IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 50. Qaaf · Ayah 16

  1. وَ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ وَ نَعْلَمُ مَا تُوَسْوِسُ بِهٖ نَفْسُهٗ١ۖۚ وَ نَحْنُ اَقْرَبُ اِلَیْهِ مِنْ حَبْلِ الْوَرِیْدِ﴿16﴾

    1. وَلَقَدْاور تحقیق
    2. خَلَقْنَاہم نے پیدا کیا
    3. الْاِنْسَانَانسان
    4. وَنَعْلَمُاور ہم جانتے ہیں
    5. مَا تُوَسْوِسُجو وسوسے گزرتے ہیں
    6. بِهٖاس کے
    7. نَفْسُهٗ ښاس کا جی
    8. وَنَحْنُاور ہم
    9. اَقْرَبُبہت قریب
    10. اِلَيْهِاس کے
    11. مِنْسے
    12. حَبْلِ الْوَرِيْدِرگِ گردن (جان)
Translation · Baseerat-e-Quran
بیشک ہم نے انسان کو پیدا کیا اور اس کے دل میں جو خیالات ابھرتے ہیں انہیں ہم خوب جانتے ہیں۔ ہم اس کی رنگ جان سے بھی زیادہ قریب ہیں۔
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 16 تا 29 :

توسوس (چپکے سے وسوسہ ڈالتا ہے) ‘ حبل الورید (شہہ رگ) ‘ قعید (بیٹھا ہوا) ‘ ما یلفظ ( کوئی لفظ نہیں نکلتا) ‘ رقیب (نگہبان۔ نگرانی کرنے والا) سکرۃ الموت (موت کی بےہوشی) ‘ تحید (کتراتا ہے) ‘ یوم الوعید ( ڈرنے کا دن) ‘ سائق (چلانے والا) ‘ غطائ (پردہ) ‘ حدید (بہت تیز) ‘ قرین (ساتھی) ‘ لدی (میرے پاس) القیا (تم دونوں ڈال دو ) ‘ عنید (ضدی) ‘ مناع ( روکنے والا) ‘ معتد (حد سے آگے بڑھ جانے والا) ‘ مریب (شک و شبہ ڈالنے والا) ‘ اطغیت (میں نے سرکشی کی) ‘ لاتختصموا (تم نہ جھگڑو) ۔

تشریح : آیت نمبر 16 تا 29 :

ان آیات میں موت اور قیامت کے ہولناک دن کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا گیا ہے کہ جو کفار دنیا میں غرورو تکبر کا پیکر بنے ہوئے تھے اور وہ نبیوں کی بات بھی نہ مانتے تھے ان کو اپنے کرتوتوں کی سزا اور اگر کسی نے بہترین اعمال کئے ہوں گے تو ان کو ان کے تصور سے زیادہ انعامات سے نوازا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم نے انسان کو صرف پیدا ہی نہیں کیا بلکہ اس کے دل میں پیدا ہونے والے ہر خیال سے اچھی طرح واقف ہیں۔ رگ جان جس پر انسانی زندگی کا دار و مدار ہے وہ اس سے اتنی قریب نہیں ہے جتنا ہم اس سے قریب ہیں۔ اس کی اندرونی کیفیات کو معلوم کرنے کے لئے ہمیں کہیں جانے اور کسی ذریعہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کے دل و دماغ میں جو بھی خیالات آتے ہیں یا وہ عمل کرتا ہے وہ ہماری نظر میں ہے۔ فرمایا کہ ہم نے اس کے دائیں اور بائیں ایسے فرشتے مقرر کئے ہوئے ہیں جو اس کے منہ سے نکلے ہوئے ہر لفظ اور اس کے کئے ہوئے ہر کام سے واقف ہیں اور وہ اس کو برابر لکھتے چلے جارہے ہیں۔ جب اس پر اس موت کی بےہوشی اور غشی طاری ہوجائے گی جس موت سے وہ بھاگتا اور موت کے نام سے بد کتا تھا وہ اس کو آکر رہے گی۔ اس سے بچنا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ موت کا وہ دروازہ ہے جس سے سب کو گذرنا پڑتا ہے۔ اس کے بعد اس کو اللہ کی بار گاہ میں حاضر ہو کر اپنی زندگی کے ایک ایک لمحے کا حساب دینا ہوا۔ اسی طرح وہ جس قیامت کا یقین نہیں کرتا تھا وہ بھی آکر رہے گی۔ جیسے ہی اللہ کے حکم سے صور میں پھونک ماری جائے گی اور قیامت قائم ہوجائے گی تو وہی دونوں فرشتے جو اس کے دائیں بائیں اس کے اعمال لکھ رہے تھے ان میں سے ایک تو اس کا فر کو ہانکتا ہوا جہنم کی طرف لے جائے گا اور دوسرا فرشتہ اس کے تمام اعمال کا ریکارڈ لئے ہوئے اس کے ساتھ ساتھ ہوگا۔ فرشتے کہیں گے کہ دنیا میں تیری آنکھوں پر غفلت کے پردے پڑے ہوئے تھے اور تو دیکھ کر بھی اور سن کر بھی اس کا یقین نہیں کرتا تھا آج غفلت کے سارے پردے تیری آنکھوں سے ہٹا دیئے گئے ہیں اور آج تیری نظریں ہر چیز کو صاف صاف دیکھ رہی ہیں۔ جو فرشتہ اس کے ساتھ رہتا تھا وہ اس کا نامہ اعمال سامنے رکھ کر کہے گا کہ یہ ہیں تیرے وہ اعمال اور کرتوت جنہیں تو دنیا میں کیا کرتا تھا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ ان جیسے تمام نافرمانوں کو جہنم میں جھونک دینے کا حکم دیں گے جو (1) حق آنے کے باوجود اس کا انکار کیا کرتے تھے۔ (2) اللہ کی ناشکری جن کا شیوہ بن چکا تھا۔ (3) وہ ہر بھلائی کے راستے سے دوسروں کو روکتے تھے۔ (4) غرور وتکبر کا پیکر بنے ہوئے تھے۔ (5) حد سے نکل جانے والے تھے) ۔ (6) ہر چیز میں شکو شبہ پیدا کرتے تھے۔ (7) ایک اللہ کو چھوڑ کر دوسروں کو اس کا شریک ٹھہراتے تھے۔ حکم ہوگا کہ آج ان کو جہنم میں جھونک دو ۔

اللہ تعالیٰ شیطان سیفرمائیں گے کہ کیا تو نے ان کو بہکایا تھا۔ وہ کہے گا کہ الہیٰ ! میں نیان کو گمراہ نہیں کیا تھا بلکہ وہ تو خود ہی گمراہی کو اپنے گلے میں ڈالے پھرتے تھے۔ ادھر کفار شیطان پر الزام لگاتے ہوئے کہیں گے کہ ہمیں اس نے بہکایا تھا اس کو پوری پوری سزادی جائے اور ہمیں معاف کردیا جائے۔

جب ان دونوں میں جھگڑا بڑھ جائے گا تو اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ اب آپس میں جھگڑنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔ میں نے تو اپنے پیغمبروں کے ذریعہ تمہیں پہلے ہی آگاہ اور خبردار کردیا تھا اور تمہیں اپنے فیصلے سے مطلع بھی کردیا تھا۔ وہ میرا فیصلہ اٹل اور ناقابل تبدیل ہے۔ ہم کسی پر کوئی ظلم و زیادتی نہیں کیا کرتے۔