بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 54. Al-Qamar · Ayah 43
اَكُفَّارُكُمْ خَیْرٌ مِّنْ اُولٰٓئِكُمْ اَمْ لَكُمْ بَرَآءَةٌ فِی الزُّبُرِۚ﴿43﴾
- اَكُفَّارُكُمْکیا کفار تمہارے
- خَيْرٌبہتر ہیں
- مِّنْ اُولٰٓئِكُمْان لوگوں سے
- اَمْ لَكُمْ بَرَآءَةٌیا تمہارے لیے کوئی معافی ہے
- فِي الزُّبُرِصحیفوں میں
لغات القرآن آیت نمبر 43 تا 55
برآءۃ معافی ہے۔
الزبر کتابیں، صحیفے۔ منتصر غالب رہنے والا۔ سیھزم بہت جلد وہ شکست کھائے گا۔ ادھی زیادہ مصیبت والا۔ سعر پاگل پن۔ یسبحون وہ گھسیٹیں گے۔ سقر جہنم کی آگ کلمح بالبصر جیسے آنکھ کی آگ کلمح بالبصر جیسے آنکھ کا جھپکنا اشیاع ساتھی۔ مستطر لکھا گیا۔ مقعد بیٹھنے کی جگہ، ٹھکانا
تشریح : آیت نمبر 43 تا 55
اللہ تعالیٰ نے دنیا کی چار ایسی طاقت ور اور دنیاوی وسائل سے بھرپور قوموں قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط اور قوم فرعون کا ذکر کرنے کے بعد مکہ کے رہنے والے کفار و مشرکین سے فرمایا ہے کہ اتنی طاقت ور قوموں کا بدترین انجام اور ان کے کھنڈرات پکار پکار کر کہہ رہے ہیں کہ اللہ کے نظام قدرت کے سامنے دنیا کی کسی طاقت کی ماجال نہیں ہے کہ اس کا فیصلہ آنے کے بعد ایک لمحے بھی اپنا وجود برقرار کھ سکے۔ فرمایا کہ ان طاقت ور قوموں کے سامنے تمہاری معمولی سرداریوں اور مال و دولت کی کیا حیثیت ہے ؟ بتائو طاقت و قوت کے لحاظ سے وہ بہتر تھے یا تم ہو ؟ تم اپنی شرارتوں اور کفر و شرک کے باوجود اتنے مطمئن بیٹھے ہو اور اللہ کے رسول حضرت محمد ﷺ کی نبوت و رسالت کا انکار کر رہے ہو کیا تمہارے پاس تمہاری کتابوں میں کوئی ایسا معافی نامہ لکھا ہوا موجود ہے کہ ہر ایک پر عذاب آئے گا اور تمہاری نافرمانیوں کے باوجود تم پر اللہ کا وہ عذاب نہیں آئے گا جو گذری ہوئی قوموں پر آیا تھا۔ فرمایا کہ شاید تمہاری یہ غلط فہمی ہے کہ تمہاری جماعت ، جتھا اور گروہ بہت مضبوط ہے اور تمہیں کوئی شکست نہیں دے سکتا تو یاد رکھو بہت جلد تمہارا یہ جتھا زبردست شکست سے دوچار ہوگا اور تم پیٹھ پھیر کر بھاگتے نظر آئو گے۔ جب اللہ کی طرف سے یہ آیت نازل ہوئی تو حضرت عمر فاروق فرماتے ہیں کہ میں حیران تھا کہ آخر یہ کون سی جماعت اور جتھا ہوگا جو شکست کھائے گا۔ مگر غزوہ بدر کے موقع پر جب کفار مکہ شکست کھا کر بھاگ رہے تھے اس وقت میں نے دیکھا کہ رسول اللہ ﷺ زرہ پہنے ہوئے اگٓے کی طرف جھپٹ رہے ہیں اور آپ کی زبان مبارک پر یہ الفاظ تھے ” سیھزم الجمع و یولون الدبر “ حضرت عمر فاروق فرماتے ہیں کہ تب میں سمجھا کہ یہ تھی کفار کی وہ شکست جس کی پہلے سے خبر دیدی گئی تھی۔ فرمایا کہ یہ تو کفار مکہ کے کفر و شرک کی وہ سزا ہے جو غزوہ بدر اور غزوہ احزاب میں دی گئی اصل سزا تو قیامت کے دن دی جائے گی جب ان کافروں کو اوندھے منہ جہنم کی طرف گھسیٹتے ہوئے کہا جائے گا کہ لو اب اس عذاب کا مزہ چکھو جس کا تم انکار کیا کرتے تھے۔
قیامت کے دن کا انکار کرنے والوں نے سے فرمایا ہے کہ اس دنیا میں ہم نے ایک قانون اور ضابطہ بنا رکھا ہے جو ” تقدیر الٰہی “ ہے۔ اس دنیا میں ہر چیز پیدا ہوتی ہے بڑھتی، گھٹتی اور آخر کار ختم ہوجاتی ہے۔ یہی تقدیر الٰہی اس دنیا کے ساتھ بھی مقرر ہے کہ یہ دنیا چلتی رہے گی لیکن وہ وقت دور نہیں ہے جب اس دنیا کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا تو یہ دنیا ختم ہوجائے گی کیوں کہ جب وہ کسی بات کا فیصلہ کرلیتا ہے تو اس کے ہونے کا حکم دیتا ہے اور جتنی دیر میں پلک جھپکتی ہے اس سے بھی پہلے وہ چیز واقع ہوجاتی ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ کیا تم نے نہیں دیکھا کہ جب قوم عاد، قوم ثمود، قوم لوط اور قوم فرعون اور دوسری نافرمان قوموں کو تباہ و برباد کردینے کا فیصلہ کیا گیا تو اللہ کے ایک حکم سے پلک جھپکتے ان قوموں اور ان کی طاقتوں کو تباہ برباد کردیا گیا۔ فرمایا کہ ان تاریخی واقعات سے اور قرآن کریم کی آیات سے اگر کوئی نصیحت حاصل کر کے اپنی اصلاح کرلیتا ہے تو یہ اس کی خوش نصیبی ہے ورنہ ہر وہ کام جو انہوں نے دنیا میں کئے ہیں جن کا پورا پورا ریکارڈ اللہ کے پاس محفوظ ہے خواہ وہ بات چھٹوی تھی یا بڑی ہر چیز لکھی لکھائی محفوظ ہے اس کے مطابق اس قیامت کے دن سزا یا جزا دی جائے گی۔
آخر میں فرمایا کہ وہ لوگ جنہوں نے تقویٰ اور پرہیز گاری کی زندگی گذاری ہوگی وہ قیامت کے دن جنت کے خوبصورت باغوں اور بہتے ہئوے حسین چشموں کے درمیان عیش و آرام سے ہوں گے۔ انہیں عزت کا مقام عطا کیا جائے گا اور ان کو ایک ایسے بادشاہ (یعنی اللہ) کا قرب نصیب ہوگا جو بڑی قدرت و طاقت والا ہے۔
واخر دعانا ان الحمد للہ رب العالمین