IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 1

  1. وَ الصّٰٓفّٰتِ صَفًّاۙ﴿1﴾

    1. وَقسم
    2. الصّٰٓفّٰتِصف باندھنے والے
    3. صَفًّاپرا جما کر
Translation · Baseerat-e-Quran
اور قسم ہے صفیں باندھنے والے ( فرشتوں کی)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 1 تا 10 : الزجرت (ڈانٹنے والے ، بندش ڈالنے والے) تلیث ( پڑھنے والے) الکواکب (ستارے) مارد (سرکش ، ضدی) لا یسمعون (کان نہیں لگا سکتے) الملاء الاعلیٰ (سب سے اونچی مجلس) یقذفون (مارتے ہیں) دحور (بھگانا) واصب (ہمیشہ ، دائمی) خطف (چرا کرلے بھاگا) اتبع (اس کے پیچھے لگ گیا) ثاقب (دہکنے والا)

تشریح : آیت نمبر 1 تا 10 :۔ سورة الصفت کی ابتداء دو باتوں کی تردید سے کی گئی ہے پہلی تردید تو یہ ہے کہ کفار و مشرکین یہ کہا کرتے تھے کہ فرشتے اللہ کی بیٹیاں ہیں دوسرے یہ کہ جب نبی کریم ﷺ نے اعلان نبوت فرما کر گزشتہ قوموں کے واقعات بیان کرنے شروع کئے تو عام رواج کے مطابق آپ کو کاہن کہا جانے لگا یعنی ان لوگوں کا گمان یہ تھا کہ کچھ جنات و شیطان آسمانوں سے کچھ خبریں لے کر آتے ہیں اور آپ ان کو بیان کردیتے ہیں ۔

پہلی بات کی تردید کرتے ہوئے فرشتوں کی قسم کھا کر فرمایا کہ فرشتے اللہ کی فرماں بردار اور اطاعت گزار مخلوق ہیں جن کا کام یہ ہے کہ وہ صفیں باندھے ہر وقت اللہ کے حکم کے منتظر رہتے ہیں تا کہ جیسے ہی کوئی حکم دیا جائے تو اس کی پوری طرح تعمیل کی جائے کچھ فرشتوں کا کام یہ ہے کہ وہ شیاطین کو عالم بالا تک پہنچنے سے روکتے اور بندش ڈالتے ہیں تا کہ وہ فرشتوں کی آپس کی بات چیت اور اللہ کے احکامات جن کا وہ تذکرہ کرتے ہیں ان کو شیاطین اچک کر نہ لے جائیں کیونکہ شیطانوں کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ اگر غیب کی خبروں سے کچھ سن گن مل جائے تو وہ جا کر کاہنوں کو بتا دیں ۔ فرمایا کہ اگرچہ یہ ناممکن ہے کہ وہ غیب کی خبروں کو اچک کرلے بھاگیں کیونکہ جب بھی وہ اس کی کوشش کرتے ہیں تو فرشتے ان پر شہاب اور شعلوں کی بارش کردیتے ہیں جو اللہ کی حمد وثناء اور تقدیس و تسبیح میں لگے رہتے ہیں اور اس طرح سارے فرشتے اللہ کے احکامات کے مکمل طور پر تابع فرماں ہوتے ہیں ۔ اور وہ کسی نافرمانی کا تصور تک نہیں کرسکتے۔

دوسری بات جس کی تردید کی گئی ہے وہ یہ ہے کہ آپ جو غیب کی خبریں بتاتے ہیں ان کا علم آپ جنات و شیاطین سے حاصل کر کے بیان کرتے ہیں تو فرمایا کہ ان جنات کی رسائی تو عالم بالا تک ممکن ہی نہیں ہے اور وہ جنات اس بات کی قدرت نہیں رکھتے کہ آسمانوں پر جا کر فرشتوں کی باتیں بھی سن سکتیں ، لہٰذا رسول اللہ ﷺ کا کو ہن کہنا یا سمجھنا اللہ کی قدرت و طاقت کی توہین ہے جو لوگ ایسا کہتے ہیں یا سمجھتے ہیں ان کو اپنی عاقبت کی فکر ہونا چاہیے کیونکہ ایسے منکرین کے لئے اللہ نے دائمی عذاب تیار کر رکھا ہے جو کسی طرح سے ٹالا نہ جاسکے گا ۔