بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 37. As-Saaffaat · Ayah 83
وَ اِنَّ مِنْ شِیْعَتِهٖ لَاِبْرٰهِیْمَۘ﴿83﴾
- وَاِنَّاور بیشک
- مِنْسے
- شِيْعَتِهٖاس کے طریقے پر چلنے والے
- لَاِبْرٰهِيْمَالبتہ ابراہیم
لغات القرآن آیت نمبر 83 تا 98 : شیعۃ (کسی کے طریقے پر چلنے والا) قلب سلیم ( پاک صاف دل ) اء فکا (کیا تم گھڑتے ہو) النجوم (نجم) ( ستارے) سقیم (بیمار ، طبیعت کا خراب ہونا) مد برین ( پیٹھ پھیرنے والے) راغ ( وہ گھس گیا) لا تنطقون ( تم بات نہیں کرتے ہو) یمین (داہنا ہاتھ ، طاقت و قوت) یزقون (وہ دوڑتے ہیں) تنحتون (تم تراشتے ہو) بنیان ( عمارت ، جگہ) القوا (ڈالو) اسفلین (نیچے ہونے والے)
تشریح : آیت نمبر 83 تا 98 :۔ حضرت نوح (علیہ السلام) نے ساڑھے نو سال تک اپنی قوم کو کفر و شرک سے بچانے اور خالص توحید پر لانے کی دن رات جدوجہد کی ۔ ایک شہر سے دوسرے شہر تک ایک نسل سے دوسری نسل تک آپ نے اپنی قوم کو ہر طرح سمجھایا کہ وہ کفر و شرک اور خود اپنے ہاتھ سے گھڑے ہوئے معبودوں کی عبادت و بندگی نہ کریں ۔ لیکن سوائے کچھ لوگوں کے ساری قوم نے ان کا مذاق اڑایا ۔ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر جمے رہے۔ آخر کار حضرت نوح (علیہ السلام) کے منہ سے اس قوم کے لئے بد دعا نکل گئی اور اس پوری قوم کو پانی کے زبردست طوفان کے ذریعہ غرق کردیا گیا ۔ فرمایا کہ جس طرح حضرت نوح (علیہ السلام) نے پوری زندگی دین کی سچائیوں کو قائم کرنے کی جدوجہد کی اسی طرح حضرت ابراہیم (علیہ السلام) بھی ان ہی کے طریقے پر تھے جنہوں نے ایک خوش حال اور معاشرہ میں ایک باعزت گھرانے میں آنکھ کھولی لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ لوگ اپنے ہاتھوں سے بنائے ہوئے معبودوں اور چاند ، سورج اور ستاروں کی عبادت و بندگی کر رہے ہیں تو ان کے قلب سلیم سے یہی ایک آواز بلند ہوئی کہ یہ سب کچھ جو یہ لوگ کر رہے ہیں وہ غلط ہے۔ ان سب چیزوں کو جس نے پیدا کیا ہے وہی معبود ہے اور وہی عبادت کے لائق ہے۔ جب یہی بات انہوں نے اپنے والد اور قوم کے لوگوں سے کہی تو انہوں نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو برا بھلا کہنا شروع کیا اور ان باتوں کو دیوانگی قرار دیا ۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اس بات کو اور بتوں کی بےحقیقی کو ظاہر کرنے کے لئے بےچین رہا کرتے تھے ۔ پوری قوم شہر سے باہر جا کر اپنا سالانہ جشن منایا کرتی تھی جب سب لوگ جانے لگے تو انہوں نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) سے بھی کہا کہ وہ ان کے ساتھ چلنے چلیں مگر آپ نے طبیعت کی نا سازی کا بہانہ بنا کر کہا کہ میری طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ جب پوری قوم کے لوگ اپنی بد مستیوں اور میلے کی رنگینوں میں کھوئے ہوئے تھے کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) ایک ہتھوڑا لے کر ان لوگوں کے بت خانے میں پہنچ گئے۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے دیکھا کہ ان کے بتوں کے سامنے طرح طرح کے کھانے رکھے ہوئے ہیں انہوں نے ان بتوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ تم کھاتے کیوں نہیں ؟ پھر ہتھوڑا لے کر بتوں کو توڑنا شروع کردیا اور کہنے لگے کہ تم بولتے کیوں نہیں ؟ اور اس طرح تمام چھوٹے بڑے بتوں کو مٹی میں ملا کر بڑے بت کے ہاتھ میں ہتھوڑا دے کر گھر آگئے۔ جب پوری قوم اپنے میلے اور جشن سے واپس آئی اور انہوں نے اپنے بتوں کا یہ حشر دیکھا تو وہ کانپ اٹھے اور کہنے لگے کہ یہ کس نے کیا ہے ؟ لوگوں نے بتایا کہ ان بتوں کی مخالفت کرنے والا تو ایک ہی شخص ہے اور وہ ہے آذر کا بیٹا ابراہیم ، چناچہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو بلا کر پوچھا گیا کہ اے ابراہیم (علیہ السلام) تم نے ہمارے بتوں کا یہ حال کیا ہے ؟ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے مذاق اڑاتے ہوئے فرمایا کہ یہ بڑا بت جس کے ہاتھ میں ہتھوڑا ہے اس سے پوچھو ان کا مقصد یہ تھا کہ شاید اس بڑے بت کو چھوٹے بتوں پر کسی بات پر غصہ آگیا ہوگا ۔ اور اس نے چھوٹے بتوں کی گت بنا کر رکھ دی ۔ سچ تو سچ ہی ہوتا ہے یہ سن کر ان بتوں سے خود پوچھ لو کہ ان کو کس نے توڑا ہے تو وہ شرمندہ ہوگئے اور انہوں نے ایک ہنگامہ برپا کردیا اور کہا کہ اس کو پکڑو ۔ لکڑیاں جمع کر کے آگ لگائو اور ابراہیم (علیہ السلام) کو اس میں جھونک دو تا کہ آئندہ کسی کو ہمارے بتوں کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت و ہمت نہ ہو ۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے اس وقت فرمایا کہ تمہاری عقلوں کو کیا ہوگیا ہے کہ اللہ کی بنائی ہوئی چیزوں سے تم اپنے ہاتھوں سے اپنے معبود بناتے ہو اور پھر ان کے سامنے جھک جاتے ہو اور اپنی مرادیں پوری ہونے کی توقع رکھتے ہو حالانکہ یہ ساری قدرت اللہ کی ہے وہی سب کو دینے والا ہے۔ پھر پوری قوم نے اپنا مذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے لکڑیوں کا ڈھیر لگا دیا اور ان کو آگ لگا دی جب آگ خوب دھک اٹھی تو کسی طرح انہوں نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو اٹھا کر اس آگ کے درمیان میں پھینک دیا ۔ ادھر انہوں نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو آگ میں پھینکا ادھر اللہ تعالیٰ نے آگ کو حکم دیا کہ ” اے آگ ابراہیم پر سلامتی کے ساتھ ٹھنڈی ہوجا “ ۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) فرماتے ہیں کہ جب ان لوگوں نے مجھے آگ میں پھینکا تو وہ آگ میرے لئے ایک بہترین باغیچہ بن گئی اور مجھے ان سات دنوں میں جتنا آرام ، سکون اور دلی اطمینان نصیب ہوا اتنا زندگی میں کبھی حاصل نہ ہوسکا ۔ اس واقعہ کو اللہ تعالیٰ نے سورة الانعام ، سورة العنکبوت اور سورة الشعراء میں بھی بیان فرمایا ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ جس طرح حضرت نوح (علیہ السلام) نے پوری زندگی ایثار و قربانی کر کے دن رات دین اسلام کی سچائیوں کی جدوجہد کی اسی طرح حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے بھی ہر طرح کی کاوشیں کیں ۔ آگ سے خیر و عافیت سے نکل کر آپ نے عراق کو چھوڑ کر فلسطین کی طرف ہجرت فرمائی اور پھر پوری زندگی اس قورے علاقے کے چپے چپے پر یہاں تک کہ حجاز مقدس تک آپ نے سفر کئے اور دنیا بھر کو توحید خالص کی تعلیم دی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں بھی حضرت نوح (علیہ السلام) اور حضرت ابراہیم (علیہ السلام) اور نبی کریم ﷺ اور تمام انبیاء کرام (علیہ السلام) کے نقش قدم پر چلنے اور ساری دنیا میں اسی توحید کے پرچم کو بلند کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین ۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے بقیہ واقعہ اور قربانیوں کی تفصیلات اس کے بعد کی آیات میں بیان کی گئی ہیں ۔