IntroSurah Introduction

بصیرتِ قرآن

Baseerat-e-Quran · 50. Qaaf · Ayah 36

  1. وَ كَمْ اَهْلَكْنَا قَبْلَهُمْ مِّنْ قَرْنٍ هُمْ اَشَدُّ مِنْهُمْ بَطْشًا فَنَقَّبُوْا فِی الْبِلَادِ١ؕ هَلْ مِنْ مَّحِیْصٍ﴿36﴾

    1. وَكَمْاور کتنی
    2. اَهْلَكْنَاہلاک کیں ہم نے
    3. قَبْلَهُمْان سے قبل
    4. مِّنْ قَرْنٍامتیں
    5. هُمْ اَشَدُّوہ زیادہ سخت
    6. مِنْهُمْان سے
    7. بَطْشًاپکڑ میں
    8. فَنَقَّبُوْاپس کریدنے (گشت کرنے) لگے
    9. فِي الْبِلَادِ ۭشہروں میں
    10. هَلْکیا
    11. مِنْسے (کہیں)
    12. مَّحِيْصٍبھاگنے کی جگہ
Translation · Baseerat-e-Quran
اور ہم (ان کفار مکہ سے پہلے) بہت سی (نافرمان) قوموں کو تباہ کرچکے ہیں جو ان سے زیادہ طاقت و قوت والی تھیں۔ پھر وہ شہروں میں (فریاد کرتے) پھرے کہ ان کے لئے کوئی پناہ کی جگہ ہے ؟
Tafseer · Baseerat-e-Quran

لغات القرآن : آیت نمبر 36 تا 40 :

نقبوا (وہ بھاگے دوڑے) محیص ( پناہ کی جگہ) ‘ ستۃ ایام (چھ دن) مامسنا ( ہم کو نہیں چھوا) ‘ لغوب (تھکاوٹ۔ تھکن) ‘ ادبار ( پیچھے۔ بعد میں) ۔

تشریح : آیت نمبر 36 تا 40 :

اعلان نبوت کے بعد وہی لوگ جو نبی کریم ﷺ کو بہت چاہتے تھے اس طرح آپ کے دشمن بن گئے کہ آپ کا اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام کا مکہ میں رہنا دشوار ہوگیا اور ان مکہ کی سرزمین کو تنگ کردیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابہ کرام ؓ کو تسلی دیتے ہوئے قوموں کے ابھرنے ‘ عروج و ترقی تک پہنچنے اور نافرمانیوں کی وجہ سہ مٹ جانے کے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ حق و صداقت کے راستے پر چلنے والوں کو پورے عزم و یقین کے ساتھ صبر کرتے رہنا چاہیے کیونکہ سچائی کے اس کلمے کو بلند کرنے میں لوگوں کی بےحسی ‘ بد اخلاقی کو برداشت کر کے کڑوے گھونٹ پینا ہی پڑتے ہیں۔ اگر اتنا کچھ سمجھا نے کے باوجود قوم اپنی بداعمالیوں کا راستہ نہیں چھوڑتی تو پھر وہ قہر الہی کی زد میں آجاتی ہے۔ فرمایا کہ یہ مکہ کے لوگ جس طاقت و قوت پر ناز کررہے ہیں ان سے پہلے گذری ہوئی قومیں ان سے بہت زیادہ طاقت و قوت اور دنیا کے وسائل رکھتی تھیں لیکن جب انہوں نے نافرمانیوں کی انتہا کردی تب ان پر اللہ کا فیصلہ آگیا اور پھر انہیں دنیا کے کسی کونے میں بھی پناہ نصیب نہ ہوئی۔ فرمایا کہ یہ تاریخ انسانی کے سچے واقعات ہیں جن سے عرب کے لوگ اچھی طرح واقف ہیں۔ وہ ان ظالم قوموں کے کھنڈرات کے پاس سے گذرتے رہتے ہیں لیکن عبرت حاصل نہیں کرتے اور اپنے انجام پر غور نہیں کرتے۔ فرمایا کہ انسانی تاریخ کے ان واقعات سے وہی لوگ عبرت و نصیحت حاصل کرتے ہیں جن میں سوچنے اور سمجھنے کی اہلیت و صلاحیت زندہ ہوتی ہے لیکن جو لوگ بےحس ہوچکے ہوں اور وہ کسی بات کو سوچنے کی زحمت ہی نہیں کرتے اور غلط عقیدوں کے جال میں پھنسے ہوئے ہیں وہ بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہودیوں کا یہ عقیدہ ہے کہ اللہ نے اس زمین و آسمان یعنی کائنات کو چھ دنوں میں پیدا کیا اور ساتویں دن تھکن کی وجہ سے اس نے آرام کیا (نعوذ باللہ) ۔ فرمایا کہ بیشک اللہ نے اس کائنات کو چھ دنوں میں بنایا لیکن ساتویں دن اس نے آرام نہیں کیا ۔ وہ تھک کر نہیں بیٹھ گیا کیونکہ وہ لوگوں کی طرح ہاتھ پیر سے محنت نہیں کرتا کہ کچھ کام کرکے تھک جائے بلکہ جس کام کو وہ کرنا چاہتا ہے اس کے لئے کہتا ہے ” کن “ ہوجا اور وہ چیز اسی وقت وجود اختیار کرلیتی ہے۔ اب اس نے کائنات کو بتدریج بنایا ہے یہ اس کی مصلحت ہے لیکن تھک جانا یہ تو انسانی عادت ہے جس کا اللہ تعالیٰ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ فرمایا کہ آپ ان کفار یہودیوں اور نصاری کی اذیتوں پر صبر کیجئے۔ تحمل اور برداشت سے کام لیجئے ‘ صبح و شام اور رات کے اندھیروں میں اور دن کی روشنی میں اللہ کی حمد وثنا کیجئے۔ دین اسلام کے مخالف جو اسلام کو مٹانا چاہتے ہیں یہ خود ہی مٹ کر رہ جائیں گے۔ آپ اور آپ کے صحابہ ؓ اس کلمہ حق کو بلند کرتے رہیں ان کفار سے اللہ خود نبٹ لے گا۔

اللہ تعالیٰ کے ارشادات کا خلاصہ یہ ہے کہ

مکہ کے کفار جن نافرمانیوں اور رسول دشمنی میں لگے ہوئے ہیں انہیں یادرکھنا چاہیے کہ ان سے پہلے وہ زبردست قوت اور طاقت رکھنے والی قومیں گذری ہیں جنہیں اللہ کے پیغمبروں نے ہر طریقے پر سمجھایا اور کفر و شرک سے بازرکھنے کی تلقین کی لیکن وہ اپنی بد مستیوں میں اللہ کے پیغمبروں کی باتوں کو ٹکھراتے رہے۔ آخر کار ان پر اللہ کا فیصلہ آگیا اور انہوں نے شہر شہر گھومنے اور پناہ کی جگہ تلاش کرنے میں اپنی ساری صلاحیتوں کو لگا دیا لیکن ان کو کسی جگہ بھی پناہ نصیب نہ ہوسکی۔ ان تمام واقعات سے اہل عرب اچھی طرح واقف تھے ان کے تباہ کئے گئے کھنڈرات سے اکثر گذرتے تھے مگر سب کچھ دیکھ کر بھی وہ عبرت و نصیحت حاصل نہیں کرتے تھے اور اپنے بدترین انجام سے غافل تھے۔ فرمایا بات یہ ہے کہ ان کے پاس وہ نگاہیں نہیں ہیں جو انپے انجام کو دیکھ سکیں وہ عقل وفکر نہیں جس سے وہ سوچ سکیں۔ جن کے پاس نگاہیں اور دل ہوتے ہیں وہی عبرت و نصیحت حاصل کرتے ہیں۔

نبی کریم ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا گیا کہ کفار و مشرکین ‘ یہودو نصاری جو بھی بکواس کرتے ہیں آپ اس کی پرواہ نہ کیجئے بلکہ صبر و تحمل اور برداشت سے اللہ کے کلمے کو بلند کرنے کی جدوجہد کرتے رہیے اور صبح و شام سورج نکلنے سے پہلے ‘ سورج ڈوبنے سے پہلے ‘ کچھ رات کے اندھیروں میں اور کچھ سجدوں سے فارغ ہوکر اللہ کی حمد وثنا کیجئے۔ کسی کی پرواہ نہ کیجئے۔ اللہ آپ پر اپنی رحمتیں نازل کرتا رہے گا اور دشمنان اسلام ہی گذشتہ قوموں کی طرح بےنام ونشان ہو کر رہ جائیں گے کیونکہ اللہ کا یہی دستور ہے۔