Baseerat-e-Quran - An-Nisaa : 174
یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ قَدْ جَآءَكُمْ بُرْهَانٌ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ اَنْزَلْنَاۤ اِلَیْكُمْ نُوْرًا مُّبِیْنًا
يٰٓاَيُّھَا النَّاسُ : اے لوگو ! قَدْ جَآءَكُمْ : تمہارے پاس آچکی بُرْهَانٌ : روشن دلیل مِّنْ : سے رَّبِّكُمْ : تمہارا رب وَاَنْزَلْنَآ : اور ہم نے نازل کیا اِلَيْكُمْ : تمہاری طرف نُوْرًا : روشنی مُّبِيْنًا : واضح
اے لوگو ! تمہارے رب کی طرف سے تمہارے پاس ایک بڑی دلیل پہنچ چکی ہے اور ہم نے تمہاری طرف صاف اور صریح نوراتارا ہے
آیت نمبر 174-175 لغات القرآن : برھان، دلیل۔ نور مبین، کھلا نور۔ فضل، رحمت، کرم۔ تشریح : برہان قاطع یعنی وہ دلیل جو انتہائی واضح ہو۔ جو اپنے مخالف تمام بحثوں کو کاٹ کر رکھ دے۔ جسے مانے بغیر چارہ نہ رہے۔ یہ برہان خود رسول اللہ ﷺ کی ذات بابرکات ہے۔ آپ کی صورت و سیرت ، لگن و مگن ، اخلاق اور شیریں زبانی، آپ کی محنت اور مشقت، آپ کی ضان فشانی اور قربانی، آپ کی قیادت اور نظامت، آپ کی سیاست اور حکومت ، آپ کا صلح و جنگ ، آپ کی تبلیغ و تنظیم اور جہاد و قتال، آپ کی محبت اور معافی غرض جس پہلو سے بھی دیکھئے آپ کی ذات ایک معجزہ ہے۔ کیا اس دلیل کے بعد کسی دلیل کی ضرورت ہے ؟ خصوصاً جب کہ اس برہان کے ساتھ نور مبین بھی ہے یعنی قرآن کریم جو صحیح راستہ دکھانے والی روشنی ہے۔ اب جب کہ برہان یعنی پیغمبر بھی ہے اور نور مبین یعنی قرآن کریم بھی ہے، تو اے لوگو ! تم اللہ پر ایمان لاؤ اور اس کی راہ میں تن من دھن سے ڈٹ جاؤ۔ اللہ تمہیں اپنی رحمت اور بخشش خاص میں داخل کرے گا۔
Top