IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 32. As-Sajda · Ayah 23

  1. وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ فَلَا تَكُنْ فِیْ مِرْیَةٍ مِّنْ لِّقَآئِهٖ وَ جَعَلْنٰهُ هُدًى لِّبَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَۚ﴿23﴾

    1. وَلَقَدْ اٰتَيْنَااور تحقیق ہم نے دی
    2. مُوْسَىموسیٰ
    3. الْكِتٰبَکتاب (توریت)
    4. فَلَا تَكُنْتو تم نہ رہو
    5. فِيْ مِرْيَةٍشک میں
    6. مِّنْسے۔ متعلق
    7. لِّقَآئِهٖاس کا ملنا
    8. وَجَعَلْنٰهُاور ہم نے بنایا اسے
    9. هُدًىہدایت
    10. لِّبَنِيْٓ اِسْرَآءِيْلَبنی اسرائیل کے لیے
Translation · Baseerat-e-Quran
اس (قرآن کریم) سے پہلے ہم موسیٰ (علیہ السلام) کو وہ کتاب دے چکے ہیں جو بنی اسرائیل کے لئے ہدایت تھی لہٰذا آپ اس چیز (قرآن مجید) کے ملنے پر شک نہ کیجئے۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر (23 تا 30) ۔

مریتہ (شک و شبہ) ۔ ائمتہ (امام) (پیشوا۔ رہنما) ۔ یفصل (وہ فیصلہ کرتا ہے۔ کردے گا) ۔ یمشون (وہ چلتے ہیں) ۔ نسوق (ہم کھینچتے ہیں۔ لے جاتے ہیں) ۔ الجرز (خشک۔ مردہ) ۔ زرع (کھیتی) ۔ انعام (مویشی۔ جانور) ۔ انتظر (انتظار کر) ۔

تشریح : آیت نمبر (23 تا 30) ۔ ” نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ جب بھی کفار عرب کے سامنے کتاب اللہ اور اس کی تعلیمات کو پیش کرتے تہ وہ نہ صرف اس کی شدید مخالفت کرتے بلکہ وہ اس کا مذاق اڑاتے، جملے کستے اور حق کی بات ماننے سے صاف انکار کردیتے تھے۔

اس صورت حال سے جہاں نبی کریم ﷺ کو شدید رنج ہوتا تھا وہیں آپ کے جاں نثار صحابہ کرام ؓ بھی بشری تقاضوں کی وجہ سے سخت رنجیدہ ہوجایا کرتے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی ﷺ اور آپ کے جان نثاروں کی تسلی اور اطمینان کے لئے فرمایا کہ آپ ان کفارو مشرکین کی باتوں سے رنجیدہ اور پریشان نہ ہوں اور نہ اپنے دل میں کسی طرح کا شک و شبہ آنے دیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہر زمانے میں اپنے بہت سے رسولوں کو کتاب ہدایت دے کر بھیجا ہے جس کو ماننے والے لوگ جب بھی حق و صداقت پر ڈٹ گئے اور صبر و برداشت سے کام لیا تو ان کو امت کی رہنمائی اور رہبری کے لیے پیشوائیت و امامت کا اعلی مقام عطا کیا گیا۔

ارشاد ہے کہ کتاب اللہ کا نازل ہونا اور حق و صداقت کے راستے میں شدید تر حالات کا پیش آجانا کوئی ایسی انوکھی یا نئی بات نہیں ہے جس پر کفار باتیں بنا رہے ہیں۔

حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو بھی توریت جیسی کتاب ہدایت عطا کی گئی تھی جس سے بنی اسرائیل کی بھٹکی ہوئی قوم کو راہ ہدایت نصیب ہوئی اور جن لوگوں نے اللہ کی کتاب اور نبی کی رسالت کو مان کر صبر و تحمل اور برداشت سے ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دین کو غالب کرنے کے لئے ہر طرح کی جدوجہد کی وہ دین و دنیا میں کامیاب وبا مراد ہوئے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ ہمارا کلام ہے جو بھی اس کو مان کر اس پر عمل کرے گا اس کو دنیا اور آخرت کی عظمتیں نصیب ہوں گی لیکن جو اس کو نہیں مانتا یا اختلاف کرتا ہے تو اس کا فیصلہ قیامت کے دن کردیا جائے گا۔ فرمایا کہ آپ ان باتوں کی پرواہ نہ کیجئے اور پیغام حق پہنچانے میں کمی نہ کیجئے۔

فرمایا کہ ان کی ہدایت اور عبرت و نصیحت کے لئے تو گذری ہوئی قوموں کے کھنڈرات ہی کافی ہیں جن میں یا جن کے پاس سے یہ لوگ رات دن آتے جاتے رہتے ہیں۔ کیا یہ نہیں دیکھتے کہ قوم عاد اور ثمود جو دنیا کی ترقی یافتہ عظیم قومیں تھیں جنہوں نے ایک اللہ کی عبادت و بندگی کو چھوڑ کر اپنے سیکڑوں بت بنالئے تھے اور ہر وہ طریقہ اپنا لیا تھا جس سے اللہ کی نافرمانی ہو تو پھر ان قوموں کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا گیا جن کے کھنڈرات اللہ کے غضب اور ان قوموں کی نافرمانیوں کی منہ بولتی تصویریں ہیں۔ اگر وہ لوگ اپنی آنکھوں سے دیکھ کر بھی اپنی نافرمانیوں کو نہیں چھوڑ تے تو ان کو اپنے برے انجام کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

جب کفار عرب نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کی غریبانہ زندگی کو دیکھتے تو اس کا بھی مذاق اڑاتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آج یہ اہل ایمان جس غربت اور مفلسی کی حالت میں ہیں یہ اسی طرح نہیں رہے گی بلکہ حالات بدلیں گے اور ان کو نہ صرف دنیا کی خوش حالی نصیب ہوگی بلکہ آخرت کی تمام کامیابیاں بھی ان کو عطا کی جائیں گی۔ اسی بات کو ایک محسوس مثال کے ذریعہ سمجھایا گیا ہے۔

فرمایا کہ یہ اللہ کی قدرت ہے کہ ایک خشک اور مردہ زمین کو دیکھ کر بظاہریہ ناممکن نظر آتا ہے کہ یہ زمین بھی کبھی سر سبز و شاداب ہوگی مگر پانی کے ایک ہی ریلے سے زمین کا رنگ بدل جاتا ہے۔ درختوں پر شادابی آجاتی ہے، کھیت لہلہانے لگتے ہیں، سبزہ ہر طرف نظر آنے لگتا ہے اور ہر طرف ایک زندگی اور بہار نظر آنے لگتی ہے۔ ایسی ایسی چیزیں اگنا شروع ہوجاتی ہیں جو انسانوں، چوپایوں اور دوسرے جان داروں کی غذابننا شروع ہوجاتی ہیں۔

فرمایا کہ اسی طرح دین اسلام کی دعوت اور صحابہ کرام ؓ کی حالت بےرنگ سی نظر آتی ہے مگر جب حق و صداقت پوری طرح نکھر کر اور ابھر کر سامنے آیے گی تو یر طرف ایمان کی روشنی سے دل جگمگا اٹھیں گے، رونقیں، بہاریں ہوں گی اور دنیاو آخرت میں سر بلندیاں حاصل ہونا شروع ہوجائیں گی۔

لہذا ان کا یہ کہنا کہ وہ فیصلے اور فتح کا دن کب آئے گا ایک بےمعنی سی بات نظر آتی ہے کیونکہ جب وہ فیصلے اور فتح کا دن آئے گا تو وہ دن کفار و مشرکین کے لئے کوئی اچھا دن نہ ہوگا کیونکہ اس دن نہ تو ان کا ایمان لاناقبول کیا جائے گا اور نہ سنبھلنے کا ان کو موقع دیا جائے گا۔ انہیں تو اس دن کے آنے سے پہلے ہی توبہ کرلینی چاہیے کیونکہ وقت گذرنے کے بعد صرف ایک پچھتاوا ہی رہ جاتا ہے۔ اس وقت کو غنیمت چاہیے۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ ان کفار کی فضول باتوں کی پرواہ نہ کیجئے۔ ان کو اپنی حالت پر چھوڑ دیجئے کیونکہ اللہ نے جس فیصلے کے دن کا وعدہ کر رکھا ہے وہ آکر رہے گا۔ آپ اس کا انتظار کیجئے۔ اور ان لوگوں کو اپنے خیالوں کی دنیا میں منتظر اور بھٹکنے لے لئے چھوڑ دیجئے۔

الحمدللہ سورة السجدہ کا ترجمہ و تشریح مکمل ہوا۔ اللہ ہمیں حسن عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

واخر دعواناان الحمد للہ رب العالمین