودہ تھی۔ خود ان بت پرستوں کا بھی اس بات پر ایک حد تک یقین تھا کہ اس پوری کائنات کو اللہ نے پیدا کیا ہے۔ ابتداء میں وہ بت پرست بھی نہ تھے بعد میں بت پرستی ان میں اس قدر سرایت کرگئی تھی کہ وہ اللہ کو خالق ومالک ماننے کے باوجودجب تک اپنے بتوں کے وسیلے سے دعا نہ کرتے اس وقت تک یہ سمجھتے تھے کہ ہماری دعائیں اور عبادتیں قبول نہیں ہو سکتیں۔ وسیلے اور رسموں کے چکر میں اس طرح پھنسے ہوئے تھے کہ ان کے مقابلے میں علم و عمل اور ہر سچائی کو بےحقیقت سمجھتے تھے۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے صاف صاف فرمادیا ہے کہ اسے جو بھی پکارتا ہے، فریاد کرتا ہے، دعائیں کرتا ہے وہ ان کو سنتا اور ان کی فریاد کو پہنچتا ہے۔ وہ انسان کی رگ جان سے بھی زیادہ قریب ہے۔ اس کی بارگاہ میں مانگنے کے لیے کسی ذریعہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہر انسان ہر وقت صرف اسی ایک اللہ کی بارگاہ میں جھکا رہے تو اس کو سب کچھ مل جاتا ہے۔ باپ دادا سے چلتی ہوئی رسموں کے متعلق فرمایا گیا کہ ایسے لوگ یہ بتائیں کہ اگر ان کے باپ دادا کو شیطان نے کسی غلط راستے پر ڈال دیا ہو تو کیا پھر بھی وہ اسی غلطی کو دھراتے رہیں گے ؟