بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 45. Al-Jaathiya · Ayah 1
حٰمٓۚ﴿1﴾
- حٰمٓحا۔ میم
لغات القرآن آیت نمبر 1 تا 11 : یبت (وہ پھیلاتا ہے) تصریف ( الٹتا پلٹتا ہے) حدیث (بات) افاک ( جھوٹ بولنے والا) بصر (وہ ضد کرتا ہے ، اڑجاتا ہے) رجز ( سزا ، عذاب)
تشریح : آیت نمبر 1 تا 11 : سورة الجاثیہ مکہ مکرمہ میں ہجرت سے کچھ عرصے پہلے ہی نازل ہوئی ۔ مکی سورتوں کی طرح اس میں بھی انسان کے بنیادی عقیدوں کی اصلاح ، توحیدخالص ، نبوت و رسالت اور فکر آخرت کو مختلف انداز سے بیان کیا گیا ہے تا کہ ایمان ، یقین اور عقل و فہم رکھنے والے جو کائنات میں غور و فکر کرتے ہیں اور صاحب بصیرت ہیں وہ حقیقی کامیابی حاصل کرسکیں ۔ زمین و آسمان کا مرتب نظام ، چاند سورج کا باقاعدگی سے نکلنا ، انسان اور جان داروں کی پیدائش ، دن رات کا ایک دوسرے کے پیچھے آنا ، وقت پر بارشوں کا برسنا پھر ان بارشوں کے ذریعہ مردہ زمین میں سر سبزی و شادابی ، نکھار اور تر و تازگی کا ابھرنا ، انسان اور جان داروں کی غذاؤں کا پیدا ہونا یہ عقل و فہم رکھنے والوں کے لئے نشانیاں ہیں جو کائنات میں بکھیر دی گئی ہیں ۔ اتنی واضح اور کھلی ہوئی نشانیوں کے باوجود ان سچائیوں سے منہ موڑنا اور اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم رہنا سوائے بد نصیبی کے اور کیا ہے۔ اس کائنات میں ہر آن ایک انقلاب اور تبدیلی آتی رہتی ہے یہاں کسی چیز کو قرار نہیں ہے جو چیز آج ہے وہ کل نہیں رہے گی۔ یہ سب اللہ کی کھلی نشانیاں ہیں ۔ کیا ان نشانیوں کے بعد بھی ایمان و یقین نہ رکھنے والوں کو کسی اور نشانی کی ضرورت ہے ؟ یہ وہ سوال ہے جو اللہ تعالیٰ نے دنیا کے تمام جیتے جاگتے لوگوں سے کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس دنیا کا وقتی عیش و آرام ، مال و دولت ، بیوی بچے اور گھر بار سب کچھ یہیں رہ جائے گا ۔ آخرت میں انسان کے کام آنے والی چیزیں صرف انسان کے بہتر اور پسندیدہ اعمال ہیں ۔ اللہ نے اس طرف بھی متوجہ کیا ہے کہ انسان پر اللہ کے بیشمار احسانات ہیں جن پر اسے شکر ادا کرنا چاہیے یہی انسان کی کامیابی کا راز ہے۔ آخرت کی کامیابیاں صرف ان لوگوں کے لئے ہیں جو اللہ کی ذات وصفات کو مان کر اس کا شکر ادا کرتے اور اسی کی عبادت و بندگی کرتے ہیں ۔ اور قرآن کریم جو سراسر رحمت ہی رحمت ہے اس کی رہنمائی میں زندگی گزارتے ہیں ۔ وہی لوگ آخرت کی ابدی راحتوں کے مستحق ہیں لیکن جن لوگوں نے اللہ کی ہر نشانی اور رحمت سے آنکھیں بند کرکے اپنی پسندیدہ زندگی گزارنے کا اندازہ اختیار کر رکھا ہے کہ سخت گھاٹے اور نقصان میں رہیں گے اور آخرت کی ابدی زندگی کی ہر راحت سے محروم رہیں گے۔