بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 50. Qaaf · Ayah 1
قٓ١ۚ۫ وَ الْقُرْاٰنِ الْمَجِیْدِۚ﴿1﴾
- قٓقاف
- وَالْقُرْاٰنِقسم ہے قرآن کی
- الْمَجِيْدِمجید
لغات القرآن : آیت نمبر 1 تا 15 :
عجبوا (انہوں نے تعجب کیا) منذر (ڈرانے والا) متنا (ہم مر گئے) رجع بعید (یہ تو لوٹنا دور کا ہے) ‘ تنقص (گھٹاتی ہے) ‘ مریج (الجھا ہوا) ‘ فروج ( سوراخ) ‘ مددنا ہم نے پھیلا دیا) القینا (ہم نے ڈال دیا) رواسی (راسیۃ) بوجھ ‘ زوج بھیج (طرح طرح کی خشنمائی۔ خوبصورتی) ‘ تبصرۃ ( دکھانا۔ سمجھانا) ‘ منیب (پلٹنے والا۔ توجہ کرنے والا) ‘ الحصید (کٹا ہوا کھیت) النخل (کھجور کا درخت) ‘ بسقت (باسقۃ) لمبے لمبے ‘ طلع (خوشہ) نضید (ایک دوسرے سے ملا ہوا۔ گتھا ہوا) ‘ الرس (پرانا کنواں) الایکۃ (گھنا جنگل) ‘ تبع (پیچھے چلنے والا) حق (ثابت ہوا) وعید (میراڈراوا) ‘ لبس (شک) ‘۔
تشریح : آیت نمبر : 1 تا 15 :
سورئہ ق سے قرآن کریم کی ساتویں اور آخری منزل کا آغاز ہو رہا ہے۔ ق حروف مقطعات میں سے ہے جس کے معنی اور مراد کا علم اللہ کو ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کی عظمت کی قسم کھا کر فرمایا یہ وہ بلند رتبہ اور عظمت و جلال والی کتاب ہے جیسے ان تمام کتابوں پر عزت و شرف حاصل ہے جو اس سے پہلے نازل کی گئی ہیں۔ اس کتاب کا مقابلہ اور کوئی کتاب نہیں کرسکتی۔ اس کتاب میں اس بات کو نہایت واضح طریقے سے بیان کیا گیا ہے کہ اس دنیا میں انسان کا قیام عارضی ہے حقیقی زندگی کا آغاز آخرت سے ہوگا۔ دنیا میں وقتی زندگی گذارنے کے بعد ہر شخص کو ایک مقرر دن (قیامت کے دن) اللہ کی بار گاہ میں حاضر ہو کر اپنے تمام اعمال کا حساب دینا ہو گا پھر جزا اور سزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ان تمام باتوں کو اللہ کے پیغمبر آکر بتاتے ہیں تاکہ راستہ سے بھٹکے ہوئے انسان سیدھے راستے پر آجائیں جو انکی اطاعت و فرماں برداری کرتے ہیں وہ کامیاب ہوتے ہیں لیکن اللہ و رسول کے منکر جب گناہوں کی حدوں کو پار کر جاتے ہیں تو پھر ان کو عبرت ناک سزادی جاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کفار اس بات کو بڑی حیرت اور تعجب سے کہتے رہتے ہیں کہ یہ تمام باتیں بتانے والے پیغمبر ان ہی جیسے بشر ہیں۔ ان میں اور ہم میں فرق کیا ہے ؟ وہ کہتے ہیں کہ یہ تو بڑے ہی تعجب کی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں ہے وجہ یہ ہے کہ اگر اللہ کے پیغمبر ان ہی میں سے ان کی اصلاح کے لئے نہ بھیجے جائیں تو پھر وہ کون سی مخلوق ہوگی جو پیغمبر بنا کر بھیجی جائے گی۔ انبیاء کی بشریت کا انکار کفار کا مزاج رہا ہے جس کا مظاہرہ وہ کرتے رہتے ہیں۔ قرآن کریم میں صاف صاف فرمادیا گیا ہے کہ اگر اللہ فرشتے کو بھی پیغمبر بنا کر بھیجتا تو وہ بھی بشر ہی ہوتا۔
کفار اس بات میں بھی تعجب کرتے ہیں کہ جب وہ مر کر مٹی ہوجائیں گے ان کی ہڈیاں گل سڑ جائیں گی اور ان کے جسم کے سارے اجزا بکھر جائیں گے تو ان کے اجزاء کس طرح جمع کئے جاسکیں گے ؟ دنیا کے اربوں کھربوں انسانوں کے اجزا جمع ہو کر دوبارہ کس طرح انسانی شکل اختیار کرسکیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے ان دونوں باتوں کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ اس میں تعجب اور حیرت کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ اللہ کو معلوم ہے انسانی جسم کے اعضاء کو کس زمین نے کھایا ہے اور ان کے جسم کے کون کون سے اجزاباقی ہیں۔ اس کے علاوہ اس نے ان تمام باتوں کا پورا حساب ایک ایسی کتاب میں دج کررکھا ہے جو ہر طرح کی تبدیلی سے محفوظ ہے اور وہ کتاب خود اس کی حفاظت کرتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ درحقیقت یہ کفار کسی ایک بات پر جم کر سوچ ہی نہیں سکتے کبھی کچھ کہتے ہیں اور کبھی کچھ۔ یہ ہر چیز میں ڈانواڈول ہی رہتے ہیں۔ حالانکہ اگر وہ کائنات میں ظاہری انقلاب اور قوموں کے انجام پر ذرا بھی سنجیدگی سے غور کرلیں تو انہیں ان میں سے کسی بات پر نہ تو حیرت ہوگی اور نہ تعجب ہوگا۔ فرمیا کہ ذرا اپنے اوپر ایک بلند وبالا آسمان کو دیکھو اور اللہ نے اس کو کس طرح بنایا ہے نہ ستون ہے نہ سہارا اور آسمان اپنی عظمتوں کے ساتھ چھت کی طرح سے تان دیا گیا ہے جسے چاند ‘ سورج اور ستاروں کی چمک سے روشن ومنور کر رکھا ہے اس میں کہیں شگاف یا دراڑ نہیں ہے ۔ اپنے پاؤں تلے زمین کو دیکھیں کہ اللہ نے اسکو پھیلا کر اس میں کس طرح تو ازن برقرار رکھنے کے لئے بڑے بڑے پہاڑوں کا بوجھ رکھ دیا تاکہ وہ زمین انہیں لے کر ایک طرف کو نہ ڈھلک جائے۔ پھر زمین میں طرح طرح کے حسن و جمال اور خوبصورتیوں کو بکھیر دیا ہے۔ جب یہ زمین خشک اور مردہ سی ہوجاتی ہے تو بلندی سے پانی برسایا جاتا ہے جس سے مردہ سی زمین دوبارہ زندہ ہوجاتی ہے ہر طرف خوبصورت باغات ‘ لہلہاتے کھیت ‘ کھجوروں کے جھنڈ کے جھنڈ اس میں لگے ہوئے گابھے اور رزق کے مختلف سامان اسی پانی سے پیدا ہوتے چلے جاتے ہیں۔
فرمایا کہ ان تمام باتوں میں تعجب اور حیرت کی کوئی بات نہیں ہے ۔ اگر پانی کے چھینٹے سے زمین دوبارہ سرسبز و شاداب ہو کر ایک نئی زندگی حاصل کرسکتی ہے اور اللہ کے حکم سے پھل دینے لگتی ہے وہی اللہ جب سارے مردوں کو قبروں سے اٹھا کر ان کے اجزا کو جمع کر کے ان کی اپنی شکل و صورت پر دوبارہ اٹھا کھڑا کرے گا تو اس میں کسی حیرت کی بات نہیں ہے یہ تو اللہ کی قدرت و طاقت ہے وہ کائنات میں جس طرح چاہتا ہے تبدیلیاں کرتا ہے وہی انسانوں کو دوبارہ پیدا کرنے کی طاقت و قوت رکھتا ہے۔
فرمایا کہ یہ تو دنیاوی انقلابات ہیں۔ اگر دنیا بھر کی بڑی بڑی قوموں کے عبرت ناک انجام کو دیکھا جائے تو یہ بات لکل واضح ہو کر سامنے آجائے گی کہ اللہ کے سامنے دنیا کی طاقتوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ جب بھی اس کی زمین پر نافرمانی کی جات ہے تو اللہ کا قانون قدرت دنیا کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ چناچہ اللہ نے نافرمان قوموں کے متعلق فرمایا ہے کہ جب انہوں نے اللہ کی نافرمانی کی تو پھر ان کی ترقیات ‘ مال و دولت اور اونچی اونچی بلڈنگیں ان کے کام نہ آسکیں۔ حضرت نوح (علیہ السلام) اور حضرت شعیب (علیہ السلام) کی قومیں قوم ثمود اور قوم عاد ‘ فرعون اور لوط (علیہ السلام) کی قوم گھنے جنگل والے اور قوم تبع ان قوموں کی زندگیاں گواہ ہیں کہ اللہ نے ان قوموں کی اصلاح کے لئے اپنے پیغمبر بھیجے۔ جب انہوں نے اللہ اور اس کے رسولوں کی نافرمانی کی تو ان تباہ و برباد کر کے نشان عبرت بنادیا۔ اصحابہ الرس ‘ اصحاب ایکہ اور قوم تبع کون تھے ان کی تفصیل یہ ہے۔
{ اصحاب الرس }(کنویں والے) ۔ حضرت صالح (علیہ السلام) نے قوم ثمود کو ان کی نافرمانیوں سے روکا تو وہ ان کے مخالف ہوگئے اور اس قوم کی نافرمانیاں بڑھتی ہی چلی گئیں۔ آخر کار اس قوم پر عذاب کا فیصلہ آگیا اور وہ قوم تہس نہیس کردی گئی۔ حضرت صالح (علیہ السلام) پر ایمان لانے والے تقریباً چار ہزار آدمی تھے جنہیں اللہ نے اس عذاب سے بچا لیا اور حضر موت کے علاقے میں حضرت صالح اور ان کی قوم کے لوگ جا کر آباد ہوگئے۔ جس جگہ قیام کیا تھا وہاں ایک کنواں تھا۔ (الرس کنویں کو کہتے ہیں) ۔ فرمایا کہ اصحاب الرس (کنویں والے) شروع میں تو اللہ کے فرماں بردار رہے جب حضرت صالح (علیہ السلام) کا وصال ہوگیا تو آہستہ آہستہ اس قوم میں بت پرستی شروع ہوگئی۔ اسی کفرو شرک اور نافرمانی کی وجہ سے اس قوم پر عذاب نازل کیا گیا ۔ وہ کنواں جس پر ان کا دارو مدار تھا وہ کنواں خشک ہو کر ویران ہوگیا اور ان کی بنائی ہوئی اونچی اونچی بلڈنگیں تباہ برباد کردی گئیں۔
{ اصحاب الایکہ } الایکہ گھنے جنگل کو کہتے ہیں۔ یہ علاقہ بہت سرسبز و شاداب تھا اور گھنے باغات سے گھرا ہوا تھا۔ پانی بھی بڑی کثرت سے تھا۔ آج کل یہ علاقہ اردن کی سلطنت میں ہے۔ جب اس قوم کی نافرمانیاں بڑھ گئیں تو اللہ نے ان کی اصلاح کے لئے حضرت شعیب (علیہ السلام) کو بھیجا جب اس قوم نے ان کی مسلسل نافرمانیاں کیں اور اللہ و رسول کی باتیں ماننے سے انکار کردیا تو اس قوم پر اللہ کا عذاب آیا اور وہ قوم تباہ وبربادہو کر رہ گئی۔
{ قوم تبع } یمن کے بادشاہوں کو ” تبع “ کہا جاتا ہے جس طرح مصر کے بادشاہوں کا لقب فرعون تھا۔ قوم تبع کو اپنی خوش حالی پر بڑا ناز تھا۔ وہ کوئی صحیح بات سننے کو تیار نہ ہوتے تھے۔ جب اس قوم کی نافرمانیاں حد سے بڑھ گئیں تو اللہ نے اس قوم کو شدید عذاب کے ذریعہ تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔ ان کا مال اور دولت اور ان کی ترقیات ان کے کسی کام نہ آسکیں۔
اللہ تعالیٰ نے ان مذکورہ قوموں کا ذکر کرکے مکہ کے کفار و مشرکین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اللہ کے آخری نبی اور آخری رسول حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی نافرمانیاں نہ کریں ورنہ وہ بھی اللہ کے غضب کا شکار ہو سکتے ہیں کیونکہ اللہ کا دستور اور قانون ہر زمانہ میں یکساں رہا ہے۔ وہ نافرمانوں کو سزادیتا ہے اور فرماں برداروں کو دنیا اور آخرت کی ہر طرح کی کامیابیاں عطا کرتا ہے۔