IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 11

  1. فَاسْتَفْتِهِمْ اَهُمْ اَشَدُّ خَلْقًا اَمْ مَّنْ خَلَقْنَا١ؕ اِنَّا خَلَقْنٰهُمْ مِّنْ طِیْنٍ لَّازِبٍ﴿11﴾

    1. فَاسْتَفْتِهِمْپس ان سے پوچھیں
    2. اَهُمْکیا ان
    3. اَشَدُّ خَلْقًازیادہ مشکل پیدا کرنا
    4. اَمْیا
    5. مَّنْجو
    6. خَلَقْنَا ۭہم نے پیدا کیا
    7. اِنَّا خَلَقْنٰهُمْبیشک ہم نے پیدا کیا انہیں
    8. مِّنْسے
    9. طِيْنٍ لَّازِبٍمٹی چپکتی ہوئی
Translation · Baseerat-e-Quran
( اے نبی ﷺ آپ ان سے پوچھئے کیا ان کو پیدا کرنا مشکل ہے یا وہ تمام چیزیں جو ہم نے پیدا کی ہیں ۔ بیشک ہم نے انہیں ( لوگوں کو) چپکتی ہوئی مٹی ( گارے) سے پیدا کیا ہے ۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 11 تا 26 : استفت ( تو پوچھ) لازب ( چپکنے والا) یستخرون ( وہ ہنسی میں اڑا دیتے ہیں) تراب ( مٹی) عظام (عظم) (ہڈیاں) داخرون (ذلیل و خوار ہونے والے) زجرۃ ( للکار ، زبردست آواز) یویلنا (اے ہماری بد نصیبی) احشروا ( تم جمع کرو) ازواج ( زوج) (جوڑے ، ساتھی) وقفوا (انہیں ٹھہرائو ، روکو) مسئولون ( پوچھے گئے) لا تنا ضرون (تم ایک دوسرے کی مدد نہیں کرو گے) مستسلمون (سر جھکانے والے ، سپرد کردینے والے)

تشریح : آیت نمبر 11 تا 26 :۔ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کی قسمیں کھا کر فرمایا تھا کہ لوگ ! تم سب کا معبود صرف ایک اللہ ہی ہے جو آسمانوں ، زمین اور ان کے درمیان میں جو کچھ ہے ان سب کا مالک ہے۔ اس نے اتنے زبردست نظام کو اپنے دست قدرت سے بنا کر کھڑا کردیا ہے۔ جب وہ چاہے گا اس نظام کائنات کو ختم کر کے ایک اور جہان تعمیر فرمادے گا جس میں ابتدائے کائنات سے لے کر قیامت تک پیدا ہونے والے تمام لوگوں کو ان کے مر جانے کے بعد دوبارہ پیدا کیا جائے گا اور میدان حشر میں ہر ایک سے اس کی زندگی کے ایک ایک لمحہ کا حساب کتاب کیا جائے گا ۔ جب نبی کریم ﷺ مرنے کے بعد دوبارہ پیدا کئے جانے کا ذکر کرتے تو منکرین نہ صرف اس کا انکار کرتے بلکہ مذاق اڑاتے ہوئے کہتے کہ جب ہم مر جائیں گے اور ہمارے جسم کے تمام اجزا مٹی میں مل جائیں گے اور ہمارے اور ہمارے باپ دادا کے جسم کے ذرات کائنات میں بکھر جائیں گے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ ان تمام انسانی اجزاء کو جمع کر کے پھر سے ایک جیتا جاگتا انسان بنا دیاجائے گا ۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ ذران ان سے یہ پوچھئے کہ جس ذات نے آسمان ، زمین ، چاند ، سورج ، ستاروں اور خود تمہیں وجود بخشا ہے کیا اس کے لئے یہ مشکل ہے کہ وہ تم جیسی کمزور اور بہت چھوٹی سی مخلوق کو دوبارہ نہ پیدا کرسکے ؟ فرمایا کہ ہم نے انسان کو پہلی مرتبہ ایک چپکتی مٹی ( گارے) سے پیدا کیا ہے جس میں زمین کے تمام اجزاء شامل ہیں وہ اگر انسان کے مرنے کے بعد بکھر جائیں گے تو ان اجزاء کو جمع کر کے اور تربیت دے کر دوبارہ انسان کو پیدا کرنا کیا مشکل ہے۔

نبی کریم ﷺ سے فرمایا جا رہا ہے کہ آپ تو دین اسلام کی سچائیوں کو نہایت خلوص ، محبت ، لگن اور سادگی سے بیان کر کے اس تعجب میں ہیں کہ لوگ اتنی صاف اور آسان باتوں کو کیوں نہیں سمجھتے اور جب ان منکرین کو سمجھانے کی کوشش کی جاتی ہے تو وہ سمجھنے کے بجائے اس کا مذاق اڑاتے ہیں ۔ جب آپ سے کوئی معجزہ ظاہر ہوتا ہے تو وہ اس کا مذاق اڑاتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ تو کھلا ہوا جادو ہے۔ فرمایا کہ ان سے کہہ دیجئے کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب تم سب پر موت کو طاری کر کے دوبارہ پیدا کیا جائے گا اور بد عملوں کو میدان حشر میں ہر طرح کی ذلت و رسوائی سے واسطہ پڑے گا جس سے وہ بچ نہیں سکتے۔ فرمایا کہ جب صور پھونکا جائے گا تو وہ ایک ہیبت ناک آواز ہوگی جس کی وجہ سے وہ گرتے پڑتے بھاگتے نظر آئیں گے اور وہ کہہ اٹھیں گے کہ ہائے ہماری بد نصیبی یہ تو فیصلے کا دن آگیا ہے فرمایا جائے گا کہ ہاں یہ وہی فیصلے اور انصاف کا دن ہے جس سے ہم نے اپنے رسولوں کے ذریعہ تمہیں آگاہ اور خبردار کیا تھا ۔ مگر تم اس کا زندگی بھر انکار کرتے رہے اور جھٹلاتے رہے۔

فرمایا جائے گا کہ جو لوگ اللہ کو چھوڑ کر دوسروں کی بندگی میں لگے ہوئے تھے ان کو اور ان کے جھوٹے معبودوں کو آج جمع کر کے جہنم کی طرف دھکیل دو ۔ راستہ دکھا دو لیکن ذرا ٹھہرو پہلے ان سے یہ پوچھا جائے گا کہ آج تم ایک دوسرے کی مدد کیوں نہیں کر رہے ہو۔ تم تو دنیا میں ہر وقت ایک دوسرے کا ساتھ دیا کرتے تھے آج کیا ہوگیا ہے کہ ایک دوسرے پر الزام رکھ رہے ہو ۔ فرمایا کہ وہ اس کا جواب تو کیا دیں گے شرمندگی کے مارے اپنے سر جھکائے کھڑے ہوں گے۔

آیات کے سلسلے میں چند وضاحتیں

٭انسان کو ایک چپکتی مٹی یعنی گارے سے پیدا کیا گیا ہے یہ اس طرف اشارہ ہے کہ انسانی وجود میں تمام وہ ذرات موجود ہیں جو زمین پر پائے جاتے ہیں ۔ ان ہی اجزاء سے انسان کا وجود قائم کیا گیا ہے اللہ کی یہ قدرت ہے کہ وہ ان کے بکھرے ہوئے اجزاء کو جمع کر کے پھر سے انسان کو وہی شکل و صورت دے گا جو اس کی شکل و صورت دنیا میں تھی ۔

٭پہلے صور پھونکا جائے گا تو ساری دنیا ، اس میں بسنے والی مخلوق اور چیزیں سب کی سب ختم ہوجائیں گی لیکن جب دوسرا صور پھونکا جائے گا تو جو جہاں پر دب کر ختم ہوچکا ہوگا اور ان کی قبریں بن چکی ہوں گی وہ ان سے اٹھ کر پروردگار کی طرف دوڑتا چلا جائے گا ۔

٭اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! جب آپ کے ذریعہ کوئی معجزہ ظاہر ہوتا ہے تو وہ کفار اس کا مذاق اڑاتے ہوئے کہتے ہیں کہ لوگو ! یہ معجزہ نہیں ہے بلکہ کھلا ہوا جادو ہے۔ یہ آیت اس بات کی دلیل ہے کہ نبی کریم ﷺ کو معجزات عطاء کئے گئے تھے جس کی تفصیلات سے احادیث کی کتابیں بھری پڑی ہیں لیکن دوسری طرف قرآن کریم میں آتا ہے کہ جب بھی کفار نے کسی معجزے کا مطالبہ کیا ہے تو فرما دیا گیا کہ اگر معجزہ دکھا بھی دیا جائے تو کیا معجزہ کا مطالبہ کرنے والے ایمان لے آئیں گے ؟ ان آیات کو سامنے رکھ کر کچھ نادانوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ نبی کریم ﷺ کو سرے سے کوئی معجزہ دیا ہی نہیں گیا بلکہ قرآن کریم کو ایک معجزہ بنا کر عطاء کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں عرض ہے کہ نبی کریم ﷺ کو سیکڑوں معجزات عطاء کئے گئے ہیں جن کو دیکھنے والے ایک دو نہیں ہزاروں صحابہ کرام ؓ ہیں جنہوں نے معجزات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور نقل کیا ہے بلا شبہ قرآن کریم سب سے بڑا معجزہ ہے جس کے سامنے ساری دنیا کو عجم یعنی گونگا کہنے والے خود ہی گونگے ہو کر رہ گئے تھے۔ فرق یہ ہے کہ اللہ کا ایک قانون ہے کہ اگر کوئی قوم کسی معجزہ کا مطالبہ کرتی ہے اور پھر اس معجزہ کو دیکھ کر اس پر ایمان نہ لائے تو اس قوم پر عذاب الٰہی نازل ہوتا ہے۔ بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایسی نافرمان قوموں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ۔ اللہ کو معلوم تھا کہ جس کو ایمان لانا ہے اس کو کسی معجزہ کی ضرورت نہیں اور جو معجزے کا مطالبہ کرتے ہیں وہ بہت کم ایمان لاتے ہیں چونکہ آپ کی امت آخری امت ہے اس لئے اللہ نے کفار کے مطالبہ پر کوئی معجزہ نہیں دکھایا کیونکہ اگر وہ اس معجزے کو دیکھتے اور اس پر ایمان نہ لاتے تو ان کو تباہ کردیا جاتا اور یہ اللہ کی مصلحت کے خلاف ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ سے سیکڑوں معجزات ظاہر ہوئے ہیں مگر کفار کے مطالبے پر کوئی معجزہ نہیں دکھایا گیا تا کہ یہ آخری امت محفوظ رہے۔

٭انسان جن چیزوں کو اپنا معبود بنا لیتا ہے دنیا کی حد تک تو وہ اس غلط فہمی میں مبتلا رہتا ہے کہ اس کے سارے کام ان بےجان اور جھوٹے معبودوں کی وجہ سے ہو رہے ہیں اور ایسے ہم مزاج لوگ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھی اور مدد گار بھی بن جاتے ہیں ۔ لیکن جب یہ قیامت کے دن میدان حشر میں پہنچیں گے تب ساری حقیقت کھل جائے گی کہ وہ زندگی پھر جن سہاروں پر بھروسہ کرتے ہیں وہ غلط تھے اور اس طرح اپنے کئے پر وہ میدان حشر میں ذلت و رسوائی سے دو چار ہوں گے۔