IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 12

  1. وَ لَوْ تَرٰۤى اِذِ الْمُجْرِمُوْنَ نَاكِسُوْا رُءُوْسِهِمْ عِنْدَ رَبِّهِمْ١ؕ رَبَّنَاۤ اَبْصَرْنَا وَ سَمِعْنَا فَارْجِعْنَا نَعْمَلْ صَالِحًا اِنَّا مُوْقِنُوْنَ﴿12﴾

    1. وَلَوْاور اگر
    2. تَرٰٓيتم دیکھو
    3. اِذِجب
    4. الْمُجْرِمُوْنَمجرم (جمع)
    5. نَاكِسُوْاجھکائے ہوں گے
    6. رُءُوْسِهِمْاپنے سر
    7. عِنْدَ رَبِّهِمْ ۭاپنے رب کے سامنے
    8. رَبَّنَآاے ہمارے رب
    9. اَبْصَرْنَاہم نے دیکھ لیا
    10. وَسَمِعْنَااور ہم نے سن لیا
    11. فَارْجِعْنَاپس ہمیں لوٹا دے
    12. نَعْمَلْہم عمل کریں گے
    13. صَالِحًااچھے عمل
    14. اِنَّابیشک ہم
    15. مُوْقِنُوْنَیقین کرنے والے
Translation · Baseerat-e-Quran
(اے نبی ﷺ اگر آپ وہ وقت دیکھیں جب یہ مجرم اپنے رب کے سامنے (شرمندگی سے) اپنے سر جھکائے کھڑے ہوں گے۔ (اور کہیں گے کہ اے) ہمارے پروردگار ہم نے دیکھ لیا اور سن لیا۔ ہمیں آپ (دنیا میں) لوٹ جانے دیجئے تاکہ ہم عمل صالح کریں۔ بیشک ہمیں (پوری طرح) یقین آگیا ہے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (12 تا 17) ۔

ناکسوا (جھکانے والے) ۔ موقنون (یقین کرنے والے) ۔ حق القول (سچی بات ثابت ہونا) ۔ املٔن (میں ضرور بھردوں گا) ۔ ذوقوا (تم چکھو) ۔ نسیتم (تم نے بھلادیا) ۔ خروا (وہ گر پڑے) ۔ تتجافی (الگ رہتی ہے) ۔ جنوب (جنب) (پہلو) ۔ المضاجع (آرام کی جگہ) ۔ اخفی (چھپا دیا گیا) ۔ قرۃ (ٹھنڈک) ۔ اعین (عین) (آنکھیں) ۔

تشریح : آیت نمبر (12 تا 17) ۔ ” اللہ تعالیٰ نے انسان کو کچھ چیزوں میں اختیار دیا ہے اور کچھ چیزوں میں مجبور بنایا ہے۔ قیامت کے دن فیصلہ اس کے اختیار کئے ہوئے راستے اور اعمال پر ہوگا۔ اگر کسی نے ہدایت آنے کے باوجود غلط اور گمراہی کا راستہ اختیار کیا تو قیامت کے دن جب وہ اللہ کے سامنے حاضر ہوگا وہ شرمندگی کے مارے اپنا سر نہ اٹھا سکے گا اور یہی کہے گا کہ الہی اب تو میں نے سب کچھ اپنی آنکھ سے دیکھ لیا اور سب کچھ سن بھی لیا۔ مجھے پورا یقین حاصل ہوگیا ہے بس مجھے ایک مرتبہ پھر دنیا میں جانے کا موقع دے دیجئے میں وہاں جا کر ایمان اور عمل صالح اختیار کروں گا۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ اگر ہم چاہتے تو سب کو سیدھے راستے پر قائم کردیتے یعنی اس کو کسی طرح کا اختیارنہ دیتے لیکن جب دنیا میں اس نے اپنے اختیار کا غلط انداز قائم کیا تو اب فیصلے کا دن ہے اور پیغمبروں کے ذریعہ جس بات کو پہنچایا گیا تھا اب وہ بات سچی ہو کر رہے گی اور میں نافرمانوں، گناہ گاروں اور کفر وشرک اختیار کرنے والوں سے جہنم کو بھردوں گا۔ ان لوگوں سے کہا جائے گا کہ جس طرح تم نے قیامت کے دن اللہ سے ملاقات کو بھلا دیا تھا آج ہم تمہیں بھلا دیتے ہیں۔ اب جہنم کے عذاب کا مزہ چکھو ۔ یہ عذاب تمہارے کئے ہوئے غلط کاموں کے بدلے میں دائمی عذاب کی شکل میں دیا جا رہا ہے۔

اس کے بر خلاف وہ لوگ (1) جو اللہ کی آیتوں پر کامل یقین رکھنے والے تھے (2) جب ان کے سامنے اللہ کی آیات تلاوت کی جاتی تھیں تو وہ سجدوں میں گر کر اپنے پروردگار کی حمد وثناء کرتے تھے (3) کسی طرح کا تکبر اور غرور نہ کرتے تھے (4) جو راتوں کو اپنا آرام چھوڑ کر اللہ کی عبادتوں میں مشغول رہتے تھے (5) جو خوف اور اس کی رحمت کی امید پر اپنے رب کو پکارتے تھے (6) اور اللہ نے ان کو جو کچھ عطا فرمایا تھا اس میں کنجوسی کے بجائے اسے اللہ کے بندوں پر خرچ کرتے تھے۔ ایسے لوگوں کو ان کے اعمال کے بدلے ایسی جنتیں عطا کی جائیں گی جن کا اس دنیا میں تصور بھی ممکن نہیں ہے۔ کیونکہ انسان کو یہ بات معلوم نہیں ہوتی کہ اس کی آنکھوں کی ٹھنڈک اللہ نے کہاں چھپا کر رکھی ہوئی ہے۔ ایسے اہل ایمان کا ہو عمل اللہ کی رضا و خوشنودی کے لیے ہوتا ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ ایسے نیکو کاروں کو جنت کی ابدی اور دائمی راحتیں عطا فرمائیں گے جو ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور دلوں کے سکون کا ذریعہ ہوں گی۔

نبی کریم ﷺ نے جنت کے متعلق ارشاد فرمایا ہے کہ جنت وہ ہے جس کو نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے اور نہ اس کا تصور کسی کے دل پر گذرا ہے۔ یعنی وہ جنتیں کیا ہوں گی اس دنیا میں رہ کر ان کو تصور ، خیال اور فکر ممکن ہی نہیں ہے۔