بصیرتِ قرآن
Baseerat-e-Quran · 54. Al-Qamar · Ayah 9
كَذَّبَتْ قَبْلَهُمْ قَوْمُ نُوْحٍ فَكَذَّبُوْا عَبْدَنَا وَ قَالُوْا مَجْنُوْنٌ وَّ ازْدُجِرَ﴿9﴾
- كَذَّبَتْجھٹلایا
- قَبْلَهُمْان سے پہلے
- قَوْمُ نُوْحٍقوم نوح نے
- فَكَذَّبُوْا عَبْدَنَاتو انہوں نے جھٹلایا ہمارے بندے کو
- وَقَالُوْااور انہوں نے کہا
- مَجْنُوْنٌمجنون ہے
- وَّازْدُجِرَاور ڈانٹا گیا۔ خوب دھمکی دیا گیا
لغات القرآن آیت نمبر 9 تا 17
اذدجر جھڑک دیا گیا۔ مغلوب بےبس کردیا گیا۔ انتصر تو بدلہ لے۔ منھمر زور سے گرنے ولا۔ فجرنا ہم نے پھاڑ دیئے۔ ذات الواح تختوں والی۔ دسر (دسار) میخیں ، کیلیں۔ مدکر دھیان دینے والا۔ یسرنا ہم نے آسان کردیا۔
تشریح : آیت نمبر 9 تا 17
اللہ تعالیٰ ان بہت سے واقعات کی طرف متوجہ فرما رہے ہیں جو عبرت و نصیحت کا ذریعہ ہیں۔ ان میں سب سے پہلے حضرت نوح کے واقعہ کو بیان کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ساڑھے نو سو سال تک اپنی قوم کے ایک ایک فرد کو سمجھایا اور تبلیغ دین کی جدوجہد فرمائی مگر ان کی قوم کے وہ عیش پسند کفار و مشرکین جو اپنی جھٹوی عظمتوں میں گم تھے انہوں نے ان کی عظمت کا اعتراف کرنے کے بجائے ان کو دیوانہ کہا۔ ان کو یہ دھمکی بھی دی کہ اگر انہوں نے تبلیغ دین کی باتوں کو نہ چھوڑا تو وہ ان کو پتھر مار مار کر ہلاک کردیں گے ۔ جہاں موقع ہوتا وہ حضرت نوح پر حملہ کر کے ان کو شدید اذیتیں پہنچاتے۔ آخر کار اللہ نے حضرت نوح کو ایک ایسی بڑی کشتی بنانے کا حکم دیا جس میں ان پر ایمان لانے والے اور زمین کے جانور سما سکیں۔ حضرت نوح نے تختے اور لکڑیوں کو کیلوں سے جوڑ کر اللہ کی نگرانی میں ایک بہت بڑی کشتی بنائی جو موجودہ دور کے جہازوں سے کم نہ تھی۔ جب حضرت نوح کشتی بنا رہے تھے تو کفار نے ان کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کو دیوانہ کہنا شروع کیا اور کہا کہ کیا خشکی پر بھی کشتیاں چلیں گی ؟ حضرت نوح کشتی بناتے جا رہے تھے اور قوم کے مذاق اڑانے سے بےپرواہ ہو کر قوم کو سمجھاتے بھی جارہے تھے مگر وہ قوم حضرت نوح کی قدر کرنے کے بجائے مسلسل ان کی نافرمانی کے ساتھ ساتھ ان کو ذلیل کرتی جا رہی تھی۔ ایک دن حضرت نوح نے اللہ کی بارگاہ میں عرض کردیا الٰہی ! میں نے دن اور رات نرمی ، سختی اور ہر طرح کی جدوجہد سے اس قوم کو سمجھانے کی کوشش کی مگر انہوں نے میری کوئی بات نہ مانی اب آپ اس قوم کے لئے سخت سے سخت فیصلہ فرما دیجیے کیونکہ اس قوم کے بڑے اور چھوٹے اطاعت اور فرما برداری کی سعادت سے محروم ہوچکے ہیں۔ میں مغلوب ہوچکا ہوں میری مدد فرمائیے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح کی فریاد سن کر حکم دیا کہ جتنے اہل ایمان ہیں وہ اور خشکی کے جانور ہیں ان کا ایک ایک جوڑا اپنی کشتی میں سوار کر لیجیے جب وہ سوار ہوگئے تو زبردست سیلابی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تنور اور چشمے اہل بڑے ۔ ایسا لگتا تھا کہ زمین و آسمان کی بارشوں سے پوری زمین سمندر بن چکی ہے وہ پانی بڑی تیزی سے بڑھا۔ کشتی نوح پانی پر چلنا شروع ہوگئی۔ پانی اس قدر تیزی سے بڑھ رہا تھا کہ اونچے پہاڑوں کی چوٹیوں پر پناہ لینے والے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح جیسی مخلص ہستی کا مذاق اڑانے والوں اور اذیتیں دینے والوں سے زبردست انتقام لیکر اس پروری قوم کو تہس نہس کر کے رکھ دیا اور اہل ایمان کو بچا لیا گیا۔ سچ ہے اللہ کے نیک بندوں کو ستانے والے اللہ کے انتقام سے نہیں بچ سکتے یہ وہ عبرت و نصیحت کی باتیں ہیں کہ اگر ان واقعات کو دیکھ کر بھی لوگ عبرت حاصل نہ کریں تو پھر کن باتوں سے سبق سیکھیں گے ؟ اللہ نے فرمایا کہ ہم نے اس قرآن اور اس میں بیان کئے گئے واقعات کو سمجھنا آسان کردیا ہے پھر بھی اگر کوئی نہیں سمجھتا تو اتنی بات اس کی سمجھ میں آ جانی چاہئے کہ جب اللہ کا عذاب آتا ہے تو اس سے بچنا ممکن نہیں ہوتا۔