IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 75

  1. وَ لَقَدْ نَادٰىنَا نُوْحٌ فَلَنِعْمَ الْمُجِیْبُوْنَ٘ۖ﴿75﴾

    1. وَلَقَدْ نَادٰىنَااور تحقیق ہمیں پکارا
    2. نُوْحٌنوح
    3. فَلَنِعْمَسو ہم البتہ خوب
    4. الْمُجِيْبُوْنَدعا قبول کرنے والے
Translation · Baseerat-e-Quran
اور جب ہمیں نوح (علیہ السلام) نے پکارا تو ہم بہترین ( دعائوں کو) قبول کرنے والے ہیں
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن (آیت نمبر 75 تا 82) نادی (اس نے پکارا) نعم ( بہترین) مجیبون (قبول کرنے والے) کرب (مصیبت، مشکل) المحسینین (نیک کام کرنے والے) اغرقنا (ہم نے ڈبو دیا ، غرق کردیا)

تشریح : آیت نمبر 75 تا 82 :۔ ان آیات سے پہلے فرمایا گیا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر زمانہ اور ہر قوم کی ہدایت و رہنمائی اور برے اعمال کے برے نتائج سے آگاہ کرنے اور ڈرانے والے پیغمبروں کو بھیجا تھا ۔ جن لوگوں نے ان کے بتائے ہوئے راستے کو اپنایا اور اس پر پورے خلوص سے چلے تو اللہ نے ان کی دنیا اور آخرت دونوں کو ان کی نجات کا ذریعہ بنا دیا لیکن جن بد نصیبوں نے ان کی اطاعت و فرماں برداری نہیں کی ان کی نہ صرف دنیا اجاڑدی گئی بلکہ وہ آخرت میں بھی سخت نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوں گے۔ اسی بات کو ذہن نشین کرانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے کچھ پیغمبروں کا ذکر خیر فرمایا ہے۔ سب سے پہلے حضرت نوح (علیہ السلام) اور ان کے ماننے والوں کا تذکرہ فرمایا ہے۔

حضرت نوح (علیہ السلام) جو اپنی قوم اور کئی نسلوں کو ساڑھے نو سو سال تک یہ سمجھاتے رہے کہ وہ اپنے غلط رسم و رواج اور بےحقیقت اور جھوٹے معبودوں کی عبادت چھوڑ کر ایک اللہ کی عبادت و بندگی کریں لیکن ان کی قوم میں سے کچھ لوگوں کے سوا کسی نے ان کی باتوں پر دھیان نہیں دیا اور مسلسل نا فرمانیوں میں لگے رہے آخر کار حضرت نوح (علیہ السلام) نے ایک دن اللہ کی بارگاہ میں یہ درخواست پیش کی کردی کہ الٰہی ! میں نے ان کو ہر طرح سمجھایا ، دن رات جدوجہد اور کوشش کی مگر سوائے چند لوگوں کے سب نے نافرمانیوں پر کمر باندھ رکھی ہے ( اب یہ اس گلے سڑے عضو کی طرح ہوچکے ہیں جس کا آپریشن کرنا ضروری ہوتا ہے تا کہ پورا جسم بچ سکے) الٰہی ! اب آپ ان کے لئے فیصلہ فرما دیجئے اور روئے زمین پر ان کا کوئی ٹھکانہ باقی نہ رہنے دیجئے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح (علیہ السلام) کی دعا کو قبول کرتے ہوئے ایک ایسی کشتی بنانے کا حکم دیا جس میں اللہ کے فرماں برداروں اور جانوروں میں سے ہر ایک کا ایک ایک جوڑا رکھا جاسکے۔ جب حضرت نوح (علیہ السلام) اور آپ کے ماننے والے کشتی بنا رہے تے تو کفار و مشرکین نے ان کا مذاق اڑایا ۔ ایک وقت مقررہ پر پانی کا طوفان شروع ہوا ۔ زمین نے اپنے سوتے اور آسمان نے اپنے دھانے کھول دیئے۔ اتنا شدیدطوفان آیا کہ پہاڑوں کی چوٹیوں سے بھی پانی بلند ہوگیا اور کشتی میں سوار اہل ایمان کے سوا روئے زمین پر کوئی نہ بچ سکا اور اس طرح اللہ کے نافرمانوں کو پانی کے طوفان میں غرق کردیا گیا اور اللہ نے حضرت نوح (علیہ السلام) ، ان کے مومن اہل خانہ اور ان کے ماننے والے صاحبان ایمان کو اس ” کرب عظیم “ سے نجات عطاء فرمائی اور پھر حضرت نوح (علیہ السلام) کی اولاد سام حام اور یافث اور تمام باقی رہنے والے اہل ایمان کے ذریعہ نسل انسانی کو باقی رکھا اور انسانوں کی طرح اللہ نے جانوروں کی نسلوں کو بھی باقی رکھا ۔ وہ نافرمان لوگ جنہوں نے حضرت نوح (علیہ السلام) کی کسی بات پر کان نہیں دھرا تھا وہ تو دنیا سے اس طرح مٹ گئے کہ آج ان کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے لیکن آج حضرت نوح (علیہ السلام) کا نام دنیا کی ہر قوم عزت و احترام سے لیتی ہے۔ وہ ساری دنیا کے لئے اس طرح لائق احترام ٹھہرے کہ قیامت تک حضرت نوح (علیہ السلام) کے لئے سلامتی کی دعائیں کی جاتی رہیں گی ۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی غالب مذہبی اکثریت مسلمان ، عیسائی ، یہودی اور بہت سی قومیں ان کا یکساں احترام کرتی ہیں ۔

اللہ تعالیٰ نے نا فرمانیوں کو مٹا کر حضرت نوح (علیہ السلام) کے ماننے والوں کو ان کا وارث بنا دیا ۔ حضرت نوح (علیہ السلام) ، ان کی اولاد اور محسنین یعنی حسن عمل کرنے والوں کا نام بھی باقی ہے اور ان کے نام لیوا بھی موجود ہیں اور قیامت تک رہیں گی۔

اللہ تعالیٰ نے ان آیات کے ذریعہ کفار مکہ کو اس حقیقت کی طرف لانے کی کوشش کی ہے کہ وہ اس آئینہ میں جھانک کر دیکھ لیں کہ کہیں اس میں ان کو اپنی صورت تو نظر نہیں آرہی ہے ؟ اگر ایسا ہے تو وہ فوراً توبہ کر کے ایمان لے آئیں اور نبی مکرم ﷺ کا دامن رحمت تھام لیں ورنہ قوم نوح (علیہ السلام) کی طرح ان کو مٹنے میں بھی دیر نہ لگے گی ۔ اور جس طرح قوم نوح (علیہ السلام) کو پانی کے طوفان سے غرق کردیا گیا تھا کہیں ایسا نہ ہو کہ کفار مکہ بھی ایمان نہ لا کر اپنی شرارتوں اور نا فرمانیوں کے سمندر میں غرق کردیئے جائیں۔