بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 45. Al-Jaathiya · Ayah 16
وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ الْكِتٰبَ وَ الْحُكْمَ وَ النُّبُوَّةَ وَ رَزَقْنٰهُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِ وَ فَضَّلْنٰهُمْ عَلَى الْعٰلَمِیْنَۚ﴿16﴾
- وَلَقَدْ اٰتَيْنَااور البتہ تحقیق دی ہم نے
- بَنِيْٓ اِسْرَآءِيْلَبنی اسرائیل کو
- الْكِتٰبَکتاب
- وَالْحُكْمَاور حکومت
- وَالنُّبُوَّةَاور نبوت
- وَرَزَقْنٰهُمْاور رزق دیا ہم نے ان کو
- مِّنَسے
- الطَّيِّبٰتِپاکیزہ چیزوں میں (سے)
- وَفَضَّلْنٰهُمْاور فضیلت دی ہم نے ان کو
- عَلَي الْعٰلَمِيْنَتمام جہانوں پر
لغات القرآن آیت نمبر 16 تا 21 : شریعۃ (راستہ ، طریقہ) بصائر ( سمجھ کی باتیں) یوقنون (وہ یقین رکھتے ہیں) اجتر حوا ( انہوں نے کمایا)
تشریح : آیت نمبر 16 تا 21 : فرمایا کہ ہم نے بنی اسرائیل کو بیشمار نعمتوں سے نوازا تھا مگر انہوں نے آپس کی ضد بندی ، اختلافات اور نا شکری کا ایسا انداز اختیار کیا کہ انکی ساری عظمتوں کو چھین کر نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام کے حوالے کردیا گیا ۔ فرمایا کہ بنی اسرائیل کو توریت جیسی روشن ومنور کتاب ، سیکڑوں سال تک حکومت و اقتدار ، ہزاروں نبی اور رسول ، مال و دولت ، زندگی گزارنے کے بیشمار وسائل اور ذرائع اور بہترین طریقے سکھائے گئے تھے جن کے ذریعہ اگر وہ چاہتے تو اپنی دنیا اور آخرت سنوار لیتے ، خود بھی راہ حق پر چلتے اور دوسروں کو بھی اس سچائی کے راستے پر ڈال سکتے تھے لیکن مال و دولت اور دنیا کی محبت نے انہیں دنیا داری کے دھندوں میں پھنسا دیا تھا۔ علم و فہم رکھنے کے باوجود فرقہ پرستی ، ایک دوسرے سے آگے بڑھ جانے کی آرزو اور ضد بندی نے انہیں مختلف گروہوں میں تقسیم کردیا تھا جس سے انہوں نے اپنی دنیا اور آخرت دونوں کو اپنے ہاتھوں برباد کر ڈالا ۔ باہمی اختلافات کی وجہ سے اس وقت کی معلوم دنیا میں ہر طرف فساد اور ابتری کو پھلا دیا جس سے ہر شخص امن و سکون کی دولت سے محروم ہو کر رہ گیا ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ بیشک ان کے باہمی اختلافات کا فیصلہ تو قیامت کے دن کردیا جائے گا جو ان سے دور نہیں ہے لیکن اہل ایمان کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وہ آپس کے اختلافات کو ہوا نہ دیں کہ جس سے بھی گروہ بندیوں اور لڑائی جھگڑوں میں پھنس کر بنی اسرائیل جیسے انجام سے دو چار ہوجائیں ۔ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے فرمایا جا رہے کہ بنی اسرائیل تو دین کے سچے راستے کو بھول کر خواہشوں کے غلام ہوچکے ہیں ۔ ہم نے آپ کو ایک صاف شفاف دین اور آپ کی امت کو خیر امت بنا کر ساری انسانیت کی رہبری و رہنمائی کی ذمہ داری سپرد کردی ہے اب آپ کا اور آپ کی امت کا یہ فرض ہے کہ بھٹکی ہوئی انسانیت کو دین کے صاف شفاف راستے پر لے کر چلیں ۔ جو لوگ اس راستے کو اختیار کریں گے ان کو دنیا کی عظمتیں اور آخرت کی ابدی راحتیں عطاء کی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ وہ لوگ اپنی غلط فہمیوں کو دور کرلیں جن کا یہ خیال ہے کہ وہ جس طرح دنیا میں عیش و آرام کی زندگی گزار رہے ہیں اسی طرح وہ اپنی بد عملیوں اور نا فرمانیوں کے باوجود آخرت کی تمام نعمتوں میں بھی عیش کریں گے۔ فرمایا کہ اللہ کے عدل و انصاف کے قانون کے خلاف ہے کہ وہ اچھے اور برے ، فرماں بردار اور نافرمان ، نیک اور گناہ گار دونوں کے ساتھ یکساں اور ایک جیسا معاملہ فرمائیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نیک ، پرہیز گار اور فرماں برداروں کو جنت کی ابدی راحتیں عطاء فرمائیں گے اور جو لوگ بد کردار فاسق اور فاجر اور اللہ کے نافرمان ہیں ان کو جہنم کی ہمیشہ ہمیشہ کی زندگی میں ان پر عذاب مسلط فرمائیں گے۔ نبی کریم ﷺ کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اے نبی ﷺ ! ہم نے آپ کو دین کے بہترین راستے پر قائم کیا ہے۔ آپ اسی کی اتباع کیجئے۔ اور ان لوگوں کی کوئی بات نہ مانئے جو نادان ہیں کیونکہ وہ اللہ کے مقابلے میں آپ کے کسی کام نہ آسکیں گے ۔ فرمایا کہ ظالم آپس میں ایک دوسرے کے دوست ہیں لیکن اللہ ان کا دوست ہے جو تقویٰ کی زندگی اختیار کرتے ہیں ۔ فرمایا کہ یہ قرآن کریم ان لوگوں کے لئے روشنی و ہدایت اور رحمت ہے جو یقین کی دولت سے مالا مال ہے۔