بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 40. Al-Ghaafir · Ayah 7
اَلَّذِیْنَ یَحْمِلُوْنَ الْعَرْشَ وَ مَنْ حَوْلَهٗ یُسَبِّحُوْنَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ وَ یُؤْمِنُوْنَ بِهٖ وَ یَسْتَغْفِرُوْنَ لِلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا١ۚ رَبَّنَا وَسِعْتَ كُلَّ شَیْءٍ رَّحْمَةً وَّ عِلْمًا فَاغْفِرْ لِلَّذِیْنَ تَابُوْا وَ اتَّبَعُوْا سَبِیْلَكَ وَ قِهِمْ عَذَابَ الْجَحِیْمِ﴿7﴾
- اَلَّذِيْنَوہ جو (فرشتے)
- يَحْمِلُوْنَاٹھائے ہوئے ہیں
- الْعَرْشَعرش
- وَمَنْ حَوْلَهٗاور جو اسکے ارد گرد
- يُسَبِّحُوْنَوہ پاکیزگی بیان کرتے ہیں
- بِحَمْدِتعریف کے ساتھ
- رَبِّهِمْاپنے رب کی
- وَيُؤْمِنُوْنَاور ایمان لاتے ہیں
- بِهٖاس پر
- وَيَسْتَغْفِرُوْنَاور مغفرت مانگتے ہیں
- لِلَّذِيْنَان کے لئے جو
- اٰمَنُوْا ۚوہ ایمان لائے
- رَبَّنَااے ہمارے رب
- وَسِعْتَسمولیا ہے
- كُلَّ شَيْءٍہر شے
- رَّحْمَةًرحمت
- وَّعِلْمًااور علم
- فَاغْفِرْسو تو بخشدے
- لِلَّذِيْنَوہ لوگ جنہوں نے
- تَابُوْاتوبہ کی
- وَاتَّبَعُوْااور انہوں نے پیروی کی
- سَبِيْلَكَتیرا راستہ
- وَقِهِمْانہیں بچالے
- عَذَابَعذاب
- الْجَحِيْمِجہنم
لغات القرآن آیت نمبر 7 تا 9 :۔ یحملون (وہ اٹھاتے ہیں) وسعت (تو نے وسیع کیا ، تو نے پھلا دیا) ادخل (داخل کر دے) صلح (اس نے اصلاح کرلی ، درست کرلیا) الفوز (کامیابی)
تشریح : آیت نمبر 7 تا 9 :۔ جو لوگ حق و صداقت کا راستہ اختیار کر کے اس پر چلتے ہیں اور دوسروں کو بھی یہی روشنی دکھانے کی جدوجہد کرتے ہیں تو دنیا اور اس کے مفادات سے چمٹے ہوئے باطل پرست شدید مخالفت کر کے ان کو معاشرہ میں حقیر بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کا نظام یہ ہے کہ وہ حق و صداقت کے راستے پر چلنے والوں کو سر بلند فرماتا ہے۔ کائنات کی ساری قوتیں اور فرشتے ان کے لئے خیر خواہی کے جذبے سے دعائے رحمت و مغفرت کرتے رہتے ہیں ۔ جب نبی کریم ﷺ نے اعلان نبوت فرمایا تو کچھ لوگوں نے حق و صداقت کی آوازپر لبیک کہا اور وہ ابدی سعادت سے ہم کنار ہو کر صحابی رسول کہلائے نبی کریم ﷺ اور صحابہ کرام (علیہ السلام) کو کفار و مشرکین نے حق و صداقت کے راستے سے ہٹانے کے لئے مصائب اور ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیئے۔ ایک طویل عرصے تک کفار کے ظلم و ستم سے صحابہ کرام دل شکستہ تھے اللہ تعالیٰ نے ان کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ وہ اس سچائی پر ڈٹے رہیں اور حالات سے نہ گھبرائیں کیونکہ اللہ کے فرشتے اور خاص طور پر عرش الٰہی کو اٹھانے والے مقرب فرشتے بھی دن رات ان کے لئے دعائے رحمت و مغفرت کررہے ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ آخر کار اہل ایمان ہی کامیاب و با مراد ہو کر رہیں گے۔
عرش الٰہی کو اٹھانے والے چار فرشتے اور عرش کے ارد گرد جمع ہونے والے فرشتے جن کی تعداد کا علم اللہ ہی کو ہے وہ ہر وقت دل اور زبان سے اہل ایمان کے لئے دعائیں کرتے رہتے ہیں۔
احادیث و روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ عرش کو اٹھانے والے چار فرشتے ہیں جن کی تعداد تا قیامت میں آٹھ ہوجائے گی وہ ہر وقت اللہ کی تسبیح کرتے رہتے ہیں ۔ عرش الٰہی کا طواف کرتے ہوئے ’ ’ لا الہ الا اللہ “ کا ورد کرتے رہتے ہیں ان میں سے دو کی تسبیح یہ ہوتی ہے ” سبحانک اللھم وبحمدک لک الحمد علی حلمک بعد علمک “ دوسرے دو فرشتوں کی تسبیح یہ ہوتی ہے ” سبحانک اللھم وبحمدک علی عفوک بعد قدرتک “۔
اس حمد وثناء کے ساتھ وہ یہ دعا کرتے رہتے ہیں (1) الٰہی ! جن لوگوں نے دنیا میں آپ پر ایمان لا کر آپ کے احکامات کی پابندی کی ہے ، آپ ہی کی طرف جھک کر انہوں نے کفر و شرک سے توبہ کرلی ہے ان سے اگر کچھ غلطیاں یا لعزشیں ہوجائیں تو ان کو معاف کر دیجئے گا ۔ آپ کائنات کے ذرے ذرے کی کیفیت سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ کوئی چیز آپ کے علم اور رحمت سے باہر نہیں ہے آپ کی رحمت ہر چیز پر غالب ہے ، چھائی ہوئی ہے۔ کوئی آپ کے رحم و کرم سے محروم نہیں ہے ، آپ ان سب اہل ایمان کو جہنم کی آگ سے بچا لیجئے گا ( 2) الٰہی ! ان اہل ایمان کو ہمیشگی کی جنت اور ہرے بھرے باغوں میں داخل فرمایئے گا جس کا آپ نے ان سے وعدہ کیا ہے۔ اور ان کے وہ ماں باپ ، بیویاں اور اولاد جن میں جنت میں داخل ہونے کی صلاحیت ہے ان کو بھی ان کے ساتھ جنت میں داخل فرما لیجئے گا۔ بیشک آپ ہی قادر مطلق ہیں اور ہر بات کی حکمت سے واقف ہیں۔ (3) وہ یہ بھی دعا کرتے ہیں کہ الٰہی ! ان اہل ایمان کو آخرت کی ہر طرح کی تکلیفوں اور رسوائیوں سے بچا لیجئے گا ۔ اگر اس ہولناک دن میں آپ نے ان کو تکلیفوں اور مصیبتوں سے بچا لیا تو بیشک آپ کو ان پر بےانتہاء مہربانی ہوگی اور وہ ایک بہت بڑی کامیابی سے ہم کنار ہوجائیں گے۔