IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 18

  1. اَفَمَنْ كَانَ مُؤْمِنًا كَمَنْ كَانَ فَاسِقًا١ؔؕ لَا یَسْتَوٗنَؐ﴿18﴾

    1. اَفَمَنْتو کیا جو
    2. كَانَہو
    3. مُؤْمِنًامومن
    4. كَمَنْاس کے مانند جو
    5. كَانَہو
    6. فَاسِقًا ڼفاسق (نافرمان)
    7. لَا يَسْتَوٗنَوہ برابر نہیں ہوتے
Translation · Baseerat-e-Quran
کیا پھر وہ شخص جو مومن ہے ایک نافرمان کے برابر ہو سکتا ہے۔ یقینا وہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (18 تا 22) ۔

لا یستون (وہ برابر نہیں ہیں) ۔ الماوی (ٹھکانا) ۔ نزلا (مہمان داری۔ مہمان نوازی) ۔ اعیدوا (لوٹا دیئے گئے) ۔ نذیقن (ہم ضرور چکھائیں گے) ۔ الادنی (چھوٹا۔ گھٹیا) ۔ ذکر (یاد دلایا گیا) ۔ اعرض (اس نے منہ پھیرلیا) ۔ منتقمون (انتقام لینے والے۔ بدلہ لینے والے) ۔

تشریح : آیت نمبر (18 تا 22) ۔ ” مومن وہ ہے جو اللہ اور اس کے رسول کے تمام احکامات اور دین کی ہر سچائی کو دل سے قبول کر کے عمل صالح کی زندگی اختیار کرتا ہے۔ اس کے بر خلاف فاسق وہ نافرمان شخص ہے جو اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کے خلاف چلتا ہے۔ جب اس کے سامنے دین کی سچائی اور روشنی آتی ہے تو وہ اس کا انکار کر کے بغاوت اور نافرمانی پر اتر آتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ دونوں الگ الگ مزاج اور عمل کے لوگ ہیں یہ دونوں برابر کیسے ہو سکتے ہیں ؟ دنیا اور آخرت میں مومن و فاسق کا انجام ایک جیسا ہرگز نہیں ہو سکتا۔ فرمایا کہ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لا کر عمل صالح اختیار کرنے والوں کے لئے ایسی جنتیں ہوں گی جو ان کا مستقل ٹھکانا ہوں گی۔ وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اور ان کے مشفق و مہربان پروردگار کی طرف سے ہر طرف سے ہر طرح دل داری اور میزبانی ہوگی۔ اسکے بر خلاف وہ لوگ جو دنیا میں فاسق و نافرمان ہوں گے۔ کفروشرک میں مبتلا اور اللہ کے احکامات کے باغی ہوں گے ان کی سزا جہنم کی وہ بھڑکتی آگ میں دھکیل دیں گے اور ان نافرمانوں سے کہیں گے کہ اب تم اپنے کرتوتوں کو سزا بھگتو اور عذاب کا مزہ چکھو۔ فرمایا کہ یہ تو ” عذاب اکبر “ یعنی بڑا عذاب ہوگا جس سے چھٹکارا نہ مل سکے گا لیکن ایسے لوگوں کو آگاہ کرتے اور اپنے اعمال بد سے توبہ کرکے رجوع کرنے کے لئے دنیا میں ” عذاب ادنی “ کم درجہ کا عذاب دیا جائے گا جیسے چھوٹے بڑے نقصانات، ہر چیز میں بےبرکتی، حادثات، ذلت و رسوائی، اجتماعی زندگی میں طوفان، زلزلے، بارشوں کی کمی، قحط سالی، طرح طرح کی وبائیں، بیماریاں، باہمی لڑائی جھگڑے، قتل و غارت گری، فسادات اور بد امنی یہ سب عذاب ادنی ہیں۔ یہ عذاب اس لئے آتے ہیں تاکہ ان جھٹکوں سے بری اور نافرمانی کی راہ پر چلنے والے عقل و سمجھ سے کام لیں۔ لیکن اگر وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آئیں اور مرنے سے پہلے اس سے توبہ نہ کریں تو دنیا کے ان معمولی عذابوں کے بعدوہ آخرت کے ابدی عذاب میں مبتلا ہوں گے اور اپنے برے انجام سے دو چار ہوں گے۔ فرمایا کہ اس سے بڑھ کر ظالم اور بےانصاف کون شخص ہوگا جس کے پاس اس کے پروردگار کی طرف سے آگاہی اور یاد دھانی آئی لیکن اس کے باوجود وہ اپنی روشن زندگی سے باز نہیں آیا ؟ فرمایا کی ایسے ظالموں سے اللہ انتقام ضرور لے گا اور ایسے لوگ دنیا اور آخرت میں شدید نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوں گے۔

اس جگہ اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ اگر مصیبتیں، مشکلات اللہ کی فرماں برداری اور دین کی سر بلندی میں آئیں تو وہ عذاب نہیں ہوتیں بلکہ دنیا اور آخرت میں درجات کی بلندی اور آخرت میں نجات کا باعث ہیں۔ لیکن اگر اللہ کی نافرمانی اور اللہ کے احکامات سے بغاوت کی وجہ سے یہ تکلیفیں آئیں تو وہ اللہ کی طرف سے سزا کے طور پر ہیں۔ انبیاء کرام ؓ اور ان کے راستے پر چلنے والوں کو جو مشکلات، مصائب پیش آتے ہیں وہ اللہ کی رحمت ہیں اور ان کا آخرت میں بہت بڑا اجر وثواب ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں فسق و فجور سے محفوظ فرما کر نیکی اور تقوی کی زندگی اور آخرت کی نجات عطا فرمائے۔ آمین