بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 50. Qaaf · Ayah 30
یَوْمَ نَقُوْلُ لِجَهَنَّمَ هَلِ امْتَلَاْتِ وَ تَقُوْلُ هَلْ مِنْ مَّزِیْدٍ﴿30﴾
- يَوْمَجس دن
- نَقُوْلُہم کہیں گے
- لِجَهَنَّمَجہنم سے
- هَلِکیا
- امْتَلَاْتِکیا تو بھر گئی
- وَتَقُوْلُاور وہ کہے گی
- هَلْکیا
- مِنْ مَّزِيْدٍکچھ مزید ہے
لغات القرآن : آیت نمبر 30 تا 35 :
ھل امتلات (کیا تو بھر گئی) ازلفت (قریب لائی گئی) ‘ اواب (جھکنے والا) ‘ الخلود (ہمیشہ رہنے والا) ۔
تشریح : آیت نمبر 30 تا 35 :
جب میدان حشر میں ہر شخص کے اعمال کے مطابق فیصلہ کردیا جائے گا۔ جنتی جنت میں اور دوزخی دوزخ میں پہنچ جائیں گے تو جہنم میں داخل ہونے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہوگی کہ جہنم پکار اٹھے گی کہ کیا ابھی اور اللہ کے نافرمان ہیں جنہیں جہنم میں داخل کیا جائے گا ؟ مفسرین نے اس کے معنی یہ بھی کئے ہیں کہ اللہ تعالیٰ خود ہی جہنم سے سوال فرمائیں گے کہ کیا اب بھی جہنم میں اور جگہ موجود ہے ؟ کیا اس کے علاوہ اور بھی جہنم والے ہیں۔ دونوں کا مطلب ایک ہی ہے کہ دوزخیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کو دوزخ میں داخل کیا جائے گا پھر اس جہنم کو بند کر کے اوپر سے ڈھانپ دیا جائے گا۔
اسکے برخلاف وہ لوگ جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ و رسول کی اطاعت میں گذاری ہوگی ان کو ایسی جنت میں داخل کیا جائے گا جہاں ہر طرف راحتیں ہی راحتیں ہوں گی اور کسی طرح کا کوئی رنج و غم نہ ہوگا۔ تقویٰ اور پرہیز گاری کی زندگی گذارنیوالوں کے لئے جنت کو سنوار اجائے گا اور رفشتے اس میں ان کا پر جوش استقبال کریں گے۔ وہ جنت میں جیسی بھی خواہش کریں گے وہ ان کو اسی وقت بغیر کسی رکاوٹ کے عطا کردی جائے گی۔ اہل جنت کو سب سے بڑی نعمت ” دیدار الہی “ نصیب ہوگا۔ اور دیدار بھی اس شان کے ساتھ کہ درمیان سے ہر پردے کو ہٹا کر بےحجابانہ زیارت نصیب ہوگی۔ بعض روایات کے مطابق ہر جمعہ کو اللہ تعالیٰ کی ایسی زیارت نصیب ہوگی کہ دیدار الٰہی کے انوارات میں ہر شخص گم ہو کر رہے جائے گا۔ کفار و مشرکین اور اللہ کے نافرمانوں کو جہنم تک پہنچنے میں ایسا لگے گا جیسے کسی پہاڑ پر چڑھ رہے ہیں لیکن اہل جنت کے لئے جنت کو اتنا قریب کردیا جائے گا کہ جنت میں پہنچنے کی مسافت اور فاصلہ کا احساس تک نہ ہوگا اور وہ پورے احترام کے ساتھ جنت میں داخل کئے جائیں گے۔ یوں تو اہل جنت کی بہت سی خصوصیات ہوں گی اس جگہ خاص طور پر چار صفات کا ذکر کیا گیا ہے ۔ اواب ‘ حفیظ ‘ خشی الرحمن اور قلب منیب۔
1۔ اواب : ہر اس شخص کو کہتے ہیں جو شیطانی وسوسوں کے باوجود محض اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے اپنی ہر خواہش کو چھوڑ کر ہر اس بات کو اختیار کرتا ہے جس میں اللہ و رسول کی اطاعت کا پہلو نمایاں ہوتا ہے۔ دن رات اپنے گناہوں پر شرمندگی کا احساس کرتے ہوئے توبہ و استغفار کرتارہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے شخص کے تمام گناہوں کو معاف فرمادیتا ہے اور اس کو جنت کا مستحق بنادیتا ہے۔
2۔ حفیظ : جو کسی حال میں اپنے صغیرہ کبیرہ گناہوں کی تلافی کے لئے مخلصانہ کوششوں سے غافل نہ رہتا ہو۔
3۔ خشی الرحمن : جو ہر وقت اس احساس کو زندہ رکھتا ہو کہ اللہ بڑا رحیم وکریم ہے وہی اپنے بندوں پر بےانتہا رحمتیں نازل کرتا ہے لیکن اس تصور سے کا نپتا اور ڈرتا رہتا ہو کہ کہیں وہ اللہ کے قہر کا شکار نہ ہوجائے۔
4۔ قلب منیب : ایس دل جس میں اپنے نفسانی جذبوں کو چھوڑ نے اور نہایت عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ و رسول کے ادب و احترام کا بےپایاں خیال غالب رہے۔ صحیح عقیدہ اور اللہ کی طرف رجوع رہنے والا دل ہو۔ ایسا دل جس میں نیکیوں کی محبت اور گناہوں سے نفرت اور توبہ و استغفار جس کا شعار ہو۔ ایسا دل جو ہر طرف سے کٹ کر محض اللہ کی رضا و خوشنودی کا طالب ہو۔
اہل جنت کی یہ چار صفات ہیں جو ان کو جنت کا مستحق ثابت کردیں گی اور ان پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتیں نازل ہوں گی۔
اللہ تعالیٰ ہمارے اندر بھی ان صفات کو پیداکر کے ہمیں جہنم سے نجات اور جنت کا مستحق بنادے ۔ آمین