IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 40. Al-Ghaafir · Ayah 1

  1. حٰمٓۚ﴿1﴾

    1. حٰمٓحا۔ میم
Translation · Baseerat-e-Quran
ح ۔ م ( اللہ ہی ان حروف کی مراد کو جانتا ہے)
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 1 تا 3 :۔ عزیز ( زبردست ، سب پر غالب ، قوت والا) علیم (بہت کچھ جاننے والا ، سب کچھ جاننے والا) غافر الذنب (گناہوں کو بخشنے والا) قابل التوب (توبہ قبول کرنے والا) شدید العقاب (سخت سزا دینے والا) ذی الطول (بڑے فضل والا) المصیر ( ٹھکانہ) ۔

تشریح : آیت نمبر 1 تا 3 :۔ سورة المومن ان سات سورتوں میں سے ایک ہے جس کی ابتداء ” حم “ سے کی گئی ہے۔ ” حم “ حروف مقطعات میں سے ہے جس کے معنی اور مراد کا علم اللہ کو ہے۔

” حم “ سے شروع کی گئیں سات سورتوں کی بہت سی فضیلتیں بیان کی گئی ہیں کہ حضرت عبد اللہ ابن مسعود کا ارشاد ہے کہ ہر چیز کا ایک مغز ہوتا ہے اور قرآن کریم کا مغز حم والی سورتیں ہیں ۔ ان ہی کا قول ہے کہ حم والی سورتیں قرآن کی زینت ہیں۔

’ ’ حم “ اللہ کا اسم اعظم ہے۔ ( سدی)

” حم “ سے مراد یہ ہے کہ جو کچھ ہونے والا ہے اس کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

” حم “ والی سورتیں سات ہیں اور جہنم کے بھی سات دروازے ہیں ۔ گویا جو شخص ان کی تلاوت کرنے والا ہے اس لئے جہنم کے ہر دروازے پر یہ سورتیں رکاوٹ بن جائیں گی اور وہ جہنم سے محفوظ رہے گا ۔

اللہ تعالیٰ نے اس سورت کی ابتداء نزول قرآن سے فرمائی ہے۔ ارشاد ہے کہ اس قرآن کریم کو اس اللہ نے نازل کیا ہے جو زبردست ہے ، سب کچھ جاننے والا ہے ، گناہوں کو معاف کرنے والا اور توبہ قبول کرنے والا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ جب وہ کسی قوم یا افراد کی گرفت کرتا اور ان کو سزا دیتا ہے تو وہ بھی سخت ہوتی ہے کیونکہ وہ زبردست قوتوں کا مالک ہے۔

سورۃ المومن میں بیان کی گئیں چھ صفات وہ ہیں جو اس سورت میں آنے والے مضامین سے گہری مناسبت رکھتی ہیں۔ خلاصہ یہ ہے کہ اس قرآن کے پڑھنے والوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ جس قرآن کریم کی تلاوت کر رہے ہیں وہ اس اللہ کی طرف سے نازل کیا گیا ہے جو عظیم ہے جس کی زبردست قوت و طاقت ہے وہ جب معاف اور فضل و کرم کرنا چاہتا ہے تو کوئی اس کو روک نہیں سکتا اور اگر وہ کسی قوم یا فرد کی گرفت کرنا چاہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس سے چھڑا نہیں سکتی ، لہٰذا اسی کی عبادت و بندگی کی جائے اور اسی سے مانگا جائے ۔ وہی دینے والا ہے اور اسی سے ہر انصاف کی توقع کی جاسکتی ہے ۔ اسے سوا نہ کوئی اور معبود ہے اور نہ کسی سے انصاف کی امید کی جاسکتی ہے۔