بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 167
وَ اِنْ كَانُوْا لَیَقُوْلُوْنَۙ﴿167﴾
- وَاِنْاور بیشک
- كَانُوْا لَيَقُوْلُوْنَوہ کہا کرتے تھے
لغات القرآن آیت نمبر 167 تا 182 :۔ سبقت (گزر چکا ہے ، صادر ہوچکا) المنصورون (فتح حاصل کرنے والے) جند (لشکر) تول (منہ پھیرا) تول (منہ پھیرا) ساحۃ (میدان ، گھر کا آنگن) سائ (برا ہے) صباح ( صبح) یصفون (وہ بناتے ہیں)
تشریح : آیت نمبر 167 تا 182 :۔ اصل میں جن لوگوں کو ایمان لا کر عمل صالح اختیار کرنا ہوتا ہے ان کے لئے کسی معجزہ ، دلیل اور بہانے کی ضرورت نہیں ہوتی جیسے ہی حق و صداقت کی روشنی ان کے سامنے آتی ہے وہ اس کو فوراً قبول کر کے اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار لیتے ہیں لیکن جن لوگوں کو عمل کرنا نہیں ہوتا وہ سو بہانے بنا کر راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔
یہی صورتحال عربوں کی تھی جو لوگ کفر و شرک پر جمے ہوئے تھے جب ان کے سامنے اہل کتاب یعنی یہود و نصاریٰ گزشتہ قوموں کی نا فرمانیوں اور انبیاء کرام کے حالات سناتے تھے تو یہ کفار عرب کہتے تھے کہ وہ لوگ کتنے بد نصیب تھے جن کے پاس اللہ کے نبی اور رسول آئے اور اپنے ساتھ روشن کتابیں بھی لائے تھے اس کے باوجود وہ ایمان اور عمل صالح سے دور رہے اگر ہمارے پاس ایسی کتاب آتی اور نبی آتے تو ہم عمل صالح میں ان سے بہت زیادہ آگے بڑھ جاتے اور ثابت کردیتے کہ ہم اللہ کے زیادہ فرماں بردار ہیں۔
فرمایا کہ یہ تو ان کا زبانی دعویٰ تھا لیکن جب ان کے پاس ہمارا محبوب رسول آگیا جس پر نبوت و رسالت کی تکمیل کردی گئی ہے اور ان کو ایسی کتاب بھی دی گئی ہے جس میں توریت ، زبور اور انجیل کی ساری سچائیاں موجود ہیں تو اب ان کے لئے ایمان لانے اور عمل صالح اور آگے بڑھ جانے میں کیا رکاوٹ ہے۔ ان کو تو اس معاملہ میں سب سے آگے بڑھ کر نبی مکرم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا دامن رسالت تھام لینے کی ضرورت تھی ۔ اس کے بر خلاف انہوں نے نبی کریم ﷺ کی نبوت و رسالت اور اس کتاب کا انکار کردیا ۔ فرمایا کہ اللہ کا یہ فیصلہ یہ کہ وہ اپنے رسولوں کے نافرمانوں کو سخت ترین سزائیں دیتا ہے اور مان لینے اور اطاعت کرنے والوں کو سر بلند فرماتا ہے۔ فرمایا کہ ان لوگوں کا حال یہ ہے کہ خیر و عافیت مانگنے کے بجائے وہ اللہ کے عذاب کی جلدی کر رہے ہیں ۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جب وہ عذاب الٰہی ان کے گھروں پر پہنچے گا تو وہ صبح ان کے لئے بڑی بھیانک ہوگی اور اس کے سامنے وہ بےبس اور مجبور ہوں گے ۔ نبی کریم ﷺ اور تمام اہل ایمان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں ہے جب ان نافرمانوں پر اللہ کا عذاب آئے گا اور ان کو کسی جگہ سر چھپانے کی جگہ بھی نہ ملے گی ۔ تاریخ کے اوراق اس بات پر گواہ ہیں کہ دس پندرہ سال میں اللہ نے اپنے نبی ﷺ اور ان کے لشکر کو مکمل غلبہ عطاء فرما دیا اور کفار کے لئے کوئی جائے پناہ نہ رہی ۔ آخر میں فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! آپ کا پروردگار بڑی عزت والا ، پاک اور بےعیب ہے ۔ رسولوں پر سلام ہو کہ تمام تعریفیں رب العالمین کے لئے ہیں۔
الحمد للہ ان آیات کے ترجمہ و تفسیر کے ساتھ ہی سورة الصافات کا ترجمہ و تشریح مکمل ہوئی۔ واخر دعوانا ان الحمد للہ رب العلمین۔