IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 40. Al-Ghaafir · Ayah 28

  1. وَ قَالَ رَجُلٌ مُّؤْمِنٌ١ۖۗ مِّنْ اٰلِ فِرْعَوْنَ یَكْتُمُ اِیْمَانَهٗۤ اَتَقْتُلُوْنَ رَجُلًا اَنْ یَّقُوْلَ رَبِّیَ اللّٰهُ وَ قَدْ جَآءَكُمْ بِالْبَیِّنٰتِ مِنْ رَّبِّكُمْ١ؕ وَ اِنْ یَّكُ كَاذِبًا فَعَلَیْهِ كَذِبُهٗ١ۚ وَ اِنْ یَّكُ صَادِقًا یُّصِبْكُمْ بَعْضُ الَّذِیْ یَعِدُكُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ لَا یَهْدِیْ مَنْ هُوَ مُسْرِفٌ كَذَّابٌ﴿28﴾

    1. وَقَالَاور کہا
    2. رَجُلٌ مُّؤْمِنٌ ڰایک مرد مومن
    3. مِّنْسے
    4. اٰلِ فِرْعَوْنَفرعون کے لوگ
    5. يَكْتُمُوہ چھپائے ہوئے تھا
    6. اِيْمَانَهٗٓایمان
    7. اَتَقْتُلُوْنَکیا تم قتل کرتے ہو
    8. رَجُلًاایک آدمی
    9. اَنْ يَّقُوْلَکہ وہ کہتا ہے
    10. رَبِّيَ اللّٰهُمیرا رب اللہ
    11. وَقَدْ جَآءَكُمْاور تمہارے پاس آیا ہے
    12. بِالْبَيِّنٰتِکھلی نشانیوں کے ساتھ
    13. مِنْ رَّبِّكُمْ ۭتمہارے رب کی طرف سے
    14. وَاِنْ يَّكُاور اگر ہے
    15. كَاذِبًاجھوٹا
    16. فَعَلَيْهِتو اس پر
    17. كَذِبُهٗ ۚاس کا جھوٹ
    18. وَاِنْ يَّكُاور اگر ہے
    19. صَادِقًاسچا
    20. يُّصِبْكُمْتمہیں پہنچے گا
    21. بَعْضُکچھ
    22. الَّذِيْوہ جو
    23. يَعِدُكُمْ ۭتم سے وعدہ کرتا ہے
    24. اِنَّ اللّٰهَبیشک اللہ
    25. لَا يَهْدِيْہدایت نہیں دیتا
    26. مَنْجو
    27. هُوَہو
    28. مُسْرِفٌحد سے گزرنے والا
    29. كَذَّابٌجھوٹا
Translation · Baseerat-e-Quran
اور فرعون کی قوم میں سے ایک مرد مومن نے کہا جو اپنے ایمان کو چھپائے ہوئے تھا کہ کیا تم ایک ایسے شخص کو قتل کرنا چاہتے ہو جو یہ کہتا ہے کہ میرا رب اللہ ہے ، حالانکہ وہ تمہارے پاس تمہارے رب کی کھلی نشانیوں کے ساتھ آیا ہے۔ اگر وہ ( موسیٰ (علیہ السلام) جھوٹا ہے تو اس کے جھوٹ کا ( وبال) اس پر پڑے گا ۔ لیکن اگر وہ سچا ہے تو وہ جو تم سے وعدہ کر رہا ہے اس کا کچھ تمہیں ضرور پہنچے گا بیشک اللہ حد سے بڑھنے والوں اور جھوٹے لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن آیت نمبر 28 تا 29 : یکتم (وہ چھپاتا ہے) یصیب (وہ پہنچے گا) مسرف ( حد سے بڑھنے والا) کذاب (بہت جھوٹ بولنے والا) ظھرین (چھا جانے والے ، غائب ہونے والے) باس ( عذاب ، تکلیف) اری (میں دیکھتا ہوں) الرشاد (ہدایت ، رہنمائی)

تشریح : آیت نمبر 28 تا 29 :۔ یہاں ایک مرد مومن کا ذکر فرمایا گیا ہے جس کی مناسبت سے اس سورة کا نام المومن رکھا گیا ہے۔ وہ مرد مومن فرعون کے شاہی خاندان کے ایک فرد تھے۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ دربار کے کوئی اعلیٰ عہدیدار تھے بعض مفسرین نے لکھا ہے کہ وہ فرعون کے چچا زاد بھائی اور آل فرعون میں سے تھے۔

یہ مرد مومن جن کے تین نام نقل کئے گئے ہیں شمعان ، حزقیل اور جبر ۔ یہ مرد مومن جو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی دعوت اور معجزات کو دیکھ کر ایمان لا چکے تھے مگر فرعون کے ظلم و ستم اور کسی مصلحت سے اپنے ایمان کو چھپائے ہوئے تھے جب انہوں نے دیکھا کہ فرعون اور اس کے درباریوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے قتل کا فیصلہ کرلیا ہے تو وہ کھل کر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی حمایت پر آگئے۔ انہوں نے نہایت موثر اور حکیمانہ انداز سے بھرے دربار میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے قتل کی مذمت اور ان کی عظمت پر تقریر فرمائی اور کہا کہ تم کتنے ظالم لوگ ہو کہ ایک شخص کو تم صرف اس لئے قتل کرنا چاہتے ہو کہ وہ اللہ کو اپنا رب مانتا ہے۔ اس مرد مومن کی نبی کریم ﷺ نے بھی تعریف فرمائی ہے ۔ حضرت عبد اللہ ابن عباس ؓ فرماتے ہیں کہ آل فرعون میں سے تین لوگوں نے اسلام قبول کیا تھا (1) ایک تو یہ مرد مومن تھے (2) دوسرے فرعون کی بیوی حضرت آسیہ (3) اور تیسرا وہ شخص کہ جب حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے ہاتھ سے ایک قبطی غلطی سے مارا گیا تھا اور فرعون وقت نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے قتل کا فیصلہ کرلیا تھا تو وہ دوڑتے ہوئے آئے اور انہوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو صورت حال بتاتے ہوئے مصر سے چلے جانے کا مشورہ دیا تھا۔ بعض مفسرین نے پہلے اور تیسرے شخص کو ایک شمار کیا ہے۔ یعنی یہی شخصیات تھیں جنہوں نے فرعون کے ظلم سے بچنے کے لئے اپنے ایمان کو چھپا رکھا تھا۔

ایک مرتبہ حضرت علی مرتضیٰ ؓ نے اپنے آس پاس بیٹھے ہوئے لوگوں سے کہا کہ بتائو آدمیوں میں سب سے بہادر کون ہے ؟ لوگوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم ۔ آپ نے فرمایا کہ سب سے بہادر اور نڈر حضرت ابوبکر صدیق ؓ ہیں ۔ میں نے دیکھا ہے کہ ایک مرتبہ بنو قریش کے کچھ لوگوں نے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے آپ پر حملہ کردیا ۔ اللہ کی قسم ہم میں سے کسی کو حوصلہ نہ تھا کہ بنو قریش کے قریب بھی جاتے مگر حضرت ابوبکر صدیق ؓ قریش پر جھپٹے ۔ کسی کا گلہ پکڑتے ، کسی کے کاندھے ہلاتے اور فرماتے جاتے ” ویلکم اتقتلون رجلا ان یقول ربی اللہ “ تمہاری تباہی ہو کہ تم ایک شخص کو محض اس لئے مار ڈالنا چاہتے ہو کہ وہ اللہ کو اپنا رب کہتا ہے۔ پھر حضرت علی ؓ نے اپنے منہ پر چار ڈال لی اور رونا شروع کردیا یہاں تک کہ آنسوؤں سے آپ کی داڑھی مبارک تر ہوگئی۔ پھر فرمایا کہ میں تمہیں قسم دے کر کہتا ہوں کہ بتائو آل فرعون کا مرد مومن بہتر ہے یا ابوبکر صدیق ؓ ۔ سب خاموش رہے تب حضرت علی ؓ نے فرمایا کہ تم مجھے جواب نہیں دیتے۔ لیکن اللہ کی قسم آل فرعون کے مرد مومن کے مقابلے میں حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی ایک ایک ساعت بہتر ہے کیونکہ اس مرد مومن نے تو اپنا ایمان چھپایا ہوا تھا اور ابوبکر صدیق ؓ ایسے شخص تھے جنہوں نے اپنے ایمان کو سب کے سامنے ظاہر کر رکھا تھا۔

ایک حدیث میں نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ صدیقین چند ہیں (1) ایک حبیب نجار ہیں ( جن کا قصہ سورة یا سین میں آیا ہے) (2) دوسرے آل فرعون میں سے یہ مرد مومن (3) اور تیسرے ابوبکر صدیق ہیں جو ان سب سے افضل ہیں (قرطبی)

اس مرد مومن نے فرعون ، آل فرعون اور درباریوں کو مختلف طریقوں سے ایمان کی طرف دعوت دی جنہوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے قتل کا پختہ ارادہ کرلیا تھا۔

اس مرد مومن نے کہا کہ کیا تم ایسے شخص کو قتل کرنا چاہتے ہو جو یہ کہتا ہے کہ میرا پروردگار اللہ ہے ، حالانکہ وہ تمہارے پاس کھلے ہوئے معجزات اور نشانیاں لے کر آیا ہے۔ اگر وہ شخص ( نعوذ باللہ) جھوٹا ہے تو اس کے جھوٹ کا وبال خود اسی شخص پر پڑے گا ۔ لیکن اگر وہ سچا ہے تو پھر وہ جو کچھ کہہ رہا ہے تو کیا تم اس عذاب سے بچ سکو گے ؟ اللہ کا نظام ہے کہ جو لوگ حد سے آگے بڑھ جاتے ہیں یا جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں ان کو راہ ہدایت کبھی نصیب نہیں ہوتی ۔ اس مرد مومن نے کہا کہ میں اس بات کو تسلیم کرتا ہوں کہ آج تمہیں حکومت و سلطنت اور ہر طرح کی طاقتیں حاصل ہیں تم زمین پر غالب ہو لیکن اگر اللہ کا قہر اور عذاب ہم پر ٹوٹ پڑا تو ہمیں اس سے بچانے والا کون ہوگا ؟ اس وقت ہماری مدد کون کرے گا ؟

مرد مومن کی تقریر کا سلسلہ جاری تھا کہ فرعون نے لوگوں کو اس مرد مومن سے متاثر ہوتے دیکھا تو درمیان درمیان میں مداخلت کرتا رہا ۔ کہنے لگا لوگو ! میں تمہیں وہی بات بتا رہا ہوں جسے میں تمہارے حق میں بہتر سمجھتا ہوں اور میں تمہیں بھلائی کا راستہ دکھا رہا ہوں اس کی مراد یہ ہوگی کہ یہ مرد مومن جس بات کو کہہ رہا ہے اس میں تمہاری کوئی بھلائی اور خیر نہیں ہے اور جو راستہ میں تمہیں دکھا رہا ہو وہی تمہاری نجات کا ذریعہ ہے۔

اس کے بعد کی آیات میں اس مرد مومن کی باقی نصیحتوں کا ذکر فرمایا گیا ہے۔